وقت کی پابندی

فرائضِ منصبی میں کوتاہی کی تلافی کیسے ہو؟
سوال:میں ایک سرکاری کالج میں تقریباً بیس سال تدریسی خدمات انجام دینے کے بعد ابھی حال میں ریٹائر ہوا ہوں۔ آخر میں چند سال میں نے وائس پرنسپل کی حیثیت سے بھی گزارے ہیں۔ ہمارے کالج میں بیش تر اساتذہ عموماً وقت کی پابندی نہیں کرتے تھے۔ کالج کا وقت شروع ہوجانے کے بعد تاخیر سے آتے تھے اور وقت ختم ہونے سے قبل ہی چلے جایا کرتے تھے۔ بعض اساتذہ تو کئی کئی روز کالج نہیں آتے تھے، پھر جب آتے تھے توگزشتہ دنوں کی بھی حاضری لگادیاکرتے تھے۔ اس معاملے میں مجھ سے بھی کوتاہی ہوتی رہی ہے۔میرا تعلق ایک دینی جماعت سے ہے۔ میرے اوپر اس کی بعض ذمہ داریاں رہی ہیں۔ کالج کے کچھ اوقات میں نے ذاتی کاموں میں صرف کیے ہیں تو کچھ اوقات میں جماعت کاکام کیاہے۔ بسااوقات میں نے شہر کے باہر بعض اجتماعات میں شرکت کی ہے، ان ایام میں میں نے کالج سے رخصت نہیں لی، بلکہ بعد میں جاکر حاضری رجسٹر میں ان ایام کے خانوں میں بھی دستخط کردیے۔اب مجھے احساس ہورہاہے کہ میں نے وقت کی پابندی نہ کرکے اور غیرحاضری کے ایام میں بھی حاضری کے دستخط کرکے غلطی کی تھی۔ اسی طرح مجھے یہ احساس بھی ستارہاہے کہ جن اوقات یا ایام میں تدریسی کام نہ کرکے میں نے اس کا مشاہرہ لیا ہے وہ میرے لیے جائز نہ تھا۔ اب اس کی تلافی کیسے کروں؟ سوچتاہوں کہ اتنی رقم کا اندازہ کرکے اس کا صدقہ کردوں۔ کیا اس سے میری کوتاہی کی تلافی ہوجائے گی؟
بہ راہ کرم میری رہ نمائی فرمائیں۔

 

