چاراندرونی ریاستیں

مصنف : ماہنامہ صراط مستقيم

سلسلہ : اصلاح و دعوت

شمارہ : جولائی 2024

اصلاح ودعوت

*چاراندرونی ریاستیں*

ماہنامہ صراط مستقيم

*ایک صحت مند کامیاب اور شان دار زندگی آپ کی منتظر ہے*

*ایک صحت مند ، شان دار اورکارکردگی سے بھرپور زندگی گزارنے کے لیے ایک شخص کو اپنی اندرونی چار ریاستوں پر محنت کرنی پڑتی ہے۔*

*دنیا میں جتنے بھی کامیاب لوگ گزرے ہیں انھوں نے اپنی ان چار ریاستوں’’مائنڈ سیٹ، ہارٹ سیٹ، ہیلتھ سیٹ، سول سیٹ‘‘ پر محنت کی ہے اور اسی وجہ سے وہ دوسرے انسانوں سے ممتاز اور ارفع بن گئے تھے۔یہ چارریاستیں انسان کی پوری زندگی کااحاطہ کرتی ہیں اور اگر کوئی شخص انھیں بہترین بنالے تو نہ صرف اس کی جسمانی بلکہ روحانی اور جذباتی زندگی بھی شان دار ہوجاتی ہے۔*

⏰*مائنڈ سیٹ*

*’’مائنڈ سیٹ‘‘کا تعلق آپ کے نظریات، آپ کی سوچ اور آپ کے ایقان سے ہے۔آپ جس قدر پُرامید ہوتے ہیں اسی قدر آپ کی زندگی میں ترقی کے مواقع زیادہ آتے ہیں۔آپ کی سوچ جس قدر بلند ہوتی ہے، اتنا ہی آپ کے اندر تحمل ،برداشت اور حوصلہ آجاتاہے اورآپ نامساعد حالات اور پیچیدہ لوگوں کو بھی برداشت کرناسیکھ جاتے ہیں۔ جس طرح آپ کے ایقان ہوتے ہیں انھی کے مطابق زندگی میں حالات واقع ہوتے ہیں۔مائنڈ سیٹ ہی آپ کا رویہ تشکیل دیتاہے اور اس رویے کے مطابق آپ کی عادات بنتی ہیں جو آ پ کی کامیابی میں اہم کردار اداکرتی ہیں۔**سب سے پہلے آپ کو اپنے مائنڈ سیٹ پر کام کرنا چاہیے۔اپنے لیے ایک وژن بنائیں ، ایک ایسا وژن جس میں دوسرے انسانوں کے لیے خیر کا پیغام ہو۔جب آپ کا وژن بلند اورخیرخواہانہ ہوگاتو اس کی بدولت آپ کے خیالات و تصورات بھی بلند ہوناشرو ع ہوجائیں گے اورآپ منفیت کاشکار نہیں ہوں گے۔**لیکن ٹھہریے ! صرف ’’مائنڈ سیٹ‘‘ کی بدولت آپ کامیابی حاصل نہیں کرسکتے ، یہ آپ کی کامیابی میں صرف 25فی صد کردارادا کرتاہے۔*

⏰*ہارٹ سیٹ*

*دوسرے نمبر پر ’’ہارٹ سیٹ‘‘ہے۔یہ آپ کے جذبات ہیں۔پیار ،غصہ ، محبت ،نفرت، غم اور سرور،یہ تمام ایسے احساسات ہیں جو ہر انسان میں پائے جاتے ہیں۔یہ ایسے عوامل ہیں جو کسی انسان کی زندگی کو خوشیوں سے بھرسکتے ہیں لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ یہ عوامل انسان کی زندگی کو جہنم بھی بناسکتے ہیں۔**آپ زندگی میں کتنے ہی کامیاب انسان کیوں نہ ہوں، لیکن اگر آپ عدم تحفظ کا شکار ہیں ،بے چینی کی وجہ سے آپ راتوں کو سو نہیں پاتے ، ماضی کی یادیں آپ کو ہر وقت پچھتاوے کے کٹہرے میں لاکھڑاکردیتی ہیں اور مستقبل کے اندیشے پھن پھیلائے آپ کے ذہن کو ڈستے رہتے ہیں تو یقین کیجیے آپ خود کوبرباد کررہے ہیں۔**واضح رہے کہ آپ جس قدر اپنے جذبات پر کنٹرول رکھ سکیں گے، اس قدر آپ میں لیڈرشپ کی صلاحیت پروان چڑھے گی ۔آپ انتقام کے بجائے درگزر اورمعافی سے کام لیں گے اوراس کی بدولت ہر دل عزیز انسان بن جائیں گے۔*

