ٹھنڈا مرد

مصنف : طاہرہ کاظمی

سلسلہ : سماجیات

شمارہ : اگست 2023

سماجيات

 ٹھنڈا مرد

ڈاکٹر طاہرہ کاظمی

کبھی ان شادی شدہ عورتوں کے بارے میں بھی لکھیے جن کی شادی میں جنسی تعلق کا عمل دخل نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے ۔ کیوں کرتے ہیں ایسے مرد شادی ؟ اپنی کمزوری کو جانتے بوجھتے ہوئے ایک عورت کو اپنی زندگی میں شامل کرنا اور پھر یہ سوچنا کہ ٹھیک تو ہے سب کچھ __کیا فرق پڑتا ہے اگر جنسی تعلق بہت پرجوش نہیں__ بھلا عورت کو کیا فرق پڑتا ہے ؟ وہ کیوں نہیں سمجھتے کہ فرق پڑتا ہے عورتوں کو __بیوہ نہ ہوتے ہوئے بھی بیوگی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور عورتیں___شوہر کے انکار پر جنسی خواہش کو قتل کرتی ہوئی عورتیں۔ عزت نفس اور ایمان کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اپنی ضرورت کے لیے کسی اور رستے پر نہ جانے والی عورتیں ! بہت سی راتیں ایسی بھی آتی ہیں جس میں وہ اپنے آپ کو سمجھا بجھا کر شوہر سے بھیک نہیں مانگتیں ۔ مگر کبھی کبھار خود سے ہار کر شوہر کی طرف دیکھیں بھی اور سرد مہری کے سوا کچھ ہاتھ نہ آئے تو وہ کیسے کرچی کرچی ہوتی ہیں ___کوئی نہیں جانتا ۔کیسے وہ ہر رات خود کو بہلا کر سلاتی ہیں کہ کہیں کوئی بیوہ بھی تو ایسے ہی اسی طرح اپنی آزمائش سے جنگ کرتے ہوئے سو گئی ہو گی ۔ گناہ کرتے ہوئے ڈر لگتا ہے ، خدا کا خوف آڑے آتا ہے ورنہ اپنی پیاس بجھانے کے مواقع ہزار

ایسے شوہر کو چھوڑنا بھی مشکل کہ میکہ اجازت نہیں دیتا ۔ پھر کیا کریں وہ سب ؟ کیسے اپنی خواہش کو ہمیشہ کی نیند سلائیں؟ کیا کہیں ہے ایسی کوئی گولی؟ کوئی آپریشن؟ دماغ کا ؟ اعصاب کا؟ ضرورت کا؟ ویجائنا کا؟

خواہش کا ؟جو عورت کے اندر سے سب ختم کر دے۔آپ سینئر گائناکالوجسٹ ہیں ، آپ تو جانتی ہوں گی کوئی حل ؟ کیا آپ کے پاس کوئی ایسا علاج ہے ؟ کیا کر سکتی ہیں عورت کا ایسا آپریشن جو خواہش کو جڑ سے اکھاڑ دے ؟ علاج تو ایسی عورت کا ہی ہونا چاہئے نا جس کا شوہر یہ ماننے کو تیار ہی نہ ہو کہ کوئی مسلہ ہے ؟ اگر مسلہ ہوتا تو شادی کے آغاز میں دو بچے کیسے ہو جاتے ؟ کبھی کبھار کے تعلق اور دو بچوں نے اس مرد کو ایک ایسے چبوترے پر کھڑا کر دیا ہے جہاں وہ اپنی کمزوری کو کمزوری ہی نہیں سمجھتا ۔ پلیز اس درد کے بارے میں لکھیے جو عورت محسوس کرتی ہے ۔ اس کمی کو بیان کیجیے جو عورت کو نیم جاں کرتی ہے ۔ جب اسے کوئی حل نظر نہیں آتا ، بہتری کی کوئی امید دکھائی نہیں دیتی۔ مہینے گزر جاتے ہیں ایک دوسرے کی قربت کو ترستے __ لگتا ہے عمر یونہی عمر گزر جائے گی ۔ دعا ہے کہ میں جلد از جلد بوڑھی ہو جاؤں ، میرا مینوپاز شروع ہو اور میرا جسم کا عذاب ختم ہو ۔

( میری عمر بتیس برس اور شادی کو سات برس ہوگئے) “ دو عورتوں کے لکھے ہوئے دو خط __ ایک آپ نے پڑھ لیا ۔ دوسرا بھی پڑھ لیجیے ۔ دونوں خط زندگی کا وہ رخ دکھاتے ہیں جو ہمیشہ اندھیرے میں رہتاہے ۔ ہنستے کھیلتے ساتھ زندگی گزارتے میاں بیوی __ لیکن پردے کے پیچھے کیا ہے کوئی نہیں جانتا ۔

میں پچاس سالہ عورت ہوں ، مینوپاز شروع ہو چکا ۔ شادی کو چوبیس برس گزر چکے ۔ ایک پیچیدہ تعلق ، محبت کا جس میں دور دور تک گزر نہیں ۔مسلہ یہ ہے کہ میرے شوہر کو جنسی تعلق قائم کرنے کا شوق تو ہے لیکن اہلیت زیرو ۔ جب کچھ نہیں بن پڑتا تب وحشت اور بربریت کا کھیل کھیلا جاتا ہے وہ بھی ہر دوسری رات ۔ مجھے حکم ملتا ہے کہ شوہر کی مدد کروں ہر ممکن و ناممکن طریقے سے ۔ اس سارے عمل میں ڈھائی تین گھنٹے لگتے ہیں ۔ بارہا میرا بازو Tennis elbow بن جاتا ہے جس کی مہینوں فزیو تھراپی کروانا پڑتی ہے لیکن مجھے معافی پھر بھی نہیں ملتی ۔ میں روتی ہوں __چیختی ہوں __میں اس کو کاٹ دینا چاہتی ہوں ۔ میں خود کو گالیاں دیتی ہوں ، مرنا چاہتی ہوں ۔ لیکن میری کوئی دعا کوئی التجا کام نہیں آتی ۔

کیا کوئی ایسی دوا ہے جو اسے انسان بنا دے ؟ اگر اس کی نارمل اہلیت بحال ہو تو شاید اس کی وحشت میں کچھ کمی ہو جائے ، جس کا نشانہ میں بنتی ہوں ۔ چلیے نارمل اہلیت بحال نہ بھی ہو مگر یہ سب کچھ تو نہ ہو۔

اس میں بے انتہا درد ہے __مجھے خود سے بو آتی ہے __مجھے ذلت کا احساس ہوتا ہے ۔

میں اس کی ہزار بار منت کر چکی ہوں کہ وہ مجھے چھوڑ دے ۔ لیکن وہ قبضے میں آئی مفت کی عورت کو کیوں رہا کرے ؟ اس کے مطابق وہ سو نہیں سکتا اگر وہ اس عمل سے نہ گزرے __سوچیے کون اور برداشت کرے گی ؟ چھوڑ نہیں سکتی کہ بچے ہیں ، پڑھ رہے ہیں ۔ میکے میں سپورٹ سسٹم کوئی ہے نہیں ۔ یہ بھی بتا دوں کہ وہ کافی پڑھا لکھا ہے، معاشرے میں بہت نیک نام سمجھا جاتا ہے ۔بتائیے کیا کروں ؟

قارئین ، ہم گنگ ہیں __کیا کہیں ؟