طب و صحت
تلبینہ (جو کادلیہ)
ابن عبداللہ
تلبینہ کیا ہے؟ تلبینہ جو کا اور جو کے آٹے کا ایک کھیر نما دلیہ ہے جو دودھ، کجھور، اورشھد کو ملا کر بنتا ہے۔ذیابیطس کے مریض کھجور نہ ڈالیں اگر مجدول کھجور میسر ہے تو لے لیں اس میں کارب اور شکر کی مقدارِ کم ہوتی ہے۔ شہد خالص استعمال کریں بازار سے ملنے والا شہد صرف شکر کا پانی ہے اگر خالص شہد نہ ہو تو تلبینہ اس کے بغیر بنائیں ۔
جدید طبی تحقیقات نے تلبینہ کو حیرت انگیز غذا اور وسیع الفوائد دوا کے طور پہ تسلیم کیا ھے ۔تلبینہ ایک مکمل غذا ہے جو پورے بدن اور انسانی اعصابی اور مدافعاتی نظام پہ نہ صرف حیرت انگیز اثرات مرتب کرتا ہے بلکہ اسے مضبوط کرتا ہے اور ایسی صورتحال میں کہ کوئی دوا فائدہ نہ کر رہی ہو تو یہ مریض کو دوبارہ اپنے پاوں پہ کھڑا کرتا ہے۔
اجزاء
جو کا دلیہ 50 گرام
دودھ تازہ 300 ملی لیٹر
کجھور عمدہ 11 دانے
شھد خالص دو کھانے کے چمچ
زیتون کا تیل ایک کھانے کا چمچ
تلبینہ کے تمام اجزاء اپنی مثال آپ ہیں لیکن میں صرف ایک جز جو کے بارے میں یہاں بات کرنا چاھتا ہوں جو تقریبا ساری دنیا میں پایا جانے والا اناج ہے اور ساری دنیا کسی نہ کسی طرح اسے اپنی خوراک کا حصہ بناتی ہے لیکن برصغیر پاک وہند میں عوام اسے ناقابل خوراک چیز تصور کرتی ہے۔ اناج اور دال کے ابواب میں شایدہی کوئی جنس ’جو‘ جتنی طاقت اور حکمت کے لیے ہوئے ہو۔ صرف مثال کے لیے بیان کرتا ہوں کہ ’جو ‘میں دودھ سے زیادہ کیلشیم اور پالک سے زیادہ فولاد پایا جاتا ہے اور باقی متفرق معدنیات بھی جو میں پائے جاتے ہیں۔جو مقوی اعضائے رئیسہ ہے ۔ مزاج میں معتدل ہے۔ سرد ہونے کی وجہ سے مقوی جگر اور جگر کی جملہ کمزوریوں اور بیماریوں کو نہ صرف دور کرتا بلکہ اسے نئی زندگی دیتا ھے۔ مقوی اعصاب ہے غم تشویش اور ڈپریشن کو دور کرتا ہے۔
جو یا تلبینہ کا سب سے اہم فائدہ میٹابولزم نظام کی بحالی ہے۔ ہمارے آرام دہ طرز زندگی اور غیر متوازن خوراک کی وجہ سے ہمارے نوجوانوں کا میٹابولزم سسٹم 60 اور 70 سال کے بوڑھوں کی طرح ہو گیا ہے۔ تلبینہ میٹابولزم سسٹم کی سرعت اور کام کو بحال کر کے تمام اعضائے رئیسہ کو ان کی اصل کام کرنے کی صلاحیت پہ لاتا ہے۔
پکانے کا طریقہ
تلبینہ کے بنانے میں جو کے آٹے اور جوکا ذکر ملتا ھے میرا تجربہ یہ ہے کہ جب جو کا دلیہ مشین سے بنوائیں تو اس میں کچھ مقدار آٹا بن جاتا ہے۔ اسے دلیہ سے جدا نہ کریں بڑے شہروں میں رھنے والے بڑے سٹورز سے خالص جو کا دلیہ لیں امپورٹڈ اور ڈبہ بند سے احتراز فرمائیں حکماء حضرات زراعتی علاقوں سے بارانی جو حاصل کر کے خود دلیہ بنوائیں اس کی افادیت زیادہ ہے۔
