اُردُو کا دامَن تنگ کہنے والوں پر ہنسی آتی ہے۔ حالانکہ ذرا دھیان دیں تو بُہُت سی مِثالیں ایسی مِل جائیں گی جو ایسی بات کہنے والوں کی نفی کرتی ہیں۔ مثلاً:
1 - رِشتوں کیلِئے اُردُو میں الفاظ کی جو نیرنگی پائی جاتی ہے وُہ انگریزی بی بی میں عنقا ہے جیسے انگریزی میں الفاظ Uncle اور Aunt بہ طورِ '' اَمرَت دھارا '' اِستعمال ہوتے ہیں۔ جبکہ اُردُو میں باپ کے اُس بھائی کو جو عُمر میں باپ سے بڑا ہو، '' تایا ''، اور جو عُمر میں باپ سے چھوٹا ہو، وُہ '' چچا ''، ماں کا بھائی '' مامُوں ''، ماں کا بہنوئی '' خالُو ''، باپ کا بہنوئی '' پُھوپھا ''۔ اِسی طرح تایا کی اہلیہ '' تائی '' چچا کی اہلیہ '' چچی ''، مامُوں کی اہلیہ '' مُمانی'' باپ کی بہن '' پُھوپھی ''، ماں کی بہن '' خالہ۔
2 - پِھر Sister کیلِئے
'' بہن ''، '' ہمشیرہ ''، '' بہنا ''، '' باجی ''، '' آپا ''، '' آپی ''، '' بجیا ''، '' بَجّو ''، '' گُڈُّو ''، گُڈّی ''، '' گُڑیا '' وغیرہ مُستعمِل ہیں۔
3 - اور Brother کیلِئے اُردُو میں:
بھائی، بَھیّا، بھائی جان، بَرادَر، لالہ جیسے الفاظ ہیں۔
4 - انگریزی لفظ Daughter کیلِئے،
'' بیٹی ''، '' بِٹِیا ''، '' بِٹّو ''، '' گُڑیا ''، '' لاڈو ''، '' بِٹِیا رانی ''، '' صاحبزادی ''، '' دُختَر '' وغیرہ ہیں۔
5 - انگریزی لفظSon کے اُردُو مُتَرادِفات:
'' بیٹا ''، '' برخُوردار ''، '' پُوت ''، '' لمڈا ''، '' لَؤنڈا ''، '' صاحبزادہ ''، نُور چَشمی ''، '' پِسر ''، '' فَرزَند '' نُورِ نَظَر ''، چَشم و چَراغِ۔۔۔ مَوجُود ہیں۔
6 - اِسکے عِلاوہ Brother in law اور Sister in law سے کئی جگہ کام چلایا جاتا ہے۔ جیسے Brother in law کو بہنوئی، ہم زُلف، برادَرِ نِسبَتی، سالا کا مُتَرادِف مانا جاتا ہے، اور Sister in law کو سالی، خواہرِ نِسبَتی، بھابی ''، کیلِئے اِستعمال کرتے ہیں۔
7 - انگریزی الفاظ Smile اور Laughter کے اُردُو مُتَرادِف دیکھیں تو، '' مُسکانا، مُسکُرانا، تَبَسُّم فرمانا، ہنسنا، کِھلکِھلانا، اور قہقَہے لگانا کے علاوہ چہرے پر دَھَنَک رنگ بِکَھرنا، ہنستے ہنستے پیٹ میں بل پڑ جانا، کھسیانی ہنسی ہنسنا، جیسے رنگا رنگ اِظہارِئے ملتے ہیں جن میں سے ہر لفظ کا اَلَگ ہی ذائقہ ہے۔
8 - پِھر ہاتھی کا بَچّہ '' ہَتھنوٹا / پاٹھا ''، شیر کا بَچّہ، '' شِبلی '' (شِبلی عربیُ الاصل ہے)، انگریزی میں دونوں کیلِئے ایک ہی لفظ cub سے کام چلایا جاتا ہے۔ پِھر بکری کا بَچّہ '' میمنا '' اور ہِرَن کا بَچّہ '' ہِرنوٹا '' کیلِئے انگریزی میں ایک ہی لفظ kid ہے۔ عُقاب کا بَچّہ '' قاز ''، تذکیر و تانیث دیکھیں: '' بِلّا ''، '' بِلّی ''، '' بکرا ''، '' بکری ''، '' گدھا ''، '' گدھی ''، '' ہاتھی ''، '' ہتھنی ''، '' ناگ ''، '' ناگن '' سانپ ''، '' سنپولِا '' جِنکے لِئے انگریزی میں کم ہی الفاظ ہیں۔
9 - '' حُور ''، '' غیرَت ''، پہلی اولاد '' پہلوٹی ''، یا آخری اولاد '' کُھرچَن ''، '' گُھٹّی ''، '' دھمال ''، کیلِئے انگریزی کی پوٹلی میں الفاظ ہیں ہی نہیں۔ بھلا غیرَت یا حُور کا کوئی کیا ترجُمہ کرے گا اور کیا کھا کر کرے گا؟
