نبیﷺ کی اولاد کی تفصیل

جواب: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی مؤنث اولاد چار لڑکیاں تھیں: حضرت زینب، حضرت رقیہ، حضرت ام کلثوم، حضرت فاطمۃ الزہرا رضوان اللہ علیھن اجمعین۔ اور تین یا چار یا پانچ لڑکے تھے: حضرت قاسم، حضرت عبداللہ، حضرت طیب، حضرت طاہر اور حضرت ابراہیم۔ چار اول حضرت خدیجہ (کے بطن) سے تھے اور حضرت ابراہیم، حضرت ماریہ قبطیہ (کے بطن) سے تھے جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی لونڈی تھیں۔

            جو حضرات کہتے ہیں کہ آپﷺ کے چار لڑکے تھے وہ کہتے ہیں کہ حضرت عبداللہ کا دوسرا نام طیب تھا، یہ الگ لڑکا نہیں تھا اور جو لوگ تین کے قائل ہیں وہ کہتے ہیں کہ حضرت عبداللہ ہی کا تیسرا نام طاہر تھا۔ یہ تمام صاحبزادگان بچپن میں فوت ہوگئے تھے۔ تما م صاحبزادیاں جوان ہوئیں اور ان کی شادیاں بھی ہوئیں۔

            حضرت زینبؓ کا نکاح حضرت ابوالعاص بن الربیع سے ہوا، حضرت رقیہؓ اور حضرت ام کلثومؓ کا عقد یکے بعد دیگرے حضرت عثمانؓ سے ہوا اور حضرت فاطمۃ الزہراؓ کا نکاح حضرت علیؓ سے ہوا۔

(مولانا حافظ ثناء اللہ خاں مدنی)