ایک خط ننھی معصوم بچی کا

مصنف : احمد رئیس

سلسلہ : شعر و ادب

شمارہ : دسمبر 2005

 

لکھاہے اس نے 
کہ اپنی ننھی سہیلیوں سے ، بچھڑ گئی ہوں
لکھا ہے اس نے ، کہ اپنی ننھی سہیلیوں سے 
بچھڑگئی ہوں
بڑی قیامت میں پھنس گئی ہوں ، لہو لہو ہوں
یہ جسم میر ا بنا ہے پتھر ، مگر سکت مجھ میں کچھ ہے باقی
میں حوصلے سے ، شکستہ بستے سے
ایک کاغذ نکالنے میں لگی ہوئی ہوں
لہو لہو انگلیوں میں ، قلم ہے اورمیں
یہ آخری خط ،وطن کے لوگوں کو لکھ رہی ہوں
کہ تم سلامت رہو ابد تک، مرا وطن بھی رہے سلامت
ذرابھی اس پر نہ آنچ آئے ، یہ مسکرائے ، یہ مسکرائے 
میں جا رہی ہوں، 
مری سبھی ٹیچروں کو میرا سلام کہنا
سہیلیوں کو پیام دینا
کہ میں نہ اسکول آ سکوں گی، 
مگر میں اسکول میں رہوں گی
مجھے نہ دل سے کبھی بھلانا، 
مجھے نہ دل سے کبھی بھلانا