سلم سمارٹ صحت مند كيسے

مصنف : رضوان اسد

سلسلہ : طب و صحت

شمارہ : مئي 2023

طب و صحت

سلم، سمارٹ اور صحت مند، لیکن کیسے..

ڈاكٹر رضوان اسد

وزن کم کرنے میں بلا شبہ ڈائٹ کنٹرول بنیادی اہمیت کا حامل ہے اور ورزش اسکی افادیت کو بڑھاتی ہے.

لیکن یاد رکھیں کہ اس غرض کیلئے "ڈائیٹنگ" نام کی بلا سے دور رہنے کی ضرورت ہے. کسی نے بڑی خوبصورت بات کی کہ جب آپ کہتے ہیں کہ "آئی ایم 'آن' ڈائیٹ" (میں ڈائیٹنگ کر رہا/رہی ہوں) تو اسکا مطلب ہے کہ ایک وقت آئے گا جب "یو وُڈ بی 'آف' ڈائیٹ"...یعنی ایک "کیفیت" آپ نے اپنے اوپر زبردستی طاری کر لی ہے تو لامحالہ ایک وقت آئے گا جب یہ کیفیت ختم ہو جائے گی، آپ تنگ آ جائیں گے، اکتا جائیں گے... اور پھر آپکا پیٹ اور ویٹ پہلے سے زیادہ تیزی سے بڑھ جائے گا.لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ آپ اپنا مکمل طرز زندگی بدل لیں اور خود کو ایسی خوراک کا عادی بنائیں جو آپکی زندگی کا حصہ بن جائے. جسے آپ انجوائے کریں اور جو آپکے لئے بوجھ نہ ہو. اسے کہتے ہیں "لائف سٹائل موڈیفیکیشن" جس کے 2 اہم اجزاء ہیں: صحتمند خوراک اور باقاعدہ (ہفتے میں 5 دن) ورزش خوراک کے سلسلے میں میرے جیسے بندے کو جو مشکل اقدامات کرنا پڑتے ہیں وہ 2 ہیں:

1. میٹھے سے مکمل پرہیز

2. فاسٹ فوڈ اور بیکری سے مکمل دوری

میرا خیال تھا کہ میٹھا چھوڑنا میرے لئے تقریباً ناممکن ہو گا. میں وہ شخص تھا کہ جو شادی وغیرہ میں کھانے سے زیادہ سویٹ ڈشز لیتا تھا...لیکن بس ایک دفعہ جی کڑا کر کے یہ سٹیپ لے لیں تو ان شاءاللہ 2 ہفتے کے اندر آپکی میٹھے کی رغبت بہت کم ہو جائے گی... اسکے بعد جب آپکا وزن ایک خاص حد تک کم ہو جائے تو آپ وقتاً فوقتاً انٹرنیٹ پر موجود بیشمار ہیلتھی سویٹ ریسپیز سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں...

میٹھا چھوڑنا اتنا ضروری کیوں ہے؟

بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ چینی جسم میں جا کر چربی بن جاتی ہے. یہ بہت رف کنسیپٹ ہے. ہوتا یہ ہے کہ چینی جیسے ہی آپکے خون میں پہنچتی ہے، اسے ہضم کرنے یعنی جسم کا حصہ بنانے، سٹور کرنے کیلئے لبلبے سے انسولین نکلتی ہے. مسئلہ یہ ہے کہ انسولین صرف شوگر کو ہی نہیں بلکہ چربی کو بھی سٹور کرتی ہے اور یوں خون میں موجود فیٹ آپکے پیٹ کے اندرونی اعضاء کے ارد گرد چربی کی صورت میں سٹور ہونے لگ جاتے ہيں . بالخصوص جگر میں جب زیادہ چربی ہو جائے تو "فیٹی لِور ڈزیز" اور اسکی پیچیدگیاں شروع ہو جاتی ہیں. اور یہی اضافی چربی شریانوں میں جم کر بلڈ پریشر بڑھاتی ہے، دل کی شریانوں میں جم کر انجائنا اور ہارٹ اٹیک کا باعث بنتی ہے. اور جب یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے تو لبلبہ جسم کی انسولین کی ضرورت پوری کرنے سے قاصر ہو جاتا ہے اور پھر شوگر کا مرض بھی آ لیتا ہے...ان سب چیزوں کی رفتار کو پانچویں گئیر میں شفٹ کرنے کا کام کرتے ہیں : تمباکو نوشی، ٹینشن اور سست طرز زندگی(مثلاً دفتری ملازمین، کمپیوٹر سے متعلق شعبہ جات وغیرہ جنکا سارا کام کرسی پر بیٹھ کر ہوتا ہے-

