کہتے ہیں کسی بادشاہ نے خواب دیکھا کہ اْس کے سارے دانت ٹوٹ کر گر پڑے ہیں بادشاہ نے خوابوں کی تعبیر و تفسیر بتانے والے ایک عالم کو بلوا کر اْسے اپنا خواب سْنایا۔مفسر نے خواب سْن کر بادشاہ سے پوچھا؛ بادشاہ سلامت، کیا آپکو یقین ہے کہ آپ نے یہی خواب دیکھا ہے؟بادشاہ نے جواب دیا؛ ہاں، میں نے یہی خواب دیکھا ہے۔مفسر نے لا حول ولا قوۃ الا باللہ پڑھا اور بادشاہ سے کہا؛ بادشاہ سلامت، اسکی تعبیر یہ بنتی ہے کہ آپکے سارے گھر والے آپ کے سامنے مریں گے۔بادشاہ کا چہرہ غیض و غضب کی شدت سے لال ہو گیا۔ دربانوں کو حکم دیا کہ اس مفسر کو فی الفور جیل میں ڈال دیں اور کسی دوسرے مفسر کا بندوبست کریں۔دوسرے مفسر نے آ کر بادشاہ کا خواب سْنا اور کْچھ ویسا ہی جواب دیا اور بادشاہ نے اْسے بھی جیل میں ڈلوا دیا۔تیسرے مفسر کو بلوایا گیا، بادشاہ نے اْسے اپنا خواب سْنا کر تعبیر جاننا چاہی۔ مفسر نے بادشاہ سے پوچھا؛ بادشاہ سلامت، کیا آپکو یقین ہے کہ آپ نے یہی خواب دیکھا ہے؟بادشاہ نے کہا؛ ہاں مْجھے یقین ہے میں نے یہی خواب دیکھا ہے۔مفسر نے کہا؛ بادشاہ سلامت تو پھر آپکو مْبار ک ہو۔ بادشاہ نے حیرت کے ساتھ پوچھا؛ کس بات کی مبارک؟مفسر نے جواب دیا؛ بادشاہ سلامت، اس خواب کی تعبیر یہ بنتی ہے کہ آپ ماشاء اللہ اپنے گھر والوں میں سے سب سے لمبی عمر پائیں گے۔بادشاہ نے مزید تعجب کے ساتھ مفسر سے پوچھا؛ کیا تمہیں یقین ہے کہ اس خواب کی یہی تعبیر ہی بنتی ہے؟مفسر نے جواب دیا؛ جی بادشاہ سلامت، اس خواب کی بالکل یہی تعبیر بنتی ہے۔بادشاہ نے خوش ہو کر مفسر کو انعام و اکرام دے کر رخصت کیا۔سبحان اللہ، کیا اس بات کا یہی مطلب نہیں بنتا کہ اگر بادشاہ اپنے گھر والوں میں سے سب سے لمبی عمر پائے گا تو اْسکے سارے گھر والے اْس کے سامنے ہی وفات پائیں گے؟
جی مطلب تو یہی ہی بنتا ہے مگر بات بات میں فرق ہے۔