جو گندم کے مقابلے میں پکانے میں ذرا سخت ہوتا ہے لہذا 100 گرام جو کا دلیہ(یا پکانے کا ایک چمچہ) لے کر اسے گرم پانی میں ایک گھنٹہ پہلے بھگو دیں نرم ہونے پر چولھے پر چڑھا دیں دو سے تیں کپ پانی ڈالیں اور ھلکی آنچ پہ پکنے دیں۔ 11 عدد کجھور کو گرم پانی میں بھگوئیں جب دلیہ پک رہاہو تو گٹھلی نکال کر کجھور کو چھوٹا کاٹ کر ڈال دیں۔ جب دلیہ نیم پختہ ہو جائے تو دودھ بھی ڈال دیں پکانے کے دوران مسلسل چمچ ہلاتے جائیں تاکہ دلیہ برتن کے پیندے سے چپک نہ جائے دلیہ اس طرح پکانا ہے کہ دلیہ کے دانے خوب پک کر دودھ کے ساتھ مل کر گم ہو جائیں اور پکا ہوا دلیہ پتلا رقیق فرنی کی شکل میں ہو سخت ہونے سے بچائیں ۔جب مکمل پک جائے تو دوچمچ شھد اور ایک چمچ زیتون کا تیل ڈال کر تھوڑا پکا کر اتار لیں۔ میٹھا دیکھ لیں اگر زیادہ لگے تواگلی بار شھد اور کجھور کم کر لیں کم ہو تو اگلی بار بڑھا لیں حسب عادت ٹھنڈا یا گرم استعمال کریں۔
نوٹ:
تیل زیتون کوتلبینہ میں شامل کرنا میری اپنی اختراع ہے۔ وجہ اسکی تیل زیتون ایک محرک(Activator) اور عمل انگیز(Catalyst) ہے جو جس بھی خوراک اور دوا میں شامل ہو جائے اسکی افادیت کو چار چند بڑھا دیتا ہے۔
طریقہ استعمال اور فوائد
بہترین وقت صبح کا ناشتہ ہے رات کے کھانے کے طور پہ بھی استعمال ہو سکتا ہے مریض حضرات دن میں دو یا تین بار یا جب دل چاہے کھا سکتے ہیں نیز استعمال اور فوائد کو میں نے مندرجہ ذیل چار بڑے گروپ میں تقسیم کیا ہے۔
1۔ چھوٹے بچے (ایک سال سے پندرہ سال تک)
ایسے بچے جو کمزوری، خوراک کی کمی، انیمیا یا آئرن کی کمی یا کسی بھی وجہ یا بیماری سے جسمانی طور پر کمزورہوں یا ذہنی طور پر پسماندہ ہوں اور پڑھائی میں اچھے نہ ہوں اور سبق یاد رکھنے یا کمزور یادداشت رکھتے ہوں ان کے لیئے تلبینہ ایک بہترین خوراک اور دواہے۔ والدین اور خاص کر مائیں ایک بات سمجھ لیں پاکستان میں تقریبا 60 فیصدبچے خوراک کی کمی یا آئرن کی کمی کا شکار ہیں اور بچے میں آئرن کی کمی خون کی کمی پیدا کرتی ہے اور آئرن اور خون کی کمی کا دماغی استطاعت اور کارکردگی سے بہت ہی گہرا تعلق ہے۔ خون اور آئرن کی کمی والے بچوں کی یاداشت متاثرہوتی ہے اور وہ بچے آہستہ آہستہ تعلیم میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔
ایسے بچوں کو صبح ناشتے میں تلبینہ دیں یا جس وقت بچے خوش ہو کر پیٹ بھر کے کھائیں اور ایک اضافہ نوٹ کریں تیل زیتون کے ساتھ دو کھانے کے چمچ گائے کا خالص گھی بھی شامل کریں انشا اللہ دو ماہ میں آپکا بچہ صحت مند اور پڑھائی میں بہترین کارکردگی دینا شروع کرے گا اور کمزوری کی علامات ختم ہو جائیں گی۔نیز حاملہ، کمزور یا کم وزن خواتین بھی یہی ترکیب استعمال کریں اور پانی نہ ڈالیں دودھ کی مقدار زیادہ کریں۔
2 نوجوان خواتین و حضرات ، کمزور یا کم وزن (سولہ سال سے 25 سال تک)
ایسے خواتین و حضرات جو کسی بھی وجہ سے کمزور یا کم وزن، خون کی کمی، معدے کی خرابی، جگر کی خرابی اور کمزوری، کسی بھی قسم کا ڈپریشن یا غم دماغی کمزوری کا شکار ہوں یا بیماری کے بعد بحالی کی حالت میں ہوں وہ تلبینہ استعمال کریں ۔
