جگنوؤں بھری لالٹین

مصنف : حنظلہ الخلیق

سلسلہ : غیر ملکی ادب

شمارہ : دسمبر 2021

تبّت کی ہر وادی برف سے ڈھک گئی تھی۔راتیں سیاہ تھیں اور لمبی لیکن سفید برف اس سیاہی میں عجیب سا منظر بنا دیتی ۔ ایک دور وادی میں ، جو کہ چار پہاڑوں کے عقب میں تھی،بانس کی ایک کٹیا کھڑی تھی۔یہ بوڑھے بانگو کا کاشانہ ہے۔ جھونپڑی کے دروازے پر لکڑی کا ایک تختہ بطور آڑ رکھا ہوا تھا اور اس کی چھت کی اطراف ترچھی تھیں تا کہ برف کے گولے گرتے ہی پھسل جائیں اور وزن سے بانس نہ ٹوٹیں۔جھونپڑی کوئی بیس پچیس فٹ لمبی اور اتنی ہی چوڑی تھی۔اندر دو چارپائیاں تھیں اور ایک اپلوں کی انگھیٹی جس کی حرارت اس جان لیوا سردی میں بانس کی اس کٹیا کو ایک اگلو سا بنا دیتی اور مکین جاڑے کی شدت سے محفوظ رہتے ایک طرف کھونٹی سے پرانی لالٹین لٹک رہی تھی جس کی لو سے اندر بمشکل ہی روشن ہوتا تھا۔جھونپڑی کے دروازے پر قبائلی زبان میں خوش آمدید اور مہمان نوازی کی دعوت کے بارے کچھ الفاظ لکھے تھے اور دائیں جانب ہی گھاس کے ایک ڈھیر کے پاس تین دنبیاں اور ایک یاک کھڑا تھا۔جب موسم خوشگوار ہوتا تھا تو بانگو اپنے مویشی باہر لے جاتا اور رات خوبانی کے درختوں کے ساتھ باندھ دیتا لیکن آج کل موسم اتنا سرد تھا کہ وہ بے زبان روحیں کھلی فضا میں اس کی شدت کی تاب نہ لا سکتی تھیں ۔بانگو کی بیوی اون کی پوشاک بنتی رہتی اور ہر ڈورے کے ختم ہوتے ہی دوسرا نکال کر دھاگے جوڑ دیتی۔اس سنسان اور سرد وادی کے اس جوڑے کے دو بچے تھے، لوگیس، بڑی تھی 9 سال کی اور لوشی 5 برس کا تھا۔بانگو شادی سے پہلے 2 میل دور اپنے گاؤں میں رہتا تھا لیکن شادی کے بعد اس نے خوبانی کا ایک باغ اگایا اور بانس کی یہ رہائش تیار کر کے اپنے گھر والوں کو یہاں لے آیا۔بانگو خود تو بوڑھا ہو رہا تھا لیکن اس کی بیوی نوجوان تھی۔ہلکی سی نازک،دو بچوں کی ماں ہوتے ہوئے بھی جب کبھی وہ سردی سے ٹھٹھرتی اور اپنی ہتھیلیاں انگیٹھی پر گھماتی تو وہ بھی ایک کمسن بچی ہی لگتی۔لمبی اندھیری راتوں میں لالٹین کا شعلہ بھی سردی سے مدہم پڑجاتا اور اس کے گول شیشے پر جمنے والی نمی اس منظر کو اور دھندلا دیتی ۔بانگو ہر دو ہفتے بعد گاؤں جا کر تیل لے کر آتا ۔ لیکن اس بار لگتا تھا کہ وہ برفباری میں جانے سے کترا رہا تھا۔لالٹین کا شعلہ ہر گزرتی شب اور مدہم ہوتا جا رہا تھا۔
لوشی ہر وقت سرمئی دنبی کے پاس ہی بیٹھا رہتا بلکہ اپنا کھانا اور دودھ بھی اس کے پاس ہی لے جاتا۔بانگو نے جب سے اسے بتایا تھا کہ یہ دنبی کچھ دنوں میں بچہ جننے والی ہے تب سے اس کے دماغ میں صرف ایک ہی منظر سمایا تھا۔۔۔دنبی کا معصوم بچہ،جس کے بال موم کی طرح ملائم اور نرم ہونگے اور، وہ اپنی ماں سے چمٹ کر دودھ پیے گا۔۔۔۔لوشی اس دنبی کا منہ پکڑ کر سہلاتا اور اس کے کان کے پاس سرگوشی کرتا:"اس بار سب سے پہلے تمہارا بچہ میں دیکھوں گا ، ،اچھی دنبی!اگر میں سو گیا تو تم بچہ نہ دینا، جب میں جاگا تم تب ہی اپنا بچہ پیدا کرنا۔۔نہیں تو میں تم سے کبھی نہیں بولوں گا"۔دنبی کی آنکھیں حیرت سے لوشی کو تکتی رہتیں ۔بانگو کی بیوی نے دنبی کے پیٹ پر دولائی باندھ دی تھی۔