حمد رب جليل
سبھی کے دل میں سبھی کی نظر میں رہتا ہے
وہ سب کے ساتھ مسلسل سفر میں رہتا ہے
وہ ایک حسن جسے حسنِ لازوال کہیں
اُسی کا عکس شعورِ بشر میں رہتا ہے
اُسے تلاش کرو روشنی کے متوالو
وہ اک چراغ ہے جو سب کے گھر میں رہتا ہے
کوئی بتائے اندھیرے میں روشنی کی طرح
وہ کون ہے جو دلوں کے نگر میں رہتا ہے
نہ اُس کا رنگ ہے کوئی نہ رُوپ ہے ساقی
جو اُس کا حُسن ہماری نظر میں رہتا ہے