حمد باری تعالیٰ

مصنف : ماہر القادری

سلسلہ : حمد

شمارہ : جولائی 2007

 

خدا کے نام سے ہر ابتدائے کار کریں
اسی کی راہ میں ہر چیز کو نثار کریں
 
یہی تو دل کی سعادت ہے نطق کی معراج
خدا کی حمد کریں اور بار بار کریں
 
مسرتیں ہوں تو شکر خدا بجا لائیں
مصیبتیں ہوں تو ہم صبر اختیار کریں
 
یہ کیا کہا کہ نگاہ کرم نہیں ہوتی
گناہگار گناہوں کا بھی شمار کریں
 
اسی میں دل کا سکوں ہے یہی ہے عقل کی بات
خدا رسولؐ کی باتوں پہ اعتبار کریں
 
ہر ایک پھول چمن کا خدا کی آیت ہے 
اسی نگاہ سے نظارہ بہار کریں
ماہر القادری
انتخاب ، خضر حیات ناگپوری، حال مقیم ابوظبی

منظو ر حسین ماہر القادری اتر پردیش ( بھارت) کے ضلع بلند شہر کے ایک قصبے کسیر کلاں میں ۳۰ جولائی ۱۹۰۶ کو پیدا ہوئے ۔ قرآن حکیم اور اردو کی ابتدائی تعلیم گاؤں کے مکتب سے حاصل کی ۔ اپنے والد معشوق علی سے فارسی کی کتابیں پڑھیں میٹرک کا امتحان پاس کرنے کے بعد ریاست حیدر آباد دکن کے محکمہ ڈاک میں کلرک کی ملازمت سے زندگی کی جدوجہد کا آغاز کیا۔ بعد کی عمر کراچی میں گزری اور وہاں سے جاری کردہ ادبی رسالہ ‘فاران’ ان کی پہچان ٹھہرا۔ماہر القادری ایک قادر الکلام شاعر اور پختہ قلم نثر نگار تھے اشتراکی ترقی پسند تحریک کے عین شباب کے زمانے میں ماہر نے صالح ، تعمیری ، اسلامی ادب کی آواز پوری قوت سے بلند کی ۔ انہوں نے ادب اور عقید ہ کے خوبصورت امتزاج سے ایک جاندار ادب تخلیق کیاجو اپنے جذبے کی سچائی ، خلوص کی گہرائی اور زبان و فن کی گیرائی کی وجہ سے حیات دوام کاحامل ہے ۔۱۲ ، مئی ۱۹۷۸ کو کعبۃ اللہ میں حاضری دینے کے بعد جدہ کے مشاعرے میں حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے ماہر کا انتقال ہوااور انہیں جنت معلی میں ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ کی پائنتی دفن کیا گیا۔ (خضر حیات ناگپوری)