جسے اللہ رکھے۔۔۔ دماغ سے کیل نکالنے کا کامیاب آپریشن

مصنف : بی بی سی

سلسلہ : ادب

شمارہ : مارچ 2012

شکاگو کے مضافات میں ایک شخص نے غلطی سے اپنے دماغ میں کیل ٹھونک لی، تاہم ڈاکٹروں نے ان کا کامیاب آپریشن کردیا ہے اور اب وہ صحتیاب ہورہے ہیں۔چونتیس سالہ ڈانتے آتولو سے کیل ٹھوکنے والی مشین غلطی سے چل گئی جس کے ذریعے سوا آٹھ سینٹی میٹر یا سوا تین انچ لمبی کیل ان کے اپنے سر میں داخل ہوگئی اور انہیں کئی گھنٹوں تک اس بات کا پتا ہی نہیں چلا کہ یہ کیل ان کے دماغ تک پہنچ گئی ہے۔ڈانتے آتولو اپنی دکان میں تھے اور چیزوں کی مرمت میں مصروف تھے جب اچانک کیل ٹھونکنے والی بندوق کا نشانہ خود ان کے سر کی طرف لگ گیا۔ لیکن انہیں اس کی بھنک تک نہیں لگی کہ یہ کیل ان کے دماغ میں جا پھنسی ہے۔ انہیں اس بات کا علم اس وقت ہوا جب اگلے دن انہیں الٹیاں ہونے لگیں۔مسٹر آتولو کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ یہ کیل ان کے دماغ کی اس جگہ تک پہنچ گئی تھی جہاں سے ان کی جسمانی سرگرمیاں کنٹرول ہوتی ہیں۔آتولو کی منگیتر گیل گلینزر نے خبر رساں ایجنسی اے پی کو بتایا کہ دو گھنٹے کے کامیاب آپریشن کے بعد ان کے سر سے کیل کو نکال دیا گیا ہے۔گیل گلینزر کا کہنا ہے کہ آتولو نے ان سے ازراہِ مذاق کہا ‘ٹی وی والوں کو بلاؤ کہ میں چند طبی معجزوں میں سے ایک ہوں۔’یہ آپریشن امریکہ کے ایڈووکیٹ کرائسٹ میڈیکل سینٹر میں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں بھی اس بات کا بالکل اندازہ نہیں ہوا کہ کیل آتولو کے دماغ تک پہنچ گئی ہے۔ ان کے مطابق جب وہ آتولو کے ماتھے پر لگی چوٹ کو صاف کر رہی تھی تب انہیں ذرا بھی اندازہ نہیں تھا کہ کیل ان کے سر کے اندر چلی گئی ہے۔انہوں نے آتولو کو ہسپتال جانے کے لیے راضی کیا کیونکہ انہیں اس واقعے کے اگلے دن الٹیاں آنے لگی تھیں اور چکر بھی آرہے تھے۔آپریشن کے بعد آتولو پہلے جیسا محسوس کر رہے ہیں۔ انہیں سب کچھ یاد ہے اور ان کے جسم کے تمام اعضاء صحیح طرح سے کام کر رہے ہیں۔ہسپتال کے ترجمان مائیک میگئیو نے بتایا ‘آتولو کی کھوپڑی کے اس حصے کو باہر نکالا گیا جس کے کیل سے آلودہ ہونے کا ڈر تھا۔ اس کی جگہ ٹیٹانم کی جھلی لگائی گئی ہے۔