شگفتہ، شگوفے

مصنف : شگفتہ خان

سلسلہ : لطائف و ظرائف

شمارہ : اپریل 2007

٭ شریف آدمی وہ ہوتا ہے جو کسی کاکام کرنے سے انکار نہ کرے مگر ا س کاکام کرنے سے ہر آدمی انکارکر دے۔

٭ سچی بات کہنے سے پہلے اگر اسے بار بار تولا جائے تو اس کاوزن کم ہوجاتا ہے۔

٭ دنیا کا بڑا جھوٹ یہ ہے کہ سیاسی لیڈر سچ بولتا ہے۔

عقلمند

کہتے ہیں کہ آئر لینڈ کے لوگ بہت بیوقوف ہوتے ہیں مگر میں ایک ایسے عقلمند آئرش سے واقف ہوں جو اپنی ہنی مون پر تنہا گیااور اس طرح اس نے اس رقم کو بچا لیا جو اسے اپنی بیوی پر خرچ کرنا پڑتی۔

پیشگوئی

پانچ سالہ وکی اپنی ہم عمر کزن کو بتا رہا تھاہمارے گھر میں ایک ننھا بھائی آنے والا ہے ۔تمہیں کیسے یقین ہے کہ بھائی ہی آئے گااس کی کزن نے پوچھا۔پچھلی بار امی بیمار ہو کر ہسپتال گئی تھیں تو ہمارے گھر میں ننھی سی بہن آئی تھی اس مرتبہ ابو بیمار ہو کر ہسپتال گئے ہیں اس لیے ضرور ننھا سا بھائی آنے والا ہے۔

تجریدی آرٹ

تجریدی آرٹ کی نمائش میں ایک چھوٹا لڑکا ایک تصویر کے سامنے رکا اوراپنی ماں سے کہنے لگا۔ امی جان اس تصویر میں کیا ہے؟ماں نے غور سے تصویر کو دیکھا اور کہا ایسے معلوم ہوتا ہے کہ مصور اس میں چرواہے اور گھوڑے کو دکھانا چاہتا ہے ۔ تو پھر اس نے کیوں نہیں دکھایا ، لڑکا بولا۔

کب سے

کمپنی کے معائنے کے دوران میں ڈائریکٹر نے ایک کلر ک سے پوچھا، آپ کب سے یہاں کام کر رہے ہیں؟کلرک نے جواب دیا ، جب سے آپ کو ہال میں داخل ہوتے دیکھا ہے۔

سیدھا سادہ معاملہ

ایک ٹھیکے دارکسی محکمہ میں اپنا کام نکلوانے کے لیے متعلقہ افسر کو کار کی پیش کش کر رہا تھا۔ افسرنے نہایت متانت سے جواب دیا دیکھیے جناب یہ سیدھی سید ھی رشوت ہے میرا ضمیر اس کی اجازت نہیں دیتا۔ ٹھیکے دار نے کہا جناب میں آپ کو یہ کار مفت نہیں دے رہاآپ مجھے اس کار کے عوض سو روپے دے دیں۔ اب تو یہ رشوت نہیں، سید ھا سادہ خریدو فروخت کا معاملہ ہے ۔افسر نے چند لمحے غور کیااوربولا ایسی صورت میں تومیں دو کاریں خریدوں گا۔