مکاتیب

مصنف : محمد عبداللہ بخاری

سلسلہ : آرا و تاثرات

شمارہ : مئی 2005

 بسم اللہ الرحمان الرحیم

محترم بخاری صاحب السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

 ‘‘ سوئے حرم’’ نظر نواز ہوا ۔ ماشاء ا للہ یہ ایک ایسا جریدہ ہے جو انسانی چہرے پر دو آنکھوں کی طرح دین و دنیا پر برابر نظر رکھے ہوئے ہے اور منزل اس کی واقعی حرم ہے ، آج کے مادی غلبے نے جس طرح مسلم فکر کویک گونہ مفلوج کر رکھا ہے اور منزل حرم کے بجائے بہ ترکستان ہو گئی ہے ۔ ‘‘ سوئے حرم ’’ کا اجرا روشن مینار کی حیثیت رکھتا ہے ۔

 ‘‘ سوئے حرم ’’ واقعتا ایک زود ہضم ( ڈائجسٹ ) علمی وادبی مجلہ ہے جو اپنے قارئین کو ہمہ پہلو معلومات کا ایک نادر ونفیس خزینہ پیش کرتا ہے جس میں ذہن و فکر کی جلا کا اہتمام بھی ہے اور قلب و روح کی طمانیت کا سامان بھی ۔ جس میں تاریخِ دعوت و عزیمت کی جرأت آفریں تحریک بھی ہے اور اخلاق و معاشرت کی سکون بخش او ر دلکش فرحت بھی ۔ حسن انتخاب کے حوالے سے ‘‘سوئے حرم ’’ ایک خوش منظرمشام نواز گلدستہ ہے جس میں گلہائے رنگا رنگ کی فراوانی بھی ہے اور گوناگوں عطر بیزیوں کی لطف سامانی بھی ۔ میرے نزدیک ‘‘سوئے حرم ’’ اس پاکیزہ مشن کا داعی ہے ، جس کی صدائے جذب انگیز کاروان حرم کے مسافروں کے لیے تیز ترک گامزن کی دلسوزحدی بھی ہے اور جنوں خیز بانگ رحیل بھی ۔ بالخصوص طلبائے عزیز ، کہ وطن عزیز کا بیش بہا سرمایہ ہیں ، کے لیے اور اساتذہ کرام ، کہ گلستان وطن کے باغبان محنت شعار ہیں ، کے لیے سرمایہ قلب و جاں ہے ۔

 طلبہ اور اساتذہ کے لیے آپ کی رعایتی پیش کش لائق صد ستائش اقدام ہے ، دعا ہے کہ رزاق متین آپ کو اس ایثار کی جزائے جزیل عطافرمائے ۔

 ‘‘ نور القرآن ’’ نہایت فائدہ مند اور معلومات افزا سلسلہ انتخاب ہے ۔ یسئلون وہ منفرد طرز اظہار ہے جس سے قارئین کو دینی بصیرت ملتی ہے ۔ ‘‘ امی جان کے نام خط’’ اور ‘‘ مسجد کا خط’’ نہایت پر تاثیر انداز نگارش ہے ۔ اللہ کرے زور قلم اور زیادہ ۔ دعا ہے کہ اللہ سبحانہ تعالی ‘‘ سوئے حرم ’’ کی مشنری خدمات کو اپنی خاص برکات سے نوازے ۔

 آپ کا مخلص

 شکیل ارشد کیانی

 ایس ایس ٹی گورنمنٹ ہائی سکول

 جینڈالہ ( JANDALA ) َ ضلع جہلم