جب سے ریحانہ کی شادی ہو ئی تھی ، تب سے اس کے والدین بہت پریشان تھے کیونکہ ہر دوسرے دن کوئی نہ کوئی مسئلہ کھڑا ہوجاتا تھا۔ آج ریحانہ پھر اپنے والدین کے گھر میں موجود تھی اور اس نے شکایات کا انبار لگارکھا تھا۔ اس کی والدہ اس کو سمجھا سمجھا کر تنگ آ چکی تھیں لیکن وہ تھی کہ ہر چھوٹی بات کو بڑا مسئلہ بنائے کھڑی تھی۔ اس کی والدہ نے سوچا کہ آج اس کو سمجھانے کا کوئی نیا طریقہ اختیار کرتی ہوں۔ انہوں نے ریحانہ سے کہا کہ ایک برتن میں مولیاں ، دوسرے میں انڈے اور تیسرے میں کافی کے بیج ڈال کر چولہے پر رکھ دے اور پانچ منٹ بعد انہیں بلا لے ۔ پانچ منٹ کے بعد ریحانہ کو ماں کو آواز دی۔ ماں نے کہا ، اب تینوں برتن دیکھ کر بتاؤ کہ اس پانچ منٹ کی آگ اور پکنے نے ان تینوں چیزوں پر کیا اثر کیا ہے ؟ انہوں نے برتن سے مولی نکال کر دکھائی ، جو کہ بہت نرم ہو چکی تھی۔ انڈہ نکال کر دکھایا وہ بہت سخت ہو چکاتھا او راب نیچے پھنکنے پر بھی اس کے ضائع ہونے کے امکانات نہ رہے تھے ۔ جبکہ کافی کے بیجوں سے بھینی بھینی خوشبو آر ہی تھی جو کہ پورے کچن میں پھیلی ہوئی تھی۔