حمد رب جلیل

مصنف : مرزا حدید

سلسلہ : حمد

شمارہ : دسمبر 2012

 

میری آنکھوں سے وہ آنسو جدا ہونے نہیں دیتا
مجھے نامعتبر ، میرا خدا ہونے نہیں دیتا 
 
مری فردِ عمل دھو کر مِری اشکِ ندامت سے
میری لغزش کو وہ میری خطا ہونے نہیں دیتا
 
عتاب اس کا میرے کردار پر نازل نہیں ہوتا
کہ وہ توّاب ہے محشر بپا ہونے نہیں دیتا
 
عطا کچھ اس طرح کرتا ہے وہ افکار کی دولت
میرے ذوقِ ہنر کو نارسا ہونے نہیں دیتا 
 
عطا کرتا ہے نعتیں مجھ کو لمحاتِ تہجد میں
کرم کرتا ہے مجھ کو بے نوا ہونے نہیں دیتا 
 
میری ہر احتیاج اسکے کرم کے دائرے میں ہے
مجھے محتاجِ دستِ ماسوا ہونے نہیں دیتا
 
میں سر سے پاؤں تک اس کی عطا کے سائباں میں ہوں
وہ غافر مجھ پر فتنوں کو بپا ہونے نہیں دیتا