10 - کِسی کے ساتھ تَعَلُّق کے مُختَلِف مدارِج ہیں اور ہر ایک کیلِئے اُردُو میں الفاظ موجُود ہیں۔ مثلاً: '' واجبی شناسائی ''، '' جانکاری ''، '' واقِفِیَّت ''، '' اُنس ''، '' لوبھ ''، '' لگاؤ ''، '' پیار ''، '' پریم ''، '' پرِیت ''، '' پِیت ''، '' مَحَبَّت ''، '' عِشق ''، مُؤدَّت ''، '' فنا فی المحبُوب ''، '' قَدر ''، '' عقیدَت '' '' احترام کا رِشتہ '' وغیرہ وغیرہ۔ جِنکے مُتبادِل میں انگریزی میں Love، affection, fondness، acquaintance ہی ہیں۔
11 - انگریزی لفظ eye کیلِئے
'' آنکھ ''، '' چشم '' دیدہ ''، '' نین ''، '' نَیَن ''، '' نَیَنوا '' اَنکھیَن ''، '' اَنکھیَن ''۔ '' اَنکھڑی ''، '' اَنکھڑِیوں ''، '' اَنکھڑِیاں ''
12 - انگریزی لفظ lover کیلِئے،
'' محبُوب ''، '' ماھی ''، '' مِیت ''، '' مِتوا ''، '' پی ''، '' پِیا ''، '' سانوَل ''، ڈھولا ''، ڈھولَن ''، '' ڈھولنا ''، '' سانوَرِیا ''، '' سانورے ''، سَنوَرِیا ''، '' ساجَن ''، '' ساجنا ''، '' سجنا ''، '' مِتَّر ''، '' رانجھن ''، '' مَجنُوں ''، '' عاشِق ''، '' سودائی ''، '' دیوانہ ''، '' بالَم ''، '' بَلَم ''، '' بَلَما '' وغیرہ۔
13 - انگریزی الفاظ father, dad, daddy کیلِئے اُردُو،'' والِد ''، '' والِدِ مُحتَرَم ''، '' والِدِ بُزُرگوار ''، '' اَبّا جان ''، اَبّا جی ''، '' اَبّا ''، '' بابا '' بابا جان ''، بابا جانی ''، '' اَبُّو '' جیسے الفاظ سے مالا مال ہے۔
14 - انگریزی الفاظfriend اور confidant کیلِئے،'' دوست ''، '' مِیت ''، '' مِتوا ''، '' سجن ''، '' جِگَر ''، ''جِگری یار ''، '' یار ''، '' یار جانی ''، '' رازدار ''، '' یارِ غار ''، '' بَڈُّو '' جیسے رنگا رنگ الفاظ موجُود ہیں۔
15 - ایک دِلچَسپ بات یہ کہ موٹر سائیکل پر دو سوار بیٹھے ہوں تو اِسے عوامی زبان میں ڈَبَل سواری کہا جاتا ہے۔ انگریزی میں اِسے pillion riding کہتے ہیں۔ لیکِن فارسی میں گھوڑے پر بیٹھنے والے دو سواروں میں سے اگلے کو، '' قافِیہ ''، اور پیچھے بیٹھنے والے کو، '' رَدیف '' کہا جاتا ہے۔ اور یہ دو الفاظ اُردُو کے ذخیرہِ الفاظ میں شامِل ہیں اَگَرچہ آج کل کے حضرات اُردُو سے کم واقِفِیَّت کی بِنا پر کم جانتے ہیں۔ اور اِتنی فَصاحَت انگریزی میں نہیں۔
16 - اِسکے عِلاوہ انگریزی الفاظ girl, lace, damsel، virgin کے اُردُو مُتَرادِفات دیکھیں:
'' لڑکی ''، '' دوشیزہ ''، '' ناکتخدا ''، '' باکرہ ''، '' چھوکری ''، '' چھوری ''، '' لونڈِیا ''، '' پُھل جَھڑی '' غیرہ ہیں۔
17 - اَنگریزی لَفظ Tears کے لِیے،
آنسُو، اشک، نیر، آبِ چشم، ٹَسوے، موتی۔
18- اَنگریزی اَلفاظ Family / House کے لِیے،گَھرانہ، کُنبہ، خاندان، ٹَبَّر، پَروار، پریوار، اہلِ خانہ۔
19 - انگریزی الفاظ garden / Orchard کے لِیے باغ، باغیچہ، بَگِیا، گُلشَن، گُلزار، گُلِستان، گُلِستاں، چَمَن، چَمَنِستاں، چَمَنِستان، مُرغزار، لالہ زار