حمد باری تعالیٰ

مصنف : اذکار ازہر خان درانی

سلسلہ : حمد

شمارہ : فروری 2005

 

آتا ہے سکوں دل کو میسّر ترے گھر میں 
سب اعلٰے وادنٰے ہیں برابر ترے گھر میں 
 
رہتی نہیں غربت کی شکایت اسے ہر گز 
ہوجاتا ہے آباد جو بے گھر ترے گھر میں 
 
لیتے ہیں اسے تھام وہیں بڑھ کے فرشتے 
کھاتا ہے جو معمولی سی ٹھوکر ترے گھر میں 
 
رکھتے ہیں جو پہچان بقا او رفنا کی ! 
چمکاتے ہیں وہ آکے مقّدر ترے گھر میں 
 
کچھ دیر تو شیطان کی چالوں سے بچیں گے
یہ سوچ کے آ جاتے ہیں اکثر ترے گھر میں 
 
صدیوں سے اُسے چومنے آتا ہے زمانہ 
ہے قابل صد رشک جو پتھر ترے گھر میں
 
ہوجائیں جو پُورے بشَریّت کے تقاضے 
کافر ہے جو لَوٹے کبھی جا کر ترے گھر میں