ج: پاکستان میں رہتے ہوئے ایک انقلاب توآپ ہر وقت برپا کر سکتے ہیں اور وہ آپ کی اپنی ذات میں انقلاب ہے۔ اسی کو زیادہ تر توجہ کا موضوع بنانا چاہیے۔ دوسرا انقلاب آپ یہ برپا کر سکتے ہیں کہ اپنے گرد و پیش کے ماحول میں اللہ کے دین کا شعور پیدا کیجیے۔ اس میں بھی کوئی مانع نہیں ہے ، اگر تھوڑا سا وقت نکالیں گے تو یہ انقلاب بھی برپا ہو جائے گا۔ باقی قوموں کے معاملات اللہ اپنی مشیت سے کرتا ہے۔ جب وہ کر دے گا تو انقلاب برپا ہو جائے گا۔ورنہ یہ دنیا اس نے جنت بنانے کے لیے نہیں بنائی۔ یہ دنیا آزمایش کی دنیا ہے۔ اس میں کوئی اگر اچھی حکومت قائم ہو بھی گئی تو اطمینان رکھیے زیادہ دیر نہیں چلے گی۔ اس کے بعد اس میں بھی زوال آئے گا اور وہ کچھ سے کچھ ہو جائے گی۔ سوڈان میں کیا ہوا، لیبیا میں کیا ہوا، اس صدی کی پہلی دہائی میں محمد بن عبد الوہاب کے انقلاب کیا ہوا یہ سب آپ کے سامنے ہے ۔اللہ کی دنیا میں آزمایش کے دن بدلتے رہتے ہیں۔ حکومتوں میں بھی خرابیاں آتی رہتی ہیں، عوام میں بھی آتی رہتی ہیں۔ آپ یہ دیکھیے کہ آپ کو کیا کرنا ہے۔ آپ کی ذمہ داریاں کیا ہیں۔ اُن ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی حسب استطاعت کوشش کیجیے۔
(جاوید احمد غامدی)