سپيلنگ اور تلفظ كے لطائف

مصنف : قاسم سرويا

سلسلہ : لطائف و ظرائف

شمارہ : فروری 2024

لطائف و ظرائف

سپيلنگ اور تلفظ كے لطائف

ترتيب – قاسم سرويا

ہماری ايك ايم  اے انگلش پاس كزن receipt كو ہميشہ رسيپٹ پڑھا كرتی تھی بہت بار توجہ دلانے پر انہيں ٹھيك كرنا پڑا- اسی طرح ہمارے ايك كوليگ ايم ايس سی كيمسٹری federal كو في ڈرال پڑھا كرتے تھے اور باوجود بتانے كے اس كو ٹھيك كرنے پہ آمادہ نہ ہوئے –ہمارے ايك دوست chaos كو چا اوس پڑھا كرتے تھے -

محمد صديق بخاری

ہمارے ہاں ایسے ایسے سچولرز (Scholars) بھی ہیں۔ہماری اردو ریڈنگ کی کلاس میں انگریزی کا لفظ انٹیلیکچوئل (intellectual) لکھا آیا جسے میرے کلاس فیلو نے انٹل کچول (intal kachol) پڑھا اور تمام کلاس زعفران زار ہو گئی.

رابعہ خرم درانی

ہماری انگلش کی ٹیچر نمونیا کو پینی مونیا پڑھتی تھیں اور ہم بھی سمجھے اردو میں نمونیا اور انگلش میں پینی مونیا pneumonia ہوتا ہے۔ شکر ہے ایک دن بھائی نے سن لیا اور ٹھیک کروایا.

نیر تاباں

اس سے مجھے 'نٹورے' nature 'فٹورے' future یاد آگیا.

تنزیلہ یوسف

ہاہاہاہاہا... بچپن میں ایک بار تعلیم و تربیت میں ایک کہانی تھی. اس میں لفظ تھا "کتابچہ". میں اس کو کُتا بچہ پڑھتی رہی -

سلمیٰ حسین

Procedure  كوPro ce dure

پروسیجر کو پروسیڈر بھی پڑھتے سنا گیا اور۔۔۔ہم نے ایک مرتبہ Hi Tech... کو جب ہائی ٹچ پڑھتے سنا تو نہ پوچھیں کئی دن تک تنہائی میں بھی قہقہے لگا لیا کرتے تھے ۔اور پڑھنے والا لڑکا تبتی تھا۔۔۔افففف بولتے ہوئے جو منہ کی شکل بنتی تھی۔۔۔ اور ہم سب کو ہنستے دیکھ ان کا ہونقوں جیسا حال کئی دن تک محو نہ ہوتا تھا۔

خان نشراہا

اور میں گرل کو جرل پڑھتا تھا.

شہزاد ناصر

میں نے psychology کو پسے چولوجی کہتے ہوئے سنا۔ مت پوچھیں کیا حال ہوا ہنس ہنس کے.

زیبا نعیم

ایک ٹیچر CUP کو سپ pronounce کر رہے تھے.

شہزاد احمد

مائیٹوکونڈریا کو میتھوچوندریا سن کر بھی ایسی ہی feeling آتی ہے.

 Kamran

پرائمری سکول کے اساتذہ کی ٹریننگ کا پہلا دن تھا، سینئر ٹیچر نے بورڈ پر لکھا "CAT" اور ایک دیہاتی استاد سے پوچھا تو انہوں نے کھڑے ہوتے فٹا فٹ جواب دیا "کاٹ"۔ تمام اساتذہ بے ساختہ کِھلکِھلا کر ہنس پڑے اور یوں تربیتی نشست ایک چوہدری استاد کی بے عزتی کرنے پر شروع ہونے سے پہلے ہی عارضی طور پر برخاست ہو گئی۔پچھلے ہفتے ایک پاکستانی ورکر نے پوچھا کہ "سلیور" کیا ہوتا ہے؟ کچھ ہچکچایا اور کہا کہ پھر پڑھیں، خیر سے نٹورے (Nature) اور فٹورے (Future) والی کہانی ذہن میں آ گئی تھی سو پھر فوراً ہی سوال کیا کہ یہ کونسی زبان کا لفظ ہے، کہنے لگا انگلش کا۔ سپیلنگ کروائے تو پتہ چلا کہ لفظ "سلیور" نہیں "کلیور (Clever)" ہے۔

