مچھلی پکڑنا سکھانا

مصنف : توقیر بھملہ

سلسلہ : سماجیات

شمارہ : ستمبر 2021

اگر آپ اپنی زندگی کو بہتر بنانے اور غربت سے نکلنا چاہتے ہیں تو میرا آزمودہ فارمولا رٹ لیں اور اس پر عمل کرکے دیکھیں-

کیپیٹل +مینٹرنگ+نیٹ ورکنگ+ٹائم

برابر ہے  کامیابی

سرمایہ + قابل تجربہ کار شخص کی راہنمائی + مطلوبہ رابطے + وقت = کامیابی  

  ●سرمایہ  Capitalاپنے خوابوں میں رنگ بھرنے کے لیے سرمایے کا ہونا یا نہ ہونا زندگی کا ایک نہایت اہم پہلو ہے.. ہم یہی سنتے ہیں کہ سرمایے کے بغیر آپ ایک بہتر اور خوشحال عملی زندگی کے متعلق سوچ نہیں سکتے.. مگر کیا واقعی سرمایہ کسی بھی کام کی بنیاد ہے؟ کسی حد تک سرمایے کا ہونا ایک اہم حصہ ہوسکتا ہے، مگر کسی سٹارٹ اپ یا کسی کام کے لیے ایک بہترین موقع اور وقت دیکھ کر کسی درست چیز کو منتخب کرنے کے متعلق ایک درست فیصلہ کرنا آدھی کامیابی ہوتی ہے- کسی بھی نوجوان کے لیے اپنے خواب یا اپنے آئیڈیا کو پورا کرنے کے لیے مطلوبہ سرمایہ حاصل کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہوتا ہے- بدقسمتی سے ان کے پاس کوئی ایسا ذریعہ بھی نہیں ہوتا جس سے وہ سرمایے کا بندوبست کرسکیں- اگر تو ان کے پاس شاندار آئیڈیاز ہیں، اونچے خواب ہیں جن کو تعبیر و تکمیل تک پہنچانا چاہتے ہیں تو پھر انہیں مطلوبہ سرمائے کا درست تخمینہ لگا کر اس کا بندوبست کرنا ہوگا، اس کے لیے وہ کرسکتے ہیں- وہ اپنے خاندان، رشتے داروں سے قرض لیں، کوئی خاندان کا مشترکہ فنڈ ہے تو اس سے مدد لیں. حکومت کا نوجوانوں کی مدد کرنے کے لیے ایک فند یا گرانٹ کا نظام ہوتا ہے وہاں تک رسائی حاصل کریں اور وہ فنڈ یا گرانٹ لیں. چھوٹے کاروباری قرضے، ایسے بنک جو حکومتی سرپرستی سے چل رہے ہوں وہاں سے قرض لیں- بنکوں سے شخصی قرض لینا ایک نہایت مشکل کام ہوتا ہے، کئی طرح کے معاہدے، کاغذی کارروائیاں، ضمانتیں اور کڑی شرائط جیسے مراحل کو جھیلنا پڑتا ہے- مختلف رفاعی و فلاحی اداروں سے بلاسود قرضے آسان شرائط پر حاصل کرنا اپنے خاندانی اثاثے فروخت کرنا- قریبی لوگوں سے اپیل کرنا- پارٹنرشپ کرنا یا جوائنٹ بزنس پارٹنر ڈھونڈنا کوئی انویسٹر ڈھونڈ کر اسے سرمایہ کاری پر آمادہ کرنا. وغیرہ وغیرہ-کاروباری سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ اپنی ذات پر سرمایہ کاری کریں جدید علم و ہنر سیکھ کر اپنی شخصیت میں ویلیو ایڈ کرتے رہیں-

  ●مینٹورنگ Mentoring اپنا وقت بہت زیادہ علم حاصل کرنے میں گزار دینا یا پھر تجربات کرتے رہنا، اور یہ سوچ رکھنا کہ میں غلطیاں کرتا رہوں گا اور خود بخود سیکھتا رہوں گا تو یہ طرزِ عمل کسی حد تک درست ہوسکتا ہے مگر مکمل درست نہیں-اپنے وقت کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے کسی ایسے شخص کو راہنما بنا لیا جائے جو کسی شعبے میں ایک اتھارٹی کا درجہ حاصل کرچکا ہو، جو آپ کو وہی کچھ بتائے، جو کام آنے والا ہو، جس کو اختیار کرکے آپ غلطیوں سے بچ جائیں، آپ چیزوں کے مخفی پہلو دیکھنے لگ جائیں، ایک لگے بندھے نظریے سے ہٹ کر آپ کا نقطہ نظر وسیع اور مختلف ہوجائے - جو آپ کے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو پہچانے اور آپ کو آگاہ کرے، جو آپ کی شخصیت کو نکھار دے، وہ جو آپ کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرکے دیوار کے پار دیکھنے کی صلاحیت سکھا دے نہ کہ کندھے پر بٹھا کر باہر کی دنیا دکھائے -وہ جو سکھائے کہ مشکل کا سامنا کیسے کرنا ہے، اسے حل کیسے کرنا ہے- جہاں کسی چیز کا امکان ختم ہوجائے وہاں سے ایک نئی جہت کو کیسے تلاش کرنا ہے-

