حمد باری تعالیٰ

مصنف : ناطق جعفری

سلسلہ : حمد

شمارہ : دسمبر 2008

شہ رگ سے بھی قریب ہے تو میرے کبریا
تیرے لیے زمان ومکاں کی بھی حد نہیں

 

تشبیہہ کس سے دوں تیرے حسن و جمال کو
خلقت کے پیرہن میں تیرے خال و خد نہیں

 

ہر در جو بند ہو تو تیرا در کھلا رہے
کوئی اپیل تیری عدالت میں رد نہیں

 

ہر اک محاذ فکر پہ ثابت ہوئی یہ بات
تو حاصل جنوں ہے متاع خرد نہیں

 

یوں تو خیال غم سے لرزتی ہے سانس سانس
تو پاس ہو تو خوف عذاب لحد نہیں

 

تو اس قدر عظیم ہے یا رب کہ بس نہ پوچھ
حد تو یہ ہے بتوں کو بھی تجھ سے حسد نہیں