حمد باری تعالیٰ
صد شکر کہ یوں وردِ زباں حمدِ خدا ہے
وہ سب سے بڑا سب سےبڑا سب سے بڑا ہے
اس کا کوئی ثانی، نہ مشابہ، نہ مقابل
وہ سب سے جدا سب سے جدا سب سے جدا ہے
کافر ہو کہ مسلم، کوئی مشرک ہو کہ مومن
وہ سب کا خدا سب کا خدا سب کا خداہے
وہ خالقِ کونین بھی، رزّاقِ جہاں بھی
وہ ربِ علٰی، ربِ علٰی، ربِ علٰی ہے
یہ رنگ یہ خوشبو یہ بہاریں یہ فضائیں
سب اس کی عطا، اس کی عطا، اس کی عطا ہے
معراجِ عبادات بھی معراجِ سخن بھی
صرف اس کی ثنا، اس کی ثنا ، اس کی ثنا ہے
اقبال لیے جاؤ سدا نام خدا کا
جو دل کی جلا، غم کی دوا، دکھ کی شفا ہے
پروفیسر اقبال عظیم