معلومات
ملی میٹر بارش کا کیا مطلب ہے ؟
رفاقت علی رانجھا
آپ نے اکثر سنا ہوگا کہ فلاں جگہ پر اتنے ملی میٹر بارش ہوئی ہے جس سے پچھلے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔ اب اس ملی میٹر سے کیا مراد ہے اور اس سے سادہ ترین لفظوں میں کیسے پتہ چلتا ہے کہ بارش کتنی ہوئی ہے۔
بارش کو ماپنے کے لیے ایک ٹیوب نما سلنڈر رکھا جاتا ہے جس کے اوپر ملی میٹر کے نشانات لگے ہوتے ہیں۔ اس کو رین گیج یا مقیاس المطر کہا جاتا ہے اس سادہ سے آلے کو کسی ایسی مناسب اونچی جگہ پر نصب کر دیا جاتا ہے جہاں پر بارش کے راستے میں درخت یا دیواریں یا کوئی اور رکاوٹ حائل نہ ہو۔ اب جب بارش ہوتی ہے تو پانی اس سلنڈر کے اندر اکٹھا ہوتا رہتا ہے اور جب بارش ختم ہوتی ہے تو اس سلنڈر کے اوپر موجود ملی میٹر کے نشانوں سے پتہ چل جاتا ہے کہ یہ بارش کتنے ملی میٹر ہوئی ہے۔
اب ایک ملی میٹر بارش کا مطلب کیا ہے؟ اس کا سادہ سا مطلب ایک مربع میٹر میں ایک لیٹر پانی برسا ہے۔ اگر کہیں دس ملی میٹر بارش ہوئی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کے صحن یا چھت میں فی مربع میٹر 10 لیٹر پانی برسا ہے۔ جتنے ملی میٹر بارش اتنے لیٹر فی مربع میٹر بارش۔ مثلاًآج چکوال میں 470 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس کا مطلب ایک مربع میٹر میں 470 لیٹر پانی برسا۔ اگر آپ کے گھر میں ایسا ٹب یا ٹینکی ہے جو ایک ایک میٹر یعنی 3.28 فٹ لمبی اور چوڑی ہے تو اس ٹینکی میں 470 لیٹر پانی برس کر اکٹھا ہوا ہو گا۔
۔ مزید حیرانی کیلئے تصور کریں کہ آپ کا صحن 10 فٹ چوڑا اور دس فٹ لمبا ہے تو 470 ملی میٹر کے حساب سے آپ کے اس صحن میں 4364 لیٹر پانی برسا ہے۔ آگے مجموعی طور پر اندازہ لگا لیں کہ چکوال میں مجموعی طور پر کتنا پانی برسا ہو گا اوراس سےکتنی تباہی ہوئی ہو گی۔اور ہاں یہ بھی کہ ایک چارپائی جتنی جگہ میں تقریباً 851 لیٹر بارش ہوئی ہو گی۔