جواب : اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
یاَیّْھَا الَّذِینَ اٰمَنْوا اَوفْوا بِالعْقْودِ         (المائدۃ:۱)
”اے لوگو! جو ایمان لائے ہو، عہدو پیمان کو پورا کرو“
اس آیت کی تفسیر میں مفسرین کرام نے لکھاہے کہ اس میں وہ عہدو پیمان بھی شامل ہیں جو اللہ تعالیٰ سے اس کے بندوں نے کیے ہیں اور وہ عہدو پیمان بھی جو مختلف دنیاوی معاملات میں لوگ آپس میں کرتے ہیں۔
ملازمت کے ضمن میں ہونے والا عہدو پیمان دو طرح کاہوسکتا ہے: ایک کام کا، یعنی ملازم اِس چیز کاپابند ہو کہ اسے جو کام دیاگیا ہے اسے پورا کرے، خواہ کتنے ہی کم وقت میں اسے کرڈالے یا کتنا ہی زیادہ وقت اس میں لگے۔ دوسرا وقت کا، یعنی جتنے وقت کا اس سے معاہدہ کیاگیا ہے، اتنا وقت ضرور گزارے، چاہے اس نے اپنامفوضہ کام اس سے کم وقت میں نمٹالیاہو۔عموماً کالجوں، یونی ورسٹیوں، فیکٹریوں اوردیگر اداروں میں ملازمین کام کے ساتھ وقت کے بھی پابند ہوتے ہیں اور ان کے لیے متعینہ اوقات جائے ملازمت پر گزارنا ضروری ہوتا ہے۔ اس صورت میں یہ تو سراسر فراڈ اور دھوکہ بازی ہے کہ آدمی کام پر نہ جائے اور رجسٹر میں حاضری دکھادے، ساتھ ہی یہ بھی معاہدہ کی خلاف ورزی اور دیانت و امانت کے خلاف ہے کہ وہ متعینہ اوقات کی پابندی نہ کرے، جب چاہے کام پر جائے اور جب چاہے وہاں سے چل دے۔ عموماً سرکاری اسکولوں، کالجوں اور یونی ورسٹیوں کے اساتذہ اور دیگر ملازمین اس کاخیال نہیں رکھتے۔ اس سلسلے میں ضابطے موجود ہوتے ہیں، اساتذہ کو تاکید کی جاتی ہے کہ متعینہ اوقات میں وہ کالج یا یونی ورسٹی کے کیمپس میں ہی رہیں، چاہے ان کے پیریڈ خالی ہوں، تاکہ ان کی موجودگی سے طلبہ فائدہ اٹھائیں، لیکن مختلف حیلوں بہانوں سے اساتذہ ان ضوابط کی پابندی نہیں کرتے۔ وہ خالی پیریڈ میں کیمپس میں موجود رہنا ضروری نہیں سمجھتے۔ شروع کے پیریڈ خالی ہوں تو دیر سے کالج یا یونی ورسٹی پہنچتے ہیں اور آخر کے پیریڈ خالی ہوں تو کالج یا یونی ورسٹی کاوقت پورا ہونے سے پہلے ہی وہاں سے نکل لیتے ہیں، حالاں کہ یہ معاہدہ ملازمت کی سراسر خلاف ورزی ہے۔
افسوس کی بات یہ ہے کہ بعض دین دار حضرات بھی اس مجرمانہ کوتاہی کا ارتکاب کرتے ہیں اور اگر وہ کسی دینی جماعت سے وابستہ ہوں تو تدریسی ذمہ داریوں کو کماحقہ ادا نہ کرکے اور اپنی ملازمت کے فرائض سے غفلت برت کر جماعت کے کاموں کی انجام دہی کو کارِ خیر سمجھتے ہیں، حالاں کہ اس طرح حقیقت میں وہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ بھی دھوکہ کرتے ہیں اوراپنی ملازمت کے معاملے میں بھی خیانت کے مرتکب ہوتے ہیں۔
آدمی کو جب بھی اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کا احساس ہوجائے اسے توبہ اور بارگاہِ الٰہی میں مغفرت طلب کرنی چاہیے۔ امید ہے، اللہ تعالیٰ ضرور درگزر فرمائے گا۔ وہ ملازمت میں ہوتو ساتھ ہی یہ بھی پختہ عزم کرے کہ آئندہ وہ اپنے کارہائے مفّوضہ ٹھیک ٹھیک انجام دے گا اور کسی طرح کی خیانت کاارتکاب نہیں کرے گا۔ دورانِ ملازمت بہ طور مشاہرہ جو رقم حاصل ہوئی ہے اس میں سے کتنی جائز ہے اور کتنی ناجائز، اس کاحساب آسان نہیں ہے اور ناجائز رقم کی واپسی میں ٹیکنیکل دشواریاں ہیں، اس لیے جہاں تک ہوسکے صدقہ وخیرات کرتا رہے۔ امید ہے، اس طرح اس کی کوتاہیوں کی تلافی ہوجائے گی اور اللہ تعالیٰ اس کی لغزشوں کو درگزر فرمائے گا۔

 

()

ج: یہ بڑی غلط تعبیر ہے جو ہمارے بعض آئمہ کرتے ہیں ۔ دو صورتیں ہیں ، ایک صورت یہ کہ آپ نے کوئی وقت commit نہیں کیا یعنی یہ نہیں بتایا ہوا کہ ڈیڑھ بجے جمعہ ہو گا تو امام صاحب کی مرضی ہے کہ جب چاہیں پڑھا دیں ۔ لیکن اگر اس نے پہلے سے کوئی commitment کی ہوئی ہے کہ ڈیڑھ بجے جمعہ ہو گا تو پھر ایک سیکنڈ کی خلاف ورزی بھی حرام ہے ۔ مسلمان کی زندگی کے اندر جو بنیادی نیکیاں ہیں ان میں اللہ تعالی نے والموفون بعھدھمکو بھی شامل کیا ہے ۔ وقت کی پابندی دوسری قوموں کے لیے بہتر عمل ہو گا مگر ہمارے لیے دینی فریضہ ہے ۔ اگر وقت طے کیا گیا ہے تو کسی امام کو یہ حق نہیں ہے کہ وہ ایک منٹ کی بھی تاخیر کرے اور اگر غلطی ہو جائے تو سامعین سے معافی مانگے ۔

(جاوید احمد غامدی)