نظم

مصنف : ڈاکٹر نصیر احمد نا صر

سلسلہ : نظم

شمارہ : اپریل 2014

بہت دْور ایک گاؤں 
بہت دور گاؤں ہے میرا 
جہاں میرے بچپن کے جگنو 
ابھی تک گھنے پیپلوں پر چمکتے ہیں 
میری زباں سے گرے توتلے لفظ اب بھی 
کئی سال سے غیرآباد گھر کی 
پرانی، جھکی، آخری سانس لیتی ہوئی 
سیڑھیوں پر پڑے ہیں 
کہ جیسے خموشی کے سینے میں خنجر گڑے ہیں 
بہت دْور گاؤں ہے میرا 
جہاں شام ہوتے ہی تاریکیاں پھیل جاتی ہیں 
آٹے کی چکی کی تْک تْک 
پرندوں کی ڈاریں 
کہیں دْور جاتی ہوئی 
گھنٹیوں کی صدائیں 
سبھی ایک خاموش لَے میں بدل کر
سیہ رات کی جھیل میں ڈوبتی ہیں 
بہت دْور گاؤں ہے میرا
جہاں لالٹینوں کی مدھم لرزتی ہوئی روشنی میں 
سبق یاد کرتے ہوئے 
میں نے اچھے دنوں کے کئی خواب دیکھے 
بہت دْور گاؤں ہے میرا 
جہاں میری پہلی محبت کی پرچھائیاں ہیں 
اداسی میں ڈوبے ہوئے راستے، 
کھیت، اسکول، جوہڑ، درختوں کے جھرمٹ، 
پْراسرار تنہائیاں ہیں 
بہت دْور گاؤں ہے میرا 
جہاں چاند راتوں میں خاموش گلیوں سے، 
بوڑھے درختوں کی شاخوں سے، 
سوئے ہوئے آنگنوں سے گزر کر 
ہوا اب بھی آتی ہے 
چْپکے سے مجھ کو بلاتی ہے 
لیکن نہ پا کر مجھے لوٹ جاتی ہے
عادت ہوا کی ابھی تک وہی ہے 
کہ فطرت ہوا کی ابھی تک وہی ہے 
مگر زندگی نے مجھے روند ڈالا ہے 
شہروں کی بے راستہ بھیڑ میں۔۔۔۔۔۔۔! 
(نصیر احمد ناصر، ’پانی میں گم خواب‘ سے ایک نظم)