گزرتے وقت کی دیمک

مصنف : امجد اسلام امجدؔ

سلسلہ : شعر و ادب

شمارہ : فروری 2009

 

ہمیں معلوم ہے اِک دن گزرتے وقت کی دیمک
ہمیں بھی چاٹ جائے گی
کہ یہ اس کا وظیفہ ہے
یہ روشن دِن جو نکلا ہے یہ آخر شام بھی ہوگا
وہ مہلت جو ملی ہم کو وہ کیسے بے ثمرنکلے
وضاحت کون سنتا ہے
تلافی کس سے مانگیں ہم
ہمارے سر پہ اپنے خون کا الزام بھی ہوگا
تو اِس دیمک کے رزق بے نشاں بننے سے پہلے آخری حیلہ تو کر دیکھیں
جو کاغذ اپنے حصے کا ہے وہ کاغذ تو بھر دیکھیں
بہت مشکل سہی لیکن نہیں اِمکان سے باہر 
کہ وہ الفاظ جن کے آج تک معانی نہیں ظاہر
ہم ان کا بھید پا جائیں
اُنہیں اِ س لوح پر لکھی ہوئی تحریر کا حصہ بنا جائیں
اگر اُس موڑ سے پہلے جہاں اِس بے جُہد کاوِش کو رِزقِ خاک ہونا ہے
جہاں اِس زندگی کے قرض کوبے باک ہونا ہے
جہاں پر ہر بقا لمحہ فنا پیغام ہونا ہے
جہاں خوشی کا سایہ شریکِ شام بھی ہوگا
اگر اُس موڑ سے پہلے 
کسی صورت ہم اِن الفاظ کے پوشیدہ معانی جان پائیں تو 
سمے کی لوح پر لکھے ہوئے کچھ خاص ناموں میں
ہمارا نام بھی ہوگا
ہمارا کام بھی ہوگا