اور ایسے نوجوان جو مردانہ کمزوری یا عمومی کمزوری کا شکارہیں تلبینہ ان کے لیے ہے تلبینہ ایک یا دو وقت استعمال کریں خوب ورزش کریں ایک بات ذہن نشین کر لیں اچھی سے اچھی خوراک اور دوائی بیکار ہے اگر آپ ٹی وی کا ریموٹ یا فیس بک چھوڑ کر میدان کا یا جم کا رخ نہ کریں۔
ورزش کرنے والے نوجوان یا کھلاڑی اسے استعمال کر سکتے ہیں یہ آپ کے وزن کو برابر رکھ کر آپکا انرجی لیول بڑھاتا ہے اس کیٹیگری میں لوگ کجھور اور دودھ کو بڑھا کر اچھے نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔باڈی بلڈنگ زیادہ جسمانی ورزش والے حضرات 7 عدد چھلے ہوے بادام پیس کر شامل کریں اس سے انرجی لیول اور پروٹین بڑھ جائے گا۔
3 نوجوان خواتین و حضرات جو وزن کو کم کرنا چاہیں (سولہ سال سے 25 سال تک)
تمام دنیا میں جو یا جو کا دلیہ یا جو کی روٹی یا دوسری جو سے بنائی گئی مصنوعات وزن کو کم کرنے کے لیے افادیت کے لحاظ سے اول نمبر پہ ہیں ۔’جو ‘آپ کا وزن کم کرنے میں دو طرح سے کام کرتا ہے ایک تو میٹابولزم کی بحالی سے آپ کے جسم میں توانائی یا کلوریز کے خرچ ہونے کی رفتار کو تیز کرتا ہے اور آپکا
وزن کم ہونا شروع ہو جاتاہے۔دوسرا جو زیادہ ریشہ دار (High fiber Diet) جو معدے اور جسم پائی جانے والی چکنائی اور دوسرے فاسد مادوں کو جسم سے خارج کرتی ہے۔ ’جو‘ یا تلبینہ جگر کے افعال کو بہتر بناتا ہے جس سے آپکے جسم میں چکنائی کوہضم کرنے کی صلاحیت اور معدے کی ہاضمیت ٹھیک کام کرتی اور آپکا وزن کنٹرول ہونا شروع ہوتا ہے۔اور تلبینہ میں موجود شھد توانائی کو بڑھاتا ہے اور وزن کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
آپ کو صرف یہ کرنا ھے تلبینہ بناتے وقت کجھور مت ڈالیں اور شھد کی مقدار بڑھا دیں اور اگر چاہیں تو دودھ کی مقدار بھی کم کر دیں یا بازار سے کم چکنائی والا دودھ (Skimmed milk) لے کر وہ استعمال کریں اور خوراک دو وقت کریں ایک صبح ناشتہ اور رات کا کھانا اور کوشش کریں کہ تلبینہ کے علاوہ رات کو اور کچھ مت کھائیں بہت بھوک کی صورت میں صرف کوئی پھل لے سکتے ہیں اور دوپہر کا کھانا بھی سبزی سلاد اور کم چکنائی والی خوراک اور کوشش کریں کہ کھانا زیتون کے تیل میں پکائیں ہلکی ورزش کریں وزن دنوں میں کم ہونا شروع ہو جائے گا۔
4 بزرگ خواتین و حضرات (پچاس سال سے اوپر )
بزرگ خواتین اور حضرات کے لیئے یہ قدرت کا خاص تحفہ ہے تمام قسم کی کمزوری جو کسی بھی دوائی سے ختم نہیں ہوتی تلبینہ اسے کنٹرول کرتا ہے۔ پیر سالی میں جب جگر تازہ خون بنانا بالکل کم کر دیتا ھے تلبینہ آپ کے Hbکو بڑھا کر مطلوبہ سطح تک لے جاتا ہے۔اور پیر سالی میں پائی جانی والی بے وجہ پریشانی اور ڈپریشن کو ختم کرتا ہے ہاضمے کے مسائل حل ہو جاتے ہیں اور جسم میں توانائی اور ٹھراؤ لاتا ہے۔