♦️*ہیلتھ سیٹ*♦️

*تیسرے نمبر پر’’ہیلتھ سیٹ‘‘ ہے ۔یہ انسان کی صحت ہے۔اس نعمت کی قدر تب آتی ہے جب یہ ہاتھ سے نکل جاتی ہے۔یادرکھیں کہ اگر آپ بیمارہیں تونہ خود کو بدل سکتے ہیں اور نہ باقی دنیا کو ۔ انسان کو اللہ نے توانائی کی ایک زبردست نعمت دی ہے۔**عقل مند کہتے ہیں کہ توانائی ، ذہانت سے بڑی نعمت ہے اور جب انسان بیمار ہوتاہے تو اس کی توانائی ختم ہوناشروع ہوتی ہے۔ایک لمحے کے لیے سوچیں کہ اگر آپ کے اندر توانائی کی حرارت نہ ہو تو پھر آ پ اپنے اہداف کو کیسے پاسکتے ہیں۔’’ہیلتھ سیٹ‘‘ کو بہتر کرنے کے لیے آپ کو کم سے کم خوراک لینی چاہیے ۔ورزش باقاعدگی کے ساتھ کریں ،زیادہ سے زیادہ پانی پئیں۔ اپنی صحت پر کوئی سمجھوتانہ کريں ورنہ آپ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار نہیں کرسکیں گے اور زندگی میں کوئی بھی نمایاں مقام حاصل نہیں کرپائیں گے۔*

🩸*سول سیٹ*

*چوتھے نمبر پر ’’سول سیٹ‘‘ ہے ۔یہ آپ کا اپنے رب سے تعلق ، فطرت سے قربت، انسانوں سے محبت ، مراقبہ اور دُعاہے۔ اپنے ساتھ وقت گزارنا ، اپنے من میں جھانکنا اور اپنے رب کے ساتھ اپنے روحانی تعلق کومضبوط کرنا وہ عادت ہے جس کی بدولت آپ ذہنی سکون و اطمینان پالیتے ہیں۔**یادرکھیں کہ فطرت کی قربت انسان کوسکون سے بھردیتی ہے۔صبح کے وقت شبنم آلودگھاس پر ننگے پا وں چلنا ، ہرے بھرے جنگل میں چہل قدمی ، پہاڑوں میں وقت گزارنا اورطلوع ہوتے یا غروب ہوتے سورج کو دیکھنا،یہ وہ معمولات ہیں جو آپ کے اندر کے خلا کو بھرتے ہیں اور آپ خود کوروحانی طورپر بہت مضبوط محسوس کرتے ہیں۔ ’’روحانی مضبوطی ‘‘ہی انسان کو وہ طاقت دیتی ہے جس کی بدولت وہ ذہنی پریشانیوں سے چھٹکارا پالیتا ہے اور ایک صحت مند انسان کے طورپر زندگی میں بھرپور ترقی کرلیتا ہے۔*

*زندگی میں کچھ بنیادی اصول یاد رکھیں:*

*(1) ہمیشہ قدرتی خوراک کھائیں، مصنوعی خوراک سے خود کو بچائیں اگرچہ وہ کتنی ہی لذیذ کیوں نہ ہو۔*

*(2)خود کو اکثر اوقات بھوک کی حالت میں رکھیں،یادرکھیں دنیا میں بھوک کی وجہ سے انسانوں کو اتنا نقصان نہیں ہوا جتنا کہ زیادہ کھانے کی وجہ سے ہوا ۔*

*(3)ہم جو کچھ بھی کھاتے یا پیتے ہیں ان کی وجہ سے ہمارے جسم میں کیلوریز(حرارے) بنتی ہیں، جنہیں استعمال میں لاناضروری ہوتاہے ،اس مقصدکے لیے زیادہ سے زیادہ حرکت میں رہیں اور ورزش کریں۔*