فاسٹ فوڈ اور بیکری آئیٹمز میں نشاستہ کے علاوہ سوڈیم اور فیٹ کی بھرمار ہوتی ہے. بیکری کی تمام چیزوں میں بیکنگ سوڈا یعنی سوڈیم بہت زیادہ مقدار میں ہوتا ہے.سوڈیم بلڈ پریشر بڑھانے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے. شوگر اور فیٹ کا تو آپ پڑھ ہی چکے ہیں.پھر آتا ہے کیلوریز کا کنسیپٹ... ایک ایپ ہے "مائی فٹنس پیل" (لنک اور طریقہ استعمال کمنٹ میں)... اسے ڈاؤنلوڈ کر کے اپنا موجودہ وزن اور ٹارگٹ وزن فیڈ کر دیں. یہ آپکو روزانہ کی کیلوریز بتا دے گی. بنیادی فارمولا یہ ہے کہ اپنا وزن برقرار رکھنے کیلئے روزانہ جتنی کیلوریز کی ضرورت ہوتی ہے (مثلاً 2000)، وزن کم کرنے کیلئے آپ نے اس سے 500 کیلوریز کم لینی ہیں (یعنی 1500). پھر یہ بھی یاد رکھیں کہ صرف کیلوریز کم کرنا کافی نہیں. مثلاً آپ 1500 کی بجائے 1200 کیلوریز لیں لیکن ہوں وہ ساری شوگر اور نشاستہ سے تو کوئی فائدہ نہیں. مطلب یہ کہ بیلنسڈ ڈائٹ ضروری ہے. اس ایپ کا فائدہ یہ ہے کہ یہ آپکی خوراک کے تمام اجزاء کو ٹریک کرتی ہے اور بتاتی ہے کہ کونسا جزو آپ نے زیادہ لیا ہے. لیکن اسکے لئے ضروری ہے کہ آپ باقاعدگی سے اپنی روزانہ کی مکمل خوراک کا ڈیٹا اس میں فیڈ کریں. اس ایپ کا یہ بھی فائدہ ہے کہ اس میں صرف گوروں کی نہیں بلکہ ہمارے تقریباً تمام دیسی کھانے بھی اسکے ڈیٹابیس میں شامل ہیں (انڈینز کی محنت). لہٰذا کیلوریز ٹریک کرنے میں کوئی مشکل نہیں ہوتی. بہت سے کھانے رومن اردو میں بھی مل جاتے ہیں، مثلاً دال، پلاؤ، بریانی، چپاتی، تقریباً تمام سبزیاں وغیرہ... لہٰذا کرنے کے کام یہ ہیں:

1. میٹھا اور میٹھی چیزیں (شروع میں) بالکل ترک کر دیں. اگر میری طرح یہ کام آپکے لئے مشکل ہو تو شہد اور آرٹیفیشل سویٹنر (کینڈرل) استعمال کر لیں-

2. بیکری اور فاسٹ فوڈ سے ہمیشہ کیلئے توبہ-

3. تمباکو نوشی چھوڑے بغیر ساری محنت بیکار ہے-

4. باقاعدہ ورزش... یو ٹیوب بھرا پڑا ہے ورزشوں کی ویڈیوز سے. جو بھی آپکو سوٹ کرتی ہے وہ شروع کر دیں اور پھر لگے رہیں-

5. ٹنشن سے نجات کیلئے اللہ سے تعلق مضبوط بنائیں. 5 وقت نماز اور صبح شام کے اذکار. سکرین ٹائم کم کریں. فیملی ٹائم زیادہ کریں اور خبریں اور ٹاک شوز سننا، دیکھنا، پڑھنا بالکل چھوڑ دیں. یقین کریں آپ کسی سے پیچھے نہیں رہیں گےاور ہاں "لاسٹ بٹ ناٹ دا لیسٹ"...

یہ سب کام کرنے سے پہلے یہ نیت کریں کہ یہ سب کچھ میں ایک "قوی مومن/مومنہ" بننے کیلئے کر رہا/رہی ہوں تاکہ اس سے مجھے اللہ کی رضا حاصل ہو. کیونکہ ایک صحیح حدیث کا مفہوم ہے کہ اللہ کو ایک قوی مومن/مومنہ، ایک کمزور مومن کی نسبت زیادہ پسند ہے..تو اس سے آپکی یہ ساری محنت عبادت بن جائے گی، ان شاءاللہ...اور صدقہ جاریہ سمجھ کر ان باتوں کو آگے پھیلائیں تو میرے اور آپکے اجر میں بھی اضافہ ہو گا، ان شاءاللہ