انٹرنیٹ بلاشبہ اس دور کی انتہائی اہم ایجاد ہے ۔جس نے زمان و مکان کے فاصلوں کو بے معنی کر کے رکھ دیا ہے۔ہر فرد ’ ہر طبقہ ’ ہر شعبہ اور ہر ملک اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لئے کوشاں ہے۔لیکن سائنس کی باقی ایجادات کی طرح یہ ایجاد بھی خیر کے ساتھ ساتھ شر کے پہلو سے خالی نہیں ہے۔اور یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے کہ نسلِ انسانی ہمیشہ کی طرح اس کے شر والے پہلو کی طرف زیادہ راغب ہے ۔ لیکن یہ بات بہر حال اطمینان بخش ہے کہ حاملین خیر بھی اس دوڑ میں بھر پور حصہ لے رہے ہیں ۔ان سطور میں انہیں حاملین خیر کا تعارف کرانامقصود ہے ۔ اس دفعہ ہم دو منفرد قسم کی اسلامی سائٹس کا تعارف پیش کر رہے ہیں۔ قارئین سے استدعا ہے کہ اگر ان کے علم میں کسی بھی پہلو سے اسلام کی خدمت سر ا نجام دینے والی سائٹ ہو تو اس کا تعارف اور ایڈریس ہمیں ضر ور ارسال فرمائیں۔ یہ صفحات آپ کے منتظر رہیں گے۔
اسلامی تعلیمات کو خالص علمی انداز اور قرآن وسنت کی روشنی میں پیش کرنے والی منفرد سائٹ
www.studying-islam.org
خیر کے علمبرداروں میں سے ایک نمایاں نام ادارہ المورد کاہے جوکم و بیش بیس برس سے لوگوں کو خیر کی طرف بلانے کا ساعی ہے۔ المورد کی مختلف علمی اور تعلیمی سرگرمیوں میں ایک اہم اور قابل قدر اضافہ سٹیڈنگ اسلام کی ویب سائٹ ہے جو جاوید احمد صاحب غامدی کی سرپرستی اور جناب شہزاد سلیم صاحب کی سربراہی میں اسلام کی تعلیمات کو مختلف تعلیمی کورسز کی شکل میں دنیا کے کونے کونے میں پہنچانے کے مشن پر گامزن ہے۔ اس سائٹ کی عمر اگرچہ بہت تھوڑی ہے مگر اس نے فاصلہ بہت سا طے کر لیا ہے۔
یہ سائٹ تعلیمی موادکوبزبان اردو اور انگریزی خالص علمی انداز اور مسالک وفرقوں کی بحث سے بالا ترہو کر محض قرآن و سنت کی روشنی میں پیش کرتی ہے۔ اسوقت کم وبیش ۲۱۵۰ طلبا ان کورسز میں داخلہ لے چکے ہیں اور ۳۶۰ اپنے کورسز مکمل کر کے سند بھی حاصل کرچکے ہیں۔ یہ کورسز اسلام کے بارے میں مختلف اشکالات کو حل کرنے او ر ذہنوں پر اسلامی تعلیمات کی حقانیت کو مرتسم کرنے کی خدمت بلاشبہ احسن انداز میں انجام دے رہے ہیں۔
ان کورسز کو بزبانِ انگریزی شہزاد سلیم صاحب نے ترتیب دیا ہے جبکہ ان کا ترجمہ بزبانِ اردو صدیق بخاری صاحب نے کیاہے۔
فی الحال درج ذیل کورسز کروائے جا رہے ہیں۔
بزبان انگریزی
1-Arrangement of the Quran
2-History of the Quran
3-Interpreting the Quran
4-Introduction to Hadith
5-Islamic customs and ettiquette
6-Islamic Punishments basic Directives
7-Islamic punishments misconceptions
8-Language of the Quran
9-Revelation of the Quran
10-Theme of the Quran
11-Understanding Islamic political directives
12-understanding the Sunnah
کورسز بزبان اردو
