انڈے كی افاديت

مصنف : حكيم مظفر علي زيدي

سلسلہ : طب و صحت

شمارہ : اگست 2023

طب و صحت

انڈے كی افاديت

حكيم مظفر علی زيدی

صحت مند ناشتے سے دن کا آغاز جسمانی اور دماغی صحت کے لیے بہت مفید ہے اور صحت مند ناشتے کے لیے ابلا ہوا انڈا بہترین انتخاب ہے ۔روزانہ صبح نہار منہ دو انڈے  کھانے سے سارا دن انسان چست و توانا رہتا ہے جبکہ بہت دیر تک بھوک کا احساس بھی نہیں ہوتا اور وزن کم کرنے میں فایدہ مند ہے ۔ایک معمولی پاکستانی مرغی سال بھر میں ساٹھ سے اسی انڈے تک دیتی ہے ۔

اچھے انڈے کی پہچان

باسی انڈوں کی نسبت تازہ انڈے ہمیشہ بھاری ہوتے ہیں۔پاؤ بھر پانی میں نصف چھٹانک نمک حل کر کے اس میں ایک ایک انڈے کو ڈال کر دیکھیں اگر انڈہ ڈوب جائے تو وہ اچھا ہے ۔اور اگر تیرنے لگے تو وہ خراب ہے۔

مزاج --زردی ۔ مائل گرمی--سفیدی ۔سرد تر درجہ دوئم--چھلکا ۔سرد خشک

افعال وخواص

انڈے پروٹین کا پاور ہاؤس ہیں ۔اس کو مکمل خوراک بھی کہا جاتا ہے-انڈے دنیا میں سب سے زیادہ غذائیت سے بھرپور غذاہیں۔پروٹین کی وافر مقدار کی موجودگی میٹابولزم کے عمل کو مضبوط کرتی ہے۔ضروری وٹامنز اور معدنیات دماغی خلیات ،یادداشت اور اعصابی نظام کو مضبوط کرتے ہیں۔وٹامن ڈی ،وٹامن اے،اور وٹامن K اور سلینیم ہے۔ اس میں اومیگا تھری ہے جو ہارٹ اٹیک سے بچاؤ کے لیے بہت مفید ہے .

HDL.(high density lipoprotein)

یعنی اچھا کولیسٹرول کو بڑھاتے ہیں۔اور جن میں HDL کا لیول بلند ہو وہ دل کے عارضے میں مبتلا نہیں ہوتے ۔ہارٹ اٹیک اور دوسرے امراض قلب کا کم سے کم چانس ہوتا ہے۔ایک تحقیق کے مطابق دو ابلے انڈے چھ ہفتے مسلسل کھانے سے HDL کے لیول میں دس فی صد اضافہ ہوتا ہے-زنک سے بھرپور زردی قوت مدافعت کو بڑھاتی ہے ۔جس سے بڑھاپا جلد نہیں آتا ۔روزانہ دو انڈے ابال کر کھانے سے جسم کو 12 گرام پروٹین حاصل ہوتی ہے ۔روازانہ دو انڈے کھانے سے 35 سے40سال کی خواتین میں بڑھاپے کے نشانات غائب ہو جاتے ہیں جبکہ جلد کو ہموار اور ٹائیٹ کرتا ہے۔جھریاں ختم کرتا ہے۔اسی طرح مردوں میں آنکھوں کے گرد پڑنے والی جھریاں نمایاں حد تک کم ہوجاتی ہیں ۔

انڈے جگر کے لیے بہت مفید ہیں۔اس سے خون زیادہ پیدا ہوتا ہے ۔دماغ کے لیے بہترین ٹانک ہے۔بینائی کا تحفظ کرتے ہیں ۔کیلشیم جذب کرنے میں مدد گار ہیں۔جلد اور بالوں کے لیے مفید ہیں۔اس کی کی زردی کا روغن جلد بال نکالتا ہے۔

سفیدی

انڈے کی سفیدی جس کا مزاج سرد تر ہے ۔اس میں کولیسٹرول نہیں ہوتا ۔اور دل کی بیماریوں کے لیے خطرہ نہیں ہوتا۔کیلوریز کی مقدار کم ہوتی ہے۔پیٹ بھرنے کا احساس رہتا ہے۔جس سے وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔پروٹین سے بھرپور ہونے کی وجہ سے پٹھوں کو مضبوط کرتی ہے۔جب بچوں کو قے اور دست کی شکائیت ہو اور کوئی غذا ہضم نہ ہو تو ایلبیومن واٹر پلایا جاتا ہے۔(یہ ایک انڈے کی سفیدی کو پاؤ بھر پانی میں پھینٹ کر اس میں بقدر ذائقہ چینی ملا کر تیار کیاجاتا ہے۔)

زردی

قوی مائل بہ گرم مزاج ہے۔جسم کو مضبوط بناتی ہے۔قوت مدافعت بڑھا کر موسمی تغیرات سے بچاتی ہے۔چست وتوانا رکھتی ہے۔ہڈیوں کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔اس میں پائی جانے والی چکنائی صحت کو بہتر بناتی ہے۔البتہ ہائی کولیسٹرول لیول کے مریض اپنے ڈاکٹر کی ہدائیت کے مطابق مقدار لیں۔

روغن بیضہ نکالنے کا طریقہ

تیس عدد انڈوں کی زردی لے کر ان کو کسی برتن میں ڈال کر آگ پر پکائیں ۔اتنا پکائیں کہ جل جائیں ہلاتے رہیں اور اس وقت تک ہلائیں اور جلائیں جب تک اس میں سے تیل نہ نکل آئے۔جب تیل چھوڑنا شروع کرے تو آنچ ہلکی کر دیں۔اور نچوڑ لیں۔کسی خشک شیشی میں محفوظ رکھیں۔

2.. انڈوں کو ابال کر ان کی زردی کو کسی چوڑے توے پر ایک سائیڈ پر رکھ کر نیچے آگ جلائیں۔توے کو نسبتاً ٹیڑھا رکھیں اور اس سائیڈ پر کوئی برتن رکھ دیں۔زردیاں آہستہ آہستہ اپنا تیل چھوڑنا شروع کر دیں گیں ۔اور برتن میں اکھٹا ہونا شروع ہو جائے گا۔

فوائد۔

اس کی مالش متاثرہ حصے کی طرف خون کا دباؤ بڑھا کر تندرستی کی طرف لے جاتی ہے۔اعصابی دردوں اور فالج والے عضو پر لگانے سے فائدہ ہوتا ہے۔روغن زیتون ،روغن بادام اور روغن سرسوں میں ملا کر لگانے سے بالوں کو مضبوط بناتا ہے ۔جھڑنے سے روکتا ہے۔گھنے اور چمکدار بناتا ہے ۔ہر گھر میں رکھنے کی چیز ہے-