پاکستانیات
وطن کی مٹی عظیم ہے تو۔۔
روایت۔احمد اقبال ، تحریر۔مسعود قاضی
امریکہ میں کلے (clay) ہانڈی ریسٹورنٹ کھولنے کا اشارہ مجھے ایک رات بحالت خواب ملا تھا کہ میرے ریسٹورینٹ میں مٹی کی ہانڈیوں میں کھانا پک بھی رہا ہے اور لوگ مٹّی کے برتنوں میں کھانا کھا بھی رہے ہیں۔اور پھر اس خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے مسلسل ایک سال کی پلاننگ، کنسلٹنٹس کے ساتھ اس کے بزنس پلانز، ریسٹورنٹ کی اس کے نام کی مطابقت کے ساتھ تزئین، اور پاکستان بنفس نفیس جا کر وہاں 20 دن مسلسل سفر، چھوٹے چھوٹے قصبوں میں دستکاروں کے گھروں میں جا کر ان سے برتنوں اور لکڑی کی مصنوعات کی ڈیزائننگ جیسے مراحل سے گزرنے کے بعد، پاکستان بھر سے ساری مصنوعات کو ایک وئیر ہاؤس میں یکجا کرنا، ان کی نازکی کے لحاظ سے مخصوص پیکنگ، پاکستان کسٹم کلیئرنس اور کنٹینر کی روانگی، نیو یارک امریکن کسٹم سے کنٹینر کی کلیرنس کا مرحلہ۔۔۔ پھر کسٹم ایجنٹ کی کال آئی کہ مٹی کے برتنوں اور پاکستان سے امپورٹ کے سبب امیرکن ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ USDA سے انسپکشن کروانی ضروری ہے۔ نہیں تو کنٹینر ریلیز نہیں ہو سکتا۔ پھر کنٹینر نیویارک کے وئیر ہاؤس گیا، انہوں نے اپنی فیس لے کر کنٹینر کلیئر تو کر دیا لیکن ساتھ ہیFDA (Department of Food and Drug Administration) کو بھی اطلاع کر دی کہ پاکستان سے مٹّی کے برتنوں سے بھرا ہوا کنٹینر امریکہ میں امپورٹ ہوا ہے اور امپورٹڈ مٹی میں شامل سیسے کی زیادتی اور مضر صحت اجزاء کی افراط کے سبب امپورٹڈ مٹی کے برتنوں کی کمرشل استعمال پر مکمل پابندی ہے۔اور اسی اثناء میں جب کنٹینر بفیلو میں میرے ویئر ہاؤس اتارا جا چکا تھا، مجھے FDA والوں سے باقاعدہ نوٹس موصول ہو گیا کہ آپ کنٹینر نیویارک لے کر آئیں اور سارے سامان کو FDA کی انسپکشن کرائیں۔ میں نے انہیں فون کیا کہ کنٹینر تو اَن لوڈ ہو چکا ہے اور سارا سامان وئیرہاؤس میں پڑا ہے تو وہ اور زیادہ مشکوک ہو گئے۔ خیر معاملہ یہاں طے ہوا کہ ان کی انسپکشن ٹیم ویئرہاؤس آ کر مٹّی کے برتنوں کا لیبارٹری ٹیسٹ کرے گی اور ریجکشن کی صورت میں تمام سامان واپس چکوال.....
جب میں نے FDA کی ویب سائٹ چیک کی تو مٹی کے برتنوں کے مینو فیکچر کرنے والے ممالک جن میں میکسیکو، ترکی، انڈیا، چائینہ، مراکش اور دیگر یورپیئن ممالک شامل ہیں، ان ممالک کی مٹّی میں انتہائی مضر صحت دھاتیں شامل ہیں اور امریکہ میں ان کی درآمد اور استعمال ممنوع ہے۔ یہ پڑھنے کی دیر تھی کہ میرے تمام خواب یکدم چکنا چور۔۔۔
اب مجھے اپنے آپ پہ افسوس ہو رہا تھا ایک خواب دیکھ کر اتنا بڑا قدم اٹھانے کی کیا ضرورت تھی؟ اپنی فقیری اورقلندری بھی مشکوک نظر آنے لگی، پیسوں، وقت اور محنت کے ضیاع سے زیادہ دکھ اس بات پہ ہو رہا تھا کہ اللہ پاک نے پاکستان کی تشہیر اور اس کا نام روشن کرنے کا مجھے موقع عطا نہیں فرمایا
خیر قصّہ مختصر! FDA کی انسپکشن ٹیم مع اپنے ٹیسٹنگ آلات میرے ویئر ہاؤس میں آئی، ایک ایک برتن کو کھرچ کے اس مٹی کو اپنی موبائیل لیب میں چیک کیا، میرے اوسان تب بحال ہوئے جب انسپکشن ٹیم کی سربراہ مجھے کہنے لگی کہ پاکستان میں واقعی بہت جدید لیبارٹریز اور مٹّی کے برتنوں کے Modern مینوفیکچرنگ پلانٹس ہیں جنہوں نے ان برتنوں کی مٹّی کو تمام آلائشوں اور مضر صحت دھاتوں سے پاک کیا ہے۔ابھی اس کی ای میل آئی ہے کہ مجھے ان مینوفیکچرنگ کمپنیز کی لسٹ فراہم کرو کہ جنہوں نے یہ برتن بنائے ہیں تاکہ میں انہیں اپنے سسٹم میں ڈال دوں اور انہیں FDA کا کلیئرنس سرٹیفیکیٹ ایشو کر دوں کہ ان کمپنیوں کے تیار کردہ برتن FDA سے انسپیکشن سے مبرّا ہیں اور آزادانہ طور پر ان کی امریکہ امپورٹ کی اجازت ہے۔
اب میں اسے کیسے جواب دوں کہ میرے سارے وطن کی مٹّی اور اس مٹّی سے جنم لینے والے لوگ ہر قسم کی کثافت سے پاک ہیں؟ یہ مٹّی بھی اور لوگ بھی اصلی ہیں یا پھر پاکستان کے ان چھوٹے چھوٹے گاؤں میں '' دنیا کے جدید ترین پلانٹس '' پہ ان برتنوں کی تخلیق کرنے والے ان دستکاروں
کے نام؟ کیسے جواب دوں؟