بانگو کو امید تھی کہ دو ، تین دن میں دنبی بچہ جن دے گی لیکن اسے یہ اندیشہ تھا کہ لالٹین بجھ جائے گی اور اندھیری رات میں روشنی کا انتظام مشکل ہو جائے گا۔لوشی اپنی بہن سے بہت پیار کرتا تھا اور برفباری سے پہلے وہ دونوں باہر وادی میں کھیلتے،تتلیاں،جگنو اور چڑیاں پکڑتے ،اور انہیں گھر لے آتے۔لوشی نے اپنے ڈبے میں مینا کا بچہ ڈال رکھا تھا، جس کو وہ دن میں کئی بار دیکھتا اور پھر ڈبے میں ڈال دیتا ۔اس رات لالٹین کا ٹمٹماتا شعلہ مکمل طور پر بجھ گیا اور جھونپڑی میں پوری طرح اندھیرا چھا گیا۔بستروں کے پاس انگیٹھی کی آگ سے ہلکی ہلکی روشنی ہو رہی تھی۔لوشی اس رات سونے کی کوشش میں نہ تھا۔اس کے دل میں بار بار یہ خیال آتا کہ اگر وہ سو گیا تو پھر صبح، دن چڑھے ہی اٹھے گا، اور اگر تب تک دنبی نے بچہ دے دیا تو وہ اسے سب سے پہلے کیسے دیکھے گا، اس کے ماں باپ تو صبح سویرے ہی جاگ جاتے ہیں ۔آدھی رات کو اس نے لوگیس کی رضائی ہلا کر اسے اپنا اندیشہ بتایا۔
بانگو کل سے گاؤں گیا تھا کیونکہ وہ مکھن اور اونی چغے بیچ کر کچھ چیزیں خرید کر لانا چاہتا تھا اور لالٹین کے لیے تیل بھی۔لوشی دنبی کے پاس جانا چاہتا تھا لیکن اندھیرے میں وہ اپنے بستر سے نہ اٹھا۔اندھیری جھونپڑی میں حاملہ دنبی دوسرے مویشیوں سے الگ بیٹھی تھی۔ اچانک اس کی آنکھوں میں چمک کی ایک لہر دوڑی، اس نے اپنا پیٹ اٹھایا اور پھر اس کا موٹا وجود چند لمحوں میں ہلکا ہو گیا،،ننھا اونی ریشم کا گولا ماں کی ٹانگوں سے لپٹا ہوا تھا۔دنبی زمین پر بیٹھ گئی اور اپنے جگر کے ٹکڑے کا لمس لینے لگی۔
لوگیس نے لوشی کو کچھ کہے بغیر اپنی چارپائی کے نیچے ہاتھ ڈال کر ایک تھیلی نکالی، جس میں اس نے تین ، چار دن پہلے کافی جگنو بند کر دیے تھے۔لوشی حیرت سے اپنی بہن کی تھیلی کو دیکھ رہا تھا۔لوگیس چپکے سے اٹھی اور لالٹین اتار کر انگیٹھی کے پاس لے آئی۔اس نے لوشی کو اشارہ کیا، وہ دونوں بہن بھائی لالٹین کو کھولنے لگے۔لوگیس نے جگنوؤں سے بھری تھیلی لوشی کو پکڑاتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی وہ لالٹین کا شیشہ سرکائے، وہ تھیلی شیشے میں پلٹ دے۔ باہر کہر بھری ہوا چل رہی ہے ۔ان کی ماں لحاف اوڑھے نیند کی وادیوں میں گم ہے۔لوگیس نے شیشہ اٹھاتے ہی لوشی کو بلایا تو اس نے فوراً تھیلی کا منہ پھیلا کر شیشے میں پلٹ دی۔لوگیس نے فورا ہی شیشے کو گھما کر بند کیا اور دامن سے نمی کی تہہ کو صاف کر دیا۔ایک لمحے میں لالٹین کا شیشہ ہلکا سا روشن ہوا۔دسیوں جگنوؤں نے اتنی روشنی ضرور کر دی تھی کہ وہ جانوروں کے پاس چلے جاتے۔لوشی لالٹین اٹھا کر دنبی کے پاس آیا تو خوشی سے لوگیس کو آوازیں دینے لگا،اس نے ننھے میمنے کو چوما،وہ سفید اور ملائم تھا-،نازک اور کوسا کوسا۔لوشی سوچ رہا تھا کہ میمنا بھی برف کی طرح سفید ہے لیکن برف تو بڑی ٹھنڈی ہوتی ہے اور یہ میمنا بڑا گرم ہے۔لوشی بار بار میمنے کو چومتا اور اس کے گرم وجود پر ہاتھ پھیرتا۔اس نے دنبی کے سر کے پاس جا کر کہا:"اچھی دنبی!تمہارا شکریہ "،۔لالٹین کی مدہم روشنی میں لوشی دنبی کے پاس بیٹھا خوشی منا رہا تھا جبکہ شیشے میں کئی ننھے شعلے دم توڑ رہے تھے۔

بشکریہ : (تبّت کے لوک ادب سے ایک خوبصورت کہانی)