حمد باری تعالیٰ

مصنف : حافظ لدھیانوی مرحوم

سلسلہ : حمد

شمارہ : اگست 2008

 

بزم کونین میں شہکار ہیں کیا کیا تیرے
کوہ و صحرا ترے ، گلشن ترے ، دریا تیرے
 
ہر حسیں نقش ہے شاہد تری صنّاعی کا 
جتنے فطرت کے مناظر ہیں وہ داتا تیرے
 
ابر رحمت سے ہوئیں خشک زمینیں سیراب
رنگ سب تیرے ہیں ، سب نقش سراپا تیرے
 
یہ زمیں حلقہ عالم میں فقط نقطہ ہے
سارے قدرت کے نشانات ہیں تنہا تیرے
 
ذرے ذرے سے ہویدا ہے تیرا عکس جمال
ہیں بہاروں میں سبھی نقشِ دل آرا تیرے
 
تُو ہی خاموش نگاہوں کی صدا سنتا ہے
چشم حیرت میں ہیں انوار خدایا تیرے
 
تیری تسبیح میں رہتے ہیں ملائک مصروف
رات دن گاتے ہیں گُن خالقِ یکتا تیرے
 
ایک حافظؔ ہی نہیں حمد سرا ہے تیرا
سارے عالم میں ہیں چرچے مرے مولا تیرے
حافظؔ لدھیانوی مرحوم
انتخاب: پروفیسر خضر حیات ناگ پوری