آر ایم اقبال

میرا اک دوست کہتا ہے یار اپنے کمپیوٹر سے گوگلی چروم کا سیٹ اپ کاپی کرکے دو۔حالانکہ وہ آرمی سے ریلیٹڈ تھا اب واپڈا میں اچھی پوسٹ پہ ہے-

نوید رشید

مسئلہ ہمارے لوگوں سے زیادہ انگریزی زبان کے تضادات کا ہے. بچپن میں The end کو تھینڈ اور Rain deer کو رنڈیر پڑھتے رہے.اردو میں بھی مکروہ کو مَکَروَہ اور گروہ کو گِروَہ پڑھتی رہی۔۔۔

عظمیٰ معروف

ایک عرصہ تک ہم بھی ایک عزیزہ سے "نیگ بور" نامی مخلوق کا ذکر سنتے رہے پھر منکشف ہوا یہ neighbor کی آتما رولتی تھیں.

طہٰ

میری کزن مزاحیات کو مزا۔حیات پڑ ھتی۔۔ اور ایک ماموں کانجن کو ماموں کا انجن.

حنا گل

سی ایچ اے آر جی ای... چرگے... Charge...

عبدالوحید

مجھے کیمسٹری کے ٹیچر سے نائٹرک ایسڈ کو شورے کے بجائے... شوربے کا تیزاب کہنے پر تھپڑ پڑ چکا ہے.

سید سیف

میں بچپن میں الله توکل کو الله تو۔۔کل پڑھتا تھا۔ اور بہت عرصہ تک اجنبی کو اج بنی پڑھتا رہا۔ وه تو جب عامر سلیم کا گانا سنا اجنبی مجھے تم یاد آتے ہو تب جا کے تصیح ہوئی.

ظہیر سیال

ایک دفعہ والد صاحب مرحوم نے بہشتی زیور یا کسی دوسری کتاب سے ایک لفظ پوچھا کہ بتاؤ بھلا یہ کیا لکھا ہے؟تو ہم نے اسے "پَن جوقتہ" پڑھا حالانکہ وہ "پنج وقتہ" لکھا ہوا تھا یعنی "پنجوقتہ نماز"

چودھری شہزاد

میرے ایک دوست نے کہا کہ میں نے آج ہروور مووی دیکھی ہے۔ بعد میں پتہ چلا وہ horror مووی تھی۔ اسی طرح میرا ایک دوست آج تک نیسٹل واٹر پیتا ہے۔ بولے تو Nestle.

نعمان بخاری

میں بچپن میں جھونپڑی کو جھو۔۔۔ نپ ڑی ۔۔۔ پڑھتا رہا ہوں 

ثاقب بشير

ہمارے انگلش کے ٹیچر piegon کے سپلنگ یاد کرنے کے لئے پائی جان پڑھاتے تھے- چھٹی جماعت سے انگلش جب شروع ہوئی تو مس نے لیسن پڑھایا جس میں دِس اور that بارے بتایا گھر آئی تو سوچا مس جی کو غلطی لگی ہوگی یہ تو ٹس اور ٹیٹ ہے بس پھر ایک عرصہ یہی پڑھتے رہے - دوسرا نالج کو کنالج بھی بہت پڑھا-

 

سرتاج قادر

بچپن میں اخبارات میں امریکہ کو "امر یَک" پڑھتے آئے۔

ارشد محمو

ہمارے ساتھ ایک ہائ کوالیفائیڈ فیلو کام کرتا تھا ۔ منٹس آف دی میٹنگ کو بار بار سمجھانے کے باوجود وہ ہمیشہ مائ نیوٹس آف دی میٹنگ پڑھتا تھا ۔ 

