اصلاح و دعوت
موبائل اور نماز
خطيب احمد
موٹرولا کمپنی میں ملازمت کرنے والے ایک سینیئر انجینئر مارٹن کوپر Martin cooper نے 3 اپریل 1973 کو یعنی آج سے 50 سال پہلے دنیا کا پہلا موبائل فون ایجاد کیا جو کسی بھی تار کے بغیر بات کروا سکتا تھا۔ اس کا وزن 1 کلو 100 گرام تھا۔ اسے چارج ہونے میں 10 گھنٹے لگتے تھے۔ اور 30 منٹ میں بات کرنے میں بیٹری ختم ہو جاتی تھی۔
ایک دہائی بعد 1983 موٹرولا نے دنیا کے بڑے کاروباری افراد اور اہم سیاسی شخصیات و رؤسا کے لیے ایک جدید موبائل تیار کیا۔ جس کا سٹینڈ بائی ٹائم 6 گھنٹے تھا اور اس میں 30 نمبر محفوظ کیے جا سکنے کی صلاحیت تھی۔ اس کا نام DynaTac 8000X تھا اور وزن 800 گرام تھا، قیمت 3995 ڈالر رکھی گئی جو آج کی کرنسی میں 11 لاکھ چالیس ہزار روپے بنتی ہے۔
موبائل فون کی دنیا میں انقلاب لانے والا ہینڈ سیٹ نوکیا کمپنی کا پہلا کمرشل سطح پر بننے والا موبائل 1011 تھا۔ جسے 1992 میں لانچ کیا گیا، اس کی 1 کروڑ کے قریب کاپیاں سیل ہوئیں۔ نوکیا 1011 میں 99 نمبر محفوظ کرنے کی میموری تھی، وزن بھی کم کر کے 495 گرام کر دیا گیا۔ اس کی قیمت 1796 یورو رکھی گئی جو آج کے پاکستانی روپوں میں 5 لاکھ 65 ہزار روپے ہیں۔ اس کا سٹینڈ بائی ٹائم 12 گھنٹے اور ٹاک ٹائم 4 گھنٹے تھا۔
دنیا کے پہلے موبائل کا بنیادی کام صرف کال کروانا تھا، اس میں کوئی دوسری آپشن نہ تھی۔ پھر ایس ایم ایس ایڈ ہوا، پھر انٹرنیٹ، پھر دنیا کی ہر چیز کو موبائل میں شفٹ کر دیا گیا۔ آج موبائل سے دنیا کا شاید ہی کوئی ایسا کام ہو جو نہ لیا جا رہا ہو۔ ایک ٹی وی یا AC سے لے کر ڈرون طیاروں کو موبائل فون ایپ سے کنٹرول کیا جا رہا ہے۔ آرٹی فیشل بیوٹی کیمرے اور آرٹیفیشل انٹیلی جینس موبائل کی ترقی میں سب سے جدید فنکشن ہیں۔ سنا ہے موبائل سے ہم اپنے پیاروں کو اپنی من پسند خوشبو بھی بھیج سکیں گے۔ ساری دنیا کی دولت اور بینکنگ سسٹم کا 69 فی صد ڈیٹا موبائل ایپلیکیشنز میں شفٹ کیا جاچکا ہے، باقی بھی تیزی سے ہو رہا ہے۔
مگر یہ موبائل آج بھی اپنا بنیادی کام نہیں بھولا۔ آپ کوئی گیم کھیل رہے ہوں یا فلم دیکھ رہے ہوں، انٹرنیٹ سرفنگ کر رہے ہوں یا وڈیو بنا رہے ہوں الغرض ایک وقت میں 10 کام بھی کر رہے ہوں تو جیسے ہی کوئی کال آئے موبائل فوراً سے پہلے سب کچھ چھوڑ کر آپ کو بتاتا ہے کہ کال آرہی ہے یہ سن لیں۔ وہ اپنے سارے کام روک لیتا ہے۔اور ایک انسان جسے اللہ نے اپنی عبادت کے لیے پیدا فرمایا اور ساری کائنات کو اس کی خدمت کے لیے سجا دیا، وہ اللہ کی کال پر دن میں کتنی بار اپنے کام روک کر مسجد جاتا ہے؟ مسجد جانا تو درکنار اب اللہ کی کال یعنی اذان پر ہم اپنی گفتگو بھی روکنا مناسب نہیں سمجھتے۔ عبادت ہر انسان اور نماز ہر مسلمان کی زندگی کا بنیادی جز ہے جس کی موت تک کسی صورت میں بھی معافی نہیں۔ ہم کاش اس موبائل سے اتنا سا ہی سبق سیکھ لیں جسے ہم نے خود ایجاد کیا اور ایک لمحہ بھی خود سے جدا نہیں کرتے کہ دنیا کے سب ہی کام کرو مگر اپنی پیدائش کا بنیادی مقصد اللہ کی عبادت کبھی نہ بھولو۔ اذان ہوتے ہی سب کچھ روک کر مسجد چلو اور اللہ کی کال پر لبیک کہو۔