زرافوں کے بدلتے رنگ ان کی عمر بتاتے ہیں

مصنف : بی بی سی

سلسلہ : ادب

شمارہ : مئی 2012

 زرافوں کی عمر کا اندازہ ان کی جلد پر موجود دھبوں سے لگایا جا سکتا ہے۔ایک جدید تحقیق کے مطابق مردانہ زرافوں کی عمر کا اندازہ ان کی جلد کی رنگت سے لگایا جا سکتا ہے۔افریقی ملک زمبیا میں کی گئی اس تیتیس سالہ تحقیق سے ثابت ہو گیا ہے کہ زرافوں کی جلد پر موجود دھبوں کا رنگ گہرا ہو جاتا ہے۔جلد کے رنگوں میں تبدیلیوں کا حساب لگا کر ماہرین اس جانور کی تاریخی زندگی کے بارے میں تفصیلات بتا سکے ہیں۔یہ تحقیق جاپان کی کویوٹو یونیورسٹی کے ‘پرائیمیٹ ریسرچ انسٹیٹیوٹ اینڈ وائلڈ لائف ریسرچ سنٹر’ کے پروفیسر فریڈ برکووچ نے مقامی محقق فل بیری کے ساتھ مل کر کی جو کہ ستر کی دہائی سے جانوروں کی رنگت میں تبدیلی کا ریکارڈ بنا رہے ہیں۔پروفیسر برکووچ کا کہنا تھا کہ یہ ایک انتہائی شاندار بات ہے کہ فل بیری نے تین دہائیوں میں بہت سی ایسی باتیں لکھیں ہیں جن کو اب ہم سائنسی تحقیق کے طور پر شائع کر سکتے ہیں۔یہ تحقیق ‘جرنل آف زولوجی’ نامی جریدے میں شائع کی گئی ہے۔زرافے دنیا کے سب سے طویل قد جانور ہیں۔ پیدائش کے وقت ان کا قد تقریباً ایک اعشاریہ آٹھ میٹر ہوتا ہے اور ان کا قد اوسطً پانچ اعشاریہ تین میٹر تک جاتا ہے۔ ان کے سر پر سینگ نما ہڈیاں ہوتی ہیں جنہیں وہ لڑنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔زرافوں کی تمام اقسام میں جلد پر دھبوں کے رنگ کا عمر کے ساتھ گہرا ہونے کے بارے میں تو معلوم تھا مگر اس تبدیلی کے مخصوص وقتوں کے بارے میں اس تحقیق نے معلومات دی ہیں۔ (بی بی سی ڈاٹ کام)