لہسن ایک ایسی دوائی جڑ ہے جس سے گھر کا کوئی کچن خالی نہیں ہوتا ۔تقریبا ًتمام سبزی فروشوں کے علاوہ دیگر سٹوروں پر بھی بآسانی مل جاتا ہے ۔اسے چھیل کر یا رگڑ کرکھانوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔زیادہ تر خواتین لہسن کو مصالحے کا جز سمجھتے ہوئے استعمال کرتی ہیں اور عام طور پر اس کے طبی اور جادو اثر فوائد سے نا آشنا ہوتی ہیں ۔
لہسن کو ویدک زبان میں لسونا ،ہندی میں لہسن اوربنگالی زبان میں رسون کہتے ہیں جبکہ پنجابی ،سرائیکی میں تھوم ،عربی میں ثوم اور انگریزی میں اس کو گار لک GARILCکہتے ہیں ۔لہسن تقریباً دنیا کے ہر خطے میں پیدا ہوتا ہے اس کی باقاعدہ کاشت کی جاتی ہے ۔بعض علاقوں میں خود رو بھی پیدا ہوتا ہے ۔یہ اپنی مسلمہ افادیت کی وجہ سے دیسی یونانی طریقہ علاج کے علاوہ ایلو پیتھک اور ہو میو پیتھک میں بھی بکثرت استعمال ہو تا ہے ۔اطباء کے مطابق لہسن کا مزاج تیسرے درجے میں گرم اور خشک ہے ۔لہسن جہاں روز مرہ غذاؤں کے مضر اثرات دور کرتا ہے وہاں بطور دوا اکیلا اور مرکب صورت میں بھی بے انتہا شافی اثرات رکھتا ہے ۔رطوبات معدہ کو خشک کرکے معدہ کو طاقت دیتا ہے ۔ریاح کو خارج کر کے بادی امراض کا قلع قمع کرتا ہے ۔گردوں میں جمع شدہ ردی موادکو بذریعہ پیشاب خارج کرتا ہے اور بند حیض کو کھولتا ہے ۔شریانوں اور وریدوں کے خراب مواد کو بذریعہ پسینہ نکالتا ہے ۔ بلغمی کھانسی ،دمہ ،سانس کا پھولنا ،چلتے ہوئے سانس چڑھنا وغیرہ ختم کرتا ہے ۔لہسن میں ایک ایسا جز بھی ہے جو زہروں کا تریاق ہے ۔اسی وجہ سے ہمارے سالن وغیرہ مضراثرات سے محفوظ رہتے ہیں ۔
عصر حاضر کے خطرناک مرض کولیسٹرول کی زیادتی اور ہائی بلڈ پریشرکے لیے انتہائی مفید ہے ۔کولیسٹرول کی زیادتی میں مندرجہ ذیل طریقہ سے لہسن استعمال کریں ۔انشاء اللہ فائدہ ہوگا ۔لہسن کو کوٹ کر پانی نکالیں وزن میں ۵۰ گرام ہو۔ زنجبیل ۲۵ گرام لے کر آب لہسن اور زنجبیل اکھٹی ملا کر چھاؤں میں کپڑے سے ڈھانپ کر رکھ دیں جب خشک ہو جائے تو باریک پیس کر سب سے چھوٹے والے کیپسول بھر لیں شدید صورت میں ۲صبح ۲ شام ہمراہ عرق با دیان ۵۰ گرام کے لیں ۔بعد میں ایک ایک کر دیں۔ خون کی نالیوں کو صا ف اورحرکت قلب کو منظم کرتا ہے ۔بلڈ پریشر والے حضرات لہسن اور اناردانے کی چٹنی عام طریقے سے بنا کر ہر غذا کے ساتھ کھائیں ۔شدید صورت میں روزانہ صبح سویرے نہار منہ ایک پوتھی لہسن بغیر چبائے نگل لیں ۔تپ دق جیسی نامراد مرض میں بھی لہسن انتہائی کار آمد شے ہے ۔بازار میں دستیاب پیٹنٹ ادویات برائے بلڈ پریشر یا تپدق میں لہسن کا تیل یا سالم حالت میں ضرور شامل ہوتا ہے ۔دور جدید کی کئی دوا ساز کمپنیاں صرف لہسن کی پوتھی پر شوگر کو ٹڈ کر کے مختلف ناموں سے بازار میں فروخت کر رہی ہیں ۔سل کی حالت میں لہسن کھانسی کو روکتا ہے جمے ہوئے بلغم کو خارج کرتا ہے ۔ اس بیماری میں مسلسل استعمال سے مریض کے وزن میں اضافہ ہوتا ہے ۔لہسن کا مندرجہ ذیل مرکب تیار کر کے اطباء حضرات خصوصاً اور دیگر حضرات بھی بنا کر مستفید ہو سکتے ہیں ۔
