ج: عزت نفس ایک بڑی پاکیزہ چیز ہے یعنی آدمی اپنے آپ کو خدا کا بندہ تو سمجھتا ہے لیکن خود کو حقیر مخلوق نہیں سمجھتا ۔ وہ یہ خیال کرتا ہے کہ مجھے عزت اور وقار کے ساتھ اپنا معاملہ کرنا ہے ۔ عزت اور وقار ایک الگ چیز ہے جبکہ انانیت اور چیز ہے ۔اس کو دوسر ے لفظوں میں تکبر سے تعبیر کیا جاتا ہے ۔ رسول اللہ ﷺ سے جب یہ پوچھا گیا کہ میرا جی چاہتا ہے کہ میں اچھا لباس پہنوں ، اچھا جوتا پہنوں تو کیایہ تکبر تونہیں ہے؟ تو آپ نے فرمایا اللہ جمیل ویحب الجمال یعنی اللہ خود بھی خوبصورت ہیں اور خوبصورتی کو پسند کرتے ہیں ۔یہ کوئی بری چیز نہیں ہے ۔ تکبر اور انانیت یہ ہے کہ آدمی حق کے سامنے اکڑ جائے اور دوسروں کو حقیر سمجھے۔ ہر انسان کو اپنا بھائی سمجھیے ، کبھی کسی کو حقیر نہ جانیے اور اگر کسی وقت اقتدار ،دولت یا علم کے زعم میں کوئی غلط بات کر بیٹھیں تو ہاتھ جوڑ کر معافی مانگیے اس لیے کہ مظلوم اور اللہ کے مابین کوئی حجاب نہیں ہوتا۔
(جاوید احمد غامدی)