حمدِ باری تعالیٰ 

مصنف : بشارت تنشیط

سلسلہ : حمد

شمارہ : جنوری 2021

زمیں زاد سارے یہ تسلیم کرنے لگے ہیں 
کہ اس خاک داں کا کوئی اور حاکم
جو سب سے بڑا ہے ۔۔جو سب سے جدا ہے 
وہی ہے جو اک امرِ کُن سے ۔۔زمانے ہمیشہ بدل ڈالتا ہے 
وہ مختارِ کل ہے ۔۔وہی کبرِیا ہے 
وہی اک خدا ہے 
وہ اک آن میں جس کو چاہے بنا دے 
وہ چاہے زمیں آسماں تک مٹا دے 
نہیں اس سے کوئی کسی کا بھی ناتا ۔۔فقیروں کا رازق امیروں کا داتا 
وہ معبودِ واحد، احد ہے غنی ہے ۔۔اسی کی ہے خشکی اسی کی تَری ہے 
وہ چاہے بہاروں کا منظر بنادے 
وہ چاہے تو پھولوں کی رنگت اڑادے 
وہ چاہے زمیں پر وبا پھیل جائے 
وہ چاہے تو کون و مکاں ڈولتے ہیں 
اسی ایک رب کی زباں بولتے ہیں 
چلے آؤ سارے پکاریں اسی کو 
چلو اس سے امن و اماں مانگتے ہیں 
خزاؤں سے تنگ آچکے ہو اگر تو 
چلو اس سے پھر گلسِتاں مانگتے ہیں 
مریضوں کو پھر وہ شفا بخش دے گا 
وہ صرصر کے بدلے صبا بخش دے گا
نہیں ختم ہوتی جو اس کی عطا ہے 
جو واحد احد ہے ،ہمارا خدا ہے