آب لہسن ۵۰۰ گرام آب زنجبیل تازہ ۱۰۰ گرام ،دونوں کو ایک برتن میں ملا کر محفوظ رکھیں ۔اس کے بعد خاکسی ۲۵۰ گرام ،خطمی ۱۰۰ گرام ،گل بنفشہ ۱۰۰ گرام ،سرطان نہری ۱۰۰ گرام یہ تمام ادویات نیم کو فتہ کر کے تین کلو پانی میں ۲۴ گھنٹے بھگو کر رکھیں ۔بعد میں ہلکی آنچ پر ابا لیں ۔جب نصف رہ جائے تو اتار کر کپڑے میں چھا نیں ۔اب اس حاصل شدہ پانی میں آب لہسن اور آب زنجبیل ملا کر اکھٹا کر لیں بعد میں خالص شہد دو کلو کا اضافہ کر کے پکائیں شربت کا قوام ہونے پر اتار کر ٹھنڈا کر کے بوتلوں میں محفوظ رکھیں ۔خوراک ایک چمچ صبح ،دوپہر ،شام شدید حالت میں دو چمچ بھی دی جاسکتی ہے ۔نو زائیدہ بچے جن کو پیدائشی دمہ ہو ،دس قطرے تک دئیے جاسکتے ہیں ۔مندرجہ بالا مرکب تپ دق ،پرانے بخار ،ہذیان اور وبائی خناق میں مفید ہے پرانا دمہ جوڑوں کا درد ،پسلی کا درد ،ہوائی نالیوں کی بندش اس سے ٹھیک ہو جاتی ہیں ۔اکثر اوقات کالی کھانسی بھی ختم ہو جاتی ہے ۔کولیسٹرول کی سطح مناسب کر کے بلڈ پریشر اور اختلا ج قلب کا خاتمہ کرتا ہے پرانے اور ضدی امراض میں جن کا تعلق اعصاب سے ہو انتہائی مفید ہے ۔
تھکان اور کمزوری کو دور کرتا ہے قوت ہاضمہ پر خو شگوار اثر ڈالتا ہے ۔لقوہ ،فالج ادھر نگ میں دیگر ادویہ کے ہمراہ مفید ہے ۔گھریلو خواتین جب بھی گوشت ،گوبھی آلو وغیرہ جیسی چیزیں پکائیں آب لہسن ضرور شامل کریں ۔خاص طور پر سالن بھونتے ہوئے آب لہسن شامل کرنے سے اس کی افادیت برقرار رہتی ہے ۔لہسن بیرونی طور پر بھی کام آتا ہے ۔کان کا درد ،کان کی پیپ ،کان کا ورم وغیرہ کے لئے لہسن کو روغن کنجد میں ملا کر آگ پر جلائیں ۔
ٹھنڈا ہونے پر چھا ن کر محفوظ رکھیں چند قطرے نیم گرم حالت میں کان میں ڈالیں ان شاء اللہ آرام ہوگا ۔نزلے کی وجہ سے بند ناک میں آب لہسن کے چند قطرے ڈالنے سے ناک کھل جاتا ہے معدہ اور انتڑیوں کی سوزش میں لہسن کی مرہم بنا کر لیپ کرنے سے آرام ہوتا ہے ۔اسی طرح مندرجہ ذیل تیل تمام امراض باردہ اور دردوغیر ہ میں مفید ہے۔
لہسن ۱۰۰ گرام ،برگ ارنڈ ۵۰ گرام ،برگ دھتورہ ۵۰ گرام ،برگ آک ۵۰ گرام ،لونگ ۲۵ گرام ،دار چینی ۲۵ گرام تمام اشیاء موٹی موٹی کوٹ کر ایک کلو پانی میں رات کو بھگو دیں ۔صبح ابالیں جب نصف رہ جائے اسی میں ۱ کلو روغن کنجد ملا کر دوبارہ آنچ پر رکھیں جب تمام پانی جل جائے چولہے سے اتار کر ٹھنڈا کر لیں اور چھان کر محفوظ کر لیں یہ تیل تمام امراض باردہ ودرد وغیرہ میں بہت مفید ہے۔ (بحوالہ ماہنامہ برکات طب ڈیرہ غازی خاں)