ہر چیز میں ہے خدا کی حکمت
ہر شے سے عیاں ہے اس کی قدرت
اک بیج کو خاک میں دبا کر
دیکھو کئی دن کے بعد آ کر
پھوٹی ہوئی ہو گی اس میں کونپل
کب بیج میں تھی یہ بات اول
کونپل جس دم نکل چکے گی
پھر پھوٹے گی شاخ اور جھکے گی
شاخوں میں لگیں گی پتیاں سی
نازک سی ، ذرا سی ، ناتواں سی
ہو جائیں گے پھول اس سے پیدا
پھر پھول سے ہوں گے پھل ہویدا
دنیا کا ہے جتنا کارخانا
دیکھے اسے غور سے جو دانا
ہر چیز میں ہے خدا کی حکمت
ہر شے سے عیاں ہے اس کی قدرت