قوم کے اجتماعی ضمیر کو بیدارکرنا

ج: قوم کے اجتماعی ضمیر کو بیدار کرنے کا بنیادی طریقہ تعلیم ہے۔تعلیم سے مراد صرف formal تعلیم نہیں ہوتی ۔ بچوں کی تعلیم کا اہتمام کیجیے، قوم کو عمومی طور پر educate کیجیے۔ سیمینار کیجیے، مذاکرے کیجیے، رسائل نکالیے۔ یہی طریقے ہیں جو دنیا میں عام ہوئے ہیں اور اب تو بہت ذرائع پیدا ہو گئے ہیں۔ انٹرنیٹ کی غیر معمولی سہولت پیدا ہو گئی ہے۔ بہت سے چینلز وجود میں آ گئے ہیں۔ مسلمانوں کے اندر جن لوگوں کو اپنی قوم کو بیدار کرنے کے لیے کچھ داعیہ محسوس ہوتا ہے ، وہ لوگ اپنے سب کے سب وسائل مجتمع کر کے ان چیزوں پر لگا دیں اور ان بے ہودگیوں میں نہ پڑیں جن میں وہ پڑے ہوئے ہیں تو اس قوم کے ضمیر کو بیدار کرنے کی جد و جہد کی جا سکتی ہے۔ لیکن پہلے یہ ضروری ہے کہ آپ دیکھیں کہ کیا چیزیں ہیں جو قوم کو بتانی ہیں۔ اس وقت تو صورت حال یہ ہے کہ ہر آدمی تشدد، مذہبی منافرت، فرقہ بندی، دوسروں پر چڑھ دوڑنے، خواب دیکھنے ، بغیر تیاری کے دنیا پر پِل پڑھنے کی تعلیم دے رہا ہے۔ پہلے آپ حقیقت پسندانہ طریقے سے یہ طے کیجیے کہ قوم کو بتانا کیا ہے؟ جب وہ باتیں آپ طے کر لیں تو اس کے بعد پھر بتانے کے ذرائع بہت ہیں۔

(جاوید احمد غامدی)