اے خدا جب تو روبرو کرنا
اپنے بندے کو سرخرو کرنا
تو ہے نزدیک میری شہ رگ سے
کاش آ جائے گفتگو کرنا
تیرے ہاتھوں میں فیصلے سارے
کام میرا ہے جستجو کرنا
چاک دامن ہے ، تو عنایت کر
مجھ کو آتا نہیں رفو کرنا
بر محل پُر اثر دعا دیدے
سیکھ بیٹھا ہوں بس غلو کرنا
جن سے تو خوش ہے جو ہیں تجھ سے خوش
مجھ کو ان جیسا ، ہو بہ ہو کرنا
پھر سے ابرک ہے سر جھکائے ہوئے
پھر سے حاجت ہے ، قبلہ رو کرنا