حمد باری تعالی
سب میں شامل سب سے جدا ہے اے میرے رزاق
تو ہی کُل عالم کا خدا ہے اے میرے رزاق
سب سے اعلا نظم ہے تیرا ، تو ہی ہے رحمان
سب سے بالا حکم ہے تیرا اے میرے رزاق
دریا صحرا ، کوہ و سمندر سب تیرے شہکار
خوب یہ تیری نیلی رِدا ہے اے میرے رزاق
تیرے رزق پہ سب پلتے ہیں اے میرے ستار
حسبِ ضرورت تو نے دیا ہے اے میرے رزاق
نور کا محور کعبے کا منظر ، تیرا فضلِ عظیم
تیرے گھر میں نوری فضا ہے اے میرے رزاق
سارے نام ترے سندر ہیں ، بالا تیری شان
نبیوں کے لب پر یہ صدا ہے اے میرے رزاق
کس کو مفر ہے موت سے بندے سب ہی کو ہے مرگ
تو ہی دیتا سب کو قضا ہے اے میرے رزاق
دل کو میرے ستھرا کر دے اے ربِّ غفّار
قلبِ مومن تیری جا ہے اے میرے رزاق
خالق تو ہے مالک تو ہے تو ہی پالنہار
طاہرؔ کے لب پر یہ صدا ہے اے میرے رزاق