ظہور بلوچ

میرے دفتر میں ہیڈ کلرک ایک بل پاس کروانے کے لیے اس کے ساتھ آفس نوٹ لکھ کے لاۓ۔ میں پڑھوں اور پھر ان کی شکل دیکھوں۔ آخر میں نے پوچھ لیا یہ کیا لکھ کے لاۓ ہیں آپ؟کہتے میڈم آپ نے چیئرمین صاحب کو ایک بار رپورٹ لکھی تھی نا اس میں یہ لفظ لکھا تھا۔اب میں ہنسی کو بڑی مشکل سے ضبط کیے بیٹھی تھی۔ میں نے کہا جی جی میں نے لکھا تھا۔ ذرا پڑھ کے تو بتائیے کیا لکھا ہے آپ نے؟تو بڑے خوش ہو کے پڑھتے " براۓ ملاخط پیش ہے". محترم نے ملاحظہ کو ملاخط لکھا ہوا تھا۔اور دوسرے آفس میں اکاؤنٹنٹ کو ڈرافٹ لکھوا رہی تھی تو چنانچہ کو چوں نچہ لکھ کے بیٹھے تھے۔

اسما اطہر علوي

ہمارے گورنمنٹ سکول کی ہیڈ شکست کو شک ست shik sat. پڑھاتی ہیں میں نے تصحیح سے پہلے بے یقینی سے نجانے کتنی بار لغت سے دیکھا کہ کہیں ہم ہی علم سے محروم تو نہیں رہ گئے۔

حفصہ

میرے ایک دوست"حرارتِ غریزی" کو "حرارتِ عزیزی" کالج تک پڑھتے رہے۔۔ایک بار کسی مضمون کا تذکرہ ہوا تو اس میں حرارت غریزی کا ذکرہوا تو کہتے میں تو اس کو عزیزی پڑھتا ہوں۔

World cupکو ورلَڈ کپ اورغَیُّور کو غَےوَر پڑھنے والے بھی پیارے پیارے ساتھی رہے ہیں- بھائی جان کے ایک دوست تھے Unique کو یونی کیو پڑھا کرتے تھے۔۔۔۔۔پھر ایک دن ان کی کافی عزت کی گئی اب مانتے ہی نہیں-

 

 

محمد اعظم گل

او لیول کے سٹوڈنٹس کا اردو کا پیپر مزاحیہ ادب میں گرانقدر اضافہ کر سکتا ہے ۔ صنوبر کے درخت snowبر ۔ مظبوت۔ پھے پھڑے۔ معدہ كو میدہ ہی لکھا اور پڑھا جاتا ہے۔ ولولہ کو ولو لا -کلاس میں ساتھ بیٹھے دوست نے استاد جی کو کہا تھا ہمارے ادھر نئی بیکری کھلی ہے "جھرمٹ" اس کی مٹھائی بہت مزے کی کل لاؤں گا آپ کے لیے۔سب دوست اور استاد جی پریشان اے کیڑی بیکری اے بعد میں پتہ لگا گورمے کو جھرمٹ پڑھ رہا تھا-

ذوالفقار

میں بچپن میں بلونگڑے کو بلو+ نگڑے پڑھا کرتی تھی۔۔ کل ایک اسٹوڈنٹ نے بھی بلو نگڑے پڑھا تو بچپن کی یاد تازہ ہوگئی ۔۔

راحت

Martial artکو مارٹیل آرٹ بھی بولا گیا ہے-

شازيہ صادق

آٹھویں کلاس میں ہمارے انگلش کے ٹیچر نے anonymous کو انونی ماؤس پڑھایا تھا-

ظہير اقبال

اور میرے سامنے ایک ٹیچر پائیجن پڑھا رہے تھے قریب ہو کر بک دیکھی تو وہ pigeon تھا۔۔ اور ایک بار سکول میں انگلش کی ریپلیسمنٹ پر آئے ٹیچر PBUH کو پبھو پڑھا کے چلتے بنے۔

احمد ذيشان

ایک دفعہ ھمارے میٹرک کے کلاس فیلو نے busy کو بْزی پڑھا تھا اور جب ھمارے بی. ایس سی. کے کلاس فیلو گورائیہ صاحب نے امریکی صدر ھئیرلڈ ولسن کو "ھیرا لڈْو لسن" پڑھا تھا !!!

طارق محمود

 ہمارے علاقے کے ایک بڑے وکیل کے منہ سے ایک بار circumstances کو کُرکُمسٹانسز سنا -

بےبيگم لاہور اپنے میکے گئی پوچھا کہاں پہنچے تو بتایا بتیس (32) چوک پہنچ گئے۔ میں پریشان کہ یہ کون سا چوک ہے پھر سمجھ آیا … بتی چوک کی بتی کو پنجابی کا 32 سمجھ کر اردو میں منتقل کر دیا-

ملك بلال