یورپ میں ایسے مریضوں پر بھی تلبینہ کا تجربہ کیا گیا جن کا Hb کسی دوائی سے نہیں بڑھ رہا تھا اور نتائج حیران کن حد تک مثبت رھے حکماء حضرات استفادہ کرائیں ان شاء اللہ صد فیصد نتیجہ دے گا۔صرف شکر کے مریض کجھور اور شھد کا استعمال اپنے ڈاکٹر کے مشورے سے کریں جنہیں شھد اور کجھور ممنوع ہو وہ شکر کے مریض صرف نمکین دلیہ بغیر دودھ شھد اور کجھور استعمال کریں وہ فائدہ دیتا ہے۔
***
استادکو عزت دو
آج الیکشن کے سلسلہ میں آر ٹی ایس(ریزلٹ ٹرانسمشن سسٹم) کی ٹرینگ تھی۔ جس کے لئے کہا گیا کہ سمارٹ فون لے کر آئیں۔ اب وہاں مرد و خواتین کی اکٹھی ٹریننگ ہو رہی تھی وہاں پر زیادہ تر سکول ٹیچرز تھے۔ ایک میں کالج سے تھی اورایک کوئی محکمہ ماحولیات کی پراجیکٹ ڈائریکٹر بھی تھیں۔الیکشن کمیشن کے نمائندے نے کھڑے ہو کر کہا کہ سب لوگ اپنے سمارٹ فون نکال لیں۔ اب وہاں پرائمری اور مڈل سکول کے اساتذہ تھے، کئی نے تو سمارٹ فون کا نام ہی پہلی بار سنا تھا۔ اوپر سے محدود تنخواہیں، لا محدود مہنگائی۔ اکثر کے پاس نہیں تھا۔ اور جن کے پاس تھا انہیں اس کا لاک کھولنا بھی نہیں آتا تھا۔ الیکشن کمشن کے نمائندے نے ان اساتذہ کو نہایت بدتمیزی سے ڈانٹنا شروع کر دیا کہ جہاں سے مرضی لے کر آنا تھا۔کئی بزرگ استاد کندھوں پر صافے رکھے ہوئے گرمی اور پسینے میں شرابور آئے تھے۔ ان میں سے ایک بزرگ استاد جن کی سفید داڑھی تھی اور ان کی نیکی اور پارسائی ان کے چہرے سے عیاں تھی ،انہوں نے اپنا عام سا موبائل دکھایا اور کہا میرے پاس یہی ہے۔ الیکشن کمیشن کے نمائندے نے بدتمیزی کی انتہا کر دی۔ اس نے وہ موبائل سب کو دکھایا اور مذاق اڑانے لگا۔ جس پر ان استاد محترم نے کہا میں مہنگا موبائل افورڈ نہیں کر سکتا۔جس پر الیکشن والے بندے نے ان کی ٹھیک ٹھاک بے عزتی کی اور انہیں کہا کہ اپنے کسی بچے سے دو دن کے لیے لے لینا اور کچھ نہیں تو کسی ہمسائے سے مانگ کر لانا۔انہوں نے کہا میرے بچوں کے پاس بھی نہیں۔یہ بات وہ کھڑے ہو کر کر رہے تھے۔اس بندے نے کہا یہ کیسے ہو سکتا کہ بچوں کے پاس بھی نہ ہو۔آگے سے انہوں نے جواب دیا کہ بچوں کی روٹی بڑی مشکل سے پوری ہوتی ہے اور اس کے بعد ان کے چہرے پر بے بسی کے آنسو تھے جو مجھے ساری زندگی نہیں بھولیں گے. مجھے لگا میں نے یہیں بیٹھے بیٹھے مر جانا ہے۔بعد میں جو ہوا وہ لمبی کہانی ہے۔(ثمینہ خالد خان)
یہ ڈاکٹر، یہ پروفیسر، یہ انجنیئر، یہ بیوروکریٹ اور یہ جج.. سب ان استادوں کے ہاتھوں پروان چڑھے۔۔۔
استاد اتنا بے بس، اتنا مجبور اور اتنا غریب کہ بھری مجلس میں اپنا بھرم بھی نہ رکھ سکے۔۔۔۔۔ ان بزرگ استاد نے اپنے پیٹ سے کپڑا اٹھا کر گویا پوری قوم کو ننگا کر دیا. احساس کمتری کا شکار حکومت نے نقل یورپ کی کرنی۔۔۔اور عوام کی حالت فقیروں والی بنا رکھی ہے...
اگر الیکشن ڈیوٹی کے لیے اینڈرائیڈ فون ضروری ہے تو یہ گورنمنٹ کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام سٹاف کو فراہم کرے۔ اساتذہ کو کیوں ذلیل کیا جا رہا ہے۔۔۔