۱۔ اسلامی رسوم و آداب
۲۔ اسلامی سزائیں اصل احکامات
۳۔ اسلامی سزائیں چند غلط فہمیاں
۴۔ سنت نبوی
۵۔ قرآن کا موضوع
۶۔ قرآن کانظام
۷۔ قرآن کی زبان
۸۔ نز ولِ قرآن
ان کورسز کے علاوہ قرآن فار آل کے نام سے ایک پروگرام بھی اس سائٹ کا حصہ ہے جس کے ذریعے آسان فہم اند از سے قرآن کا ترجمہ بغیر گرائمر کی مشکلات کے سکھانے کی سعی کی گئی ہے۔ دینی سوال و جواب کی خدمت بھی اس سائٹ کا اہم عنصرہے۔
نہایت خوبصو رت انداز میں ترتیب دی گئی یہ سائٹ اس بات کا استحقاق رکھتی ہے کہ آپ اسے لازماوزٹ کریں۔
فن خطاطی پر بے مثال سائٹ
www.calligraphyislamic.com
مسلمانوں کے تہذیبی ورثے کا ذکر فن خطاطی کے بغیر پہلے بھی نامکمل ہوتا تھا او رآج بھی ہے ۔بلاشبہ یہ ایک ایسا فن ہے جس پر مسلمان بجا طور پر ناز کر سکتے ہیں۔ مسلمان خطاطوں نے اس فن کی جن جن پہلوؤں سے خدمت کی ہے وہ بھی ان گنت اور اپنی مثال آپ ہیں۔مصوری اور مجمسہ سازی سے اجتناب کرتے ہوئے مسلمانوں نے اپنی حس لطافت کا سارا زور جب اس میدان میں صرف کیا تو یہ فن بھی اس قابل ہو گیا کہ ذوقِ لطیف اور جمالیاتی حس کی تسکین کا پورا ساماں بن سکے ۔اگر چہ بدلتی ہوئی اقدار کے سنگ خطاطی بھی پس منظر میں دھکیلی جار ہی تھی تاہم ایسے فرزانے جنہیں لوگ دیوانے کہتے ہیں موجو دہیں جو سب کچھ تج کے اس مید اں میں اتر آئے ہیں تا کہ نہ صرف یہ کہ مسلمانوں کا یہ تابناک فن زمانے کی دست برد سے محفوظ ہو جائے بلکہ یہ جدید یت سے ہم آہنگ ہوکر ترقی کی منازل بھی طے کرے۔
بے داغ شباب اور ضرب ِ کاری کے حامل ایک جوان سجا د خالدکا نام بھی انہی دیوانوں یعنی فرزانوں میں شامل ہے۔سجاد خالداس قابل تھا کہ وہ کسی اور طرف رخ کرتاتو لاکھوں میں کھیل رہا ہوتا لیکن قدرت نے کچھ لوگ لاکھوں میں کھلینے کے لئے نہیں بنائے ہوتے بلکہ لاکھوں کو کہا جاتاہے کہ وہ ان سے رہنمائی حاصل کریں۔
فنِ خطاطی پر اپنی نوعیت کی پہلی سائٹ بھی سجاد خالد کی تخلیق ہے ۔ اور وہی تنِ تنہا اس کو چلا بھی رہا ہے ۔اس سائٹ کے ذریعے جدید دنیا میں اسلامی تہذیبی ورثے کو متعارف کرانے کا سہرا بھی اسی کے سر ہے۔
بلاشبہ یہ سائٹ سب سے بہترین ، اعلیٰ اور خوبصورت ہے۔ اسلامی آرٹ اور اسلامی کیلیگرافی کاتعارف ، اس کی تاریخ ، اس کے بڑے بڑے مسائل ، ان سے متعلقہ تقریباً تمام معلومات اور اسلامی آرٹ و کیلیگرافی کے تقریبا تمام شہ پارے یہاں موجود ہیں۔ مشہور خطاط اور آرٹسٹ ہاشم محمد ’استاد حامد علی الامدی’ یوسف سدیدی ’ نفیس الحسینی اور شفیق الزماں خاں جیسے ماہرین ِ فن کی تمام کاوشیں یہاں دیکھی جا سکتی ہیں۔ بعض شہ پارے دیکھ کر ایمان کو نئی تازگی اور روح کو سرور ملتاہے۔اسی روحانی سرور کیلئے ایک دفعہ اس سائٹ کو ضرو ر وزٹ کریں ۔ اس کے بعد پھر ہمیں کہنے کی ضرورت نہ رہے گی کیونکہ یہ آپ کی اپنی ضرورت بن جائے گی۔
٭……٭……٭