بچوں کا انسائیکلوپیڈیا

مصنف : سمن چودھری

سلسلہ : متفرقات

شمارہ : مارچ 2008

انسان نے وقت کیسے دیکھنا شروع کیا؟

زیادہ امکان یہی ہے کہ انسان نے دھوپ میں سایوں کے بدلتے ہوئے سائز کا مشاہدہ کر کے وقت کا احساس کرنا شروع کیا۔

دنیا کا معیاری وقت گرین وچ سے کس طرح بتایا جاتا ہے؟

گرین وچ میں ایک گھڑی ہے جو کہ اوسط شمسی وقت بتاتی ہے اس وقت کا ستاروں کی مدد سے وقت بتانے والی گھڑی کے وقت سے موازنہ کیاجاتا ہے اور ساری دنیا کو اس وقت سے مطلع رکھا جاتا ہے۔

ایک سال کا کیا مطلب ہے؟

ایک سال وہ عرصہ ہے جس میں زمین سورج کے گرد ایک چکر پورا کرتی ہے یعنی ۳۶۵ دن۔

کیا نیا انگریزی سال ہمیشہ پہلی جنوری سے شروع ہوتا ہے؟

۱۷۵۲ء سے اسی طرح ہو رہا ہے مگر اس سے پہلے نیا سال کبھی ۲۵ دسمبر اور کبھی ۲۵ مارچ پر بھی شروع ہو چکا ہے۔

ہفتے کے انگریزی دنوں کے ناموں کا کیا مطلب ہے؟

سنڈے ، سورج یعنی sun سے ہے ۔ منڈے چاند یا Moon سے ہے ۔ ٹیوزڈے کو جنگ کے دیوتاTiu سے نسبت ہے ۔ وینزڈےwoden سے ہے جو عطارد کا ایک اور نام ہے ۔ تھرس ڈے ، Thorسے ہے جو آسمانی بجلی کا دیوتا ہے ۔فرائی ڈے ، Figga سے ہے جو دوستی کی دیوی تھی اور سیچر