طب و صحت
سرديوں ميں سكن كئير
نير تاباں
سردیوں میں سکن کئیر کے لئے اگر صرف ایک چیز بتاؤں تو وہ ہے Nature's botox: کیسٹر آئل! ہاتھ، پاؤں، ناخن، ہونٹ، انڈر آئیز۔۔۔ یعنی ہر ہر چیز کے لئے الگ الگ کریمیں اور سیرمز کے بجائے آل ان ون کیسٹر آئل استعمال کر کے دیکھیں۔
یہ جلد کو deeply hydrate کرتا ہے تو فائن لائنز اور خشک ہونٹ، خشک ایڑیوں سے نجات ملتی ہے، یعنی جلد کی نمی برقرار رکھتا ہے اور اسے ینگ بھی رکھتا ہے۔ کولیجن اور ایلاسٹن کی پیداوار بڑھانے میں مدد کرتا ہے، جس سے دانوں کے نشان اور دھبے ہلکے ہو سکتے ہیں۔ anti inflammatory اور anti bacterial کوالیٹیز بھی رکھتا ہے۔
یہ آئل بالکل جیلی کی طرح گاڑھا ہوتا ہے۔ رات کے وضو کے بعد بالکل ذرا سا ایڑیوں پر لگا کر سوکس پہن لیں اور جب تک پہنے رہ سکیں، پہنے رہیں۔ اسی طرح ہاتھوں پر بھی تھوڑا سا لگا کر تھپک تھپک کر اسے جذب کر لیں۔ کیوٹیکلز پر بھی مساج کر دیں۔ اسی طرح رِنگ فنگر پر ایک قطرہ لگا کر آنکھوں کے نیچے بہت نرمی سے تھپک کر لگا لیں۔
اگر آپ کو کیسٹر آئل زیادہ گاڑھا لگے تو زیتون یا بادام کے تیل کے ساتھ تھوڑا سا مکس کیا جا سکتا ہے۔ فی الحال میں آپ کو سکھاتی ہوں اینٹی ایجنگ سیرم بنانے کا طریقہ۔
اس کے لئے پہلی چیز تو کیسٹر آئل چاہیے۔ اس کے علاوہ ہوہوبا آئل, روز ہِپ آئل، frankincense essential oil۔
ہوہوبا انسان کے قدرتی sebum کے قریب ترین ہے۔ بہت ہلکا ہوتا ہے اور ہائیڈریٹنگ۔ اس لئے جلد کو نرم رکھتا ہے، اور سردیوں میں جلد جو خشک ہوتی ہے، اسے نمی دیتا ہے۔ روز ہپ آئل بھی اینٹی ایجنگ کوالیٹیز رکھتا ہے تو جھریاں، فائن لائنز اور ایجنگ سائنز کم کرتا ہے۔ اس میں وٹامن سی ہوتا ہے تو جلد کا گلو اور برائٹنیس بڑھاتا ہے۔ ہوہوبا کی طرح ہلکا ہوتا ہے تو چکنائی چھوڑے بغیر جلد میں جذب ہو جاتا ہے۔
فرینکن سینس آئل کی سب سے بڑی خاصیت تو اس کا اینٹی ایجنگ ہونا ہے۔ باریک لکیریں، جھریاں اور لوز سکن کو بہتر کرنے میں مدد دیتا ہے۔ کولیجن پروڈکشن بہتر کرتا ہے۔ داغ دھبے اور پگمنٹیشن میں بہت فائدہ مند۔ ایج سپاٹس، ڈارک سپاٹس کو ہلکا کرنے میں بھی کارآمد ہے۔
سیرم بنانے کا طریقہ:
تین بڑے چمچ ہوہوبا آئل--ایک بڑا چمچ کیسٹر آئل--ایک چھوٹا چمچ روز ہپ آئل،
آٹھ دس قطرے فرینکن سینس آئل
تمام آئلز مکس کر لیں اور ایک کانچ کی ڈراپر والی بوتل میں انڈیل لیں۔ آپ کا اینٹی ایجنگ سیرم تیار ہے۔ سیرم میں شامل اجزا کی وجہ سے جلد کو deeply hydrate کرنے کے علاوہ داغ، جھریاں دور کر کے رنگت بہتر بناتا ہے۔ جلد کے نیچرل آئل کا توازن برقرار رہتا ہے اور جلد نرم ہوتی ہے۔ رات کو منہ دھونے کے بعد چند قطرے سیرم کے ہتھیلی پر لیں اور چہرے پر مساج کر لیں۔ آنکھوں کے نیچے بہت نرمی سے انگلی سے تھپک لیں۔ گردن کو نہ بھولیں۔
اضافی نوٹ:
۱۔ سیرم ڈارک کلر کی کانچ کی بوتل میں ڈالیں، یا پھر اندھیرے میں رکھیں جیسے دراز یا کیبنٹ میں۔ ایسنشل آئلز جس بھی چیز میں ملائیں، اسے ہمیشہ ڈارک شیشی میں ہی رکھیں کیونکہ یہ روشنی سے جلد خراب ہو جاتے ہیں۔
۲۔ کوئی بھی سیرم استعمال کریں تو ڈراپر کو سکن سے ٹچ نہ ہونے دیں۔ سکن کے سارے جرمز اس ڈراپر کے ذریعے باقی سیرم میں مل جاتے ہیں۔ یہ احتیاط اس سیرم کے ساتھ بھی کرنی ہے۔