  ●نیٹورکنگ یا کونیکشنز  Networking کسی بھی چھوٹے یا بڑے بزنس کے اندر نیٹورکنگ ایک کلیدی حیثیت رکھتی ہے، باہمی دلچسپی اور متعلقہ انڈسٹری سے وابستہ انٹرپرینورز اور کسٹمرز سے مضبوط تعلقات بنانا، بعض اوقات اچھی سرمایہ کاری کے باوجود کوئی بزنس پھلتا پھولتا نہیں، مگر جیسے ہی نیٹورکنگ کی جاتی ہے تو بزنس پھیلنا شروع ہوجاتا ہے- بزنس نیٹ ورکنگ ایک اصطلاح ہے جو دوسرے کاروباری مالکان ، ممکنہ سپلائرز ، یا دوسرے پیشہ ور افراد سے مل کر ان کے لنکس اور  کاروباری تجربات سے فائدہ اٹھا کر کاروبار بڑھانے کا نام ہے ۔ جہاں ہم خیال افراد کے ساتھ بات چیت کے مواقع پیدا ہوتے ہیں وہاں نیٹ ورکنگ آپ کو ماہرین کا ایک پول فراہم کرتی ہے جو حریف سے لے کر گاہکوں تک کے افراد پر مشتمل ہوسکتا ہے ۔  خدمات ، مشورے ، علم ، تجربے یا روابط / لنکس کے تبادلے سے ایک منافع بخش کاروبار جمایا جاسکتا ہے- جب دو چھوٹے یا بڑے بزنس مین آپس میں ملتے ہیں تو سب سے پہلے بزنس کارڈ کا تبادلہ کرتے ہیں-ایک دوسرے کے بزنس کے متعلق سرسری معلومات لیکر اپنے پاس لکھ کر محفوظ کرلیتے ہیں- پھر جیسے انہیں اس شعبے میں کام کی ضرورت ہو تو وہ اس بزنس کارڈ کو  نکال کر رابطہ کرلیتے ہیں. معلومات یا بزنس کا تبادلہ کرتے ہیں اور ایک دوسرے کی مدد کرتے ہوئے مسئلہ یا مشکل کو حل کرتے ہیں. اس کو ہینڈ شیکنگ بزنس کہتے ہیں. Hand Shaking Business. اس کے لیے بزنس سیمینار نیٹورکنگ گروپس پروفیشنل ایسوسی ایشنوغیرہ وغیرہ جیسے طریقہ کار ہیں-    

وقت Time وقت ایک جنگلی گھوڑے کی طرح اپنی مرضی سے چلنے والی شے ہے، اگر آپ وقت کے منہ زور اڑیل گھوڑے کو قابو کرکے اس پر سواری نہ کرسکیں تو پھر آپ کون ہیں، کیا ہیں، اور کیا کرتے ہیں یہ کچھ اہمیت نہیں رکھتا. وقت کی مینجمنٹ ہی بتائے گی کہ آپ کتنے قابل اور کامیاب ہیں- کاروبار میں جتنا اہم سرمایہ ہے اس سے زیادہ قیمتی پراپرٹی وقت ہے- آپ ہر چیز کی مینجمنٹ کے لیے مینجر رکھ سکتے ہیں مگر بزنس کو آپ خود وقت نہ دیں اور خود وقت کی مینجمنٹ نہ کریں تو پھر جتنے لا پرواہ آپ ہوں گے وقت اس سے کئی گنا بڑھ کر آپ سے بے اعتنائی برتے گا، اور پھر آپ کا خواب ایک خواب کے سوا کچھ بھی نہیں رہے گا-کاروبار نام ہی اس مشکل کا حل اور اس موقع کو پانے کا ہے جو آپ اپنے کمپیٹیٹر سے پہلے بروقت دیکھ کر بروقت فیصلہ کرتے ہیں- سادہ الفاظ میں یہی کہوں گا کہ اگر آپ وقت کی قدر نہیں کرو گے تو وقت بھی آپ کی قدر نہیں کرے گا-

 میں آپ کو سرمایہ نہیں دے سکتا، مگر بتا سکتا

 ہوں کہ سرمایہ کہاں سے آتا ہے، مینٹورنگ، کنیکشن اور نیٹورکنگ کیا ہوتی ہے، کہاں سے ہوتی ہے. وقت کا استعمال کیا ہوتا ہے یہ میں سکھانے اور بتانے کی کوشش کر سکتا ہوں-

  مچھلی دینے سے بہتر ہے مچھلی پکڑنا سکھانا.. تو مختصراً میں آپ کو مچھلی پکڑنا سکھانا چاہتا ہوں.. گر آپ سیکھنا چاہیں تو-