حمد

مصنف : عزیز بگھروی

سلسلہ : حمد

شمارہ : اپریل 2008

 

نہ آئے دیدہ وروں کو نظر نہ آئے وہ
دلوں میں اہلِ محبت کے جگمگائے وہ
 
نہیں ہے کوئی بھی فخر و غرور کے لائق
مگر زمانہ جہاں اپنا سر جھکائے ، وہ
 
حیات و موت کو تخلیق کیا اس نے 
حیات و موت کے انداز بھی بتائے وہ
 
نہ ابتدا کوئی اس کی نہ انتہا معلوم
حصار فکر میں آئے تو کیسے آئے وہ
 
مخالفوں کو نوازے ہے لطف پیہم سے 
اور اپنے چاہنے والوں کو آزمائے وہ
 
نہ رنگ اس کا ہے کوئی نہ چہرہ ہے لیکن
ہزار پردوں میں جلوے ہمیں دکھائے وہ
 
ستم زدوں سے محبت سہی عزیز اس کو
ستم گرانِ جہاں پر بھی رحم کھائے وہ
عزیز بگھروی
انتخاب: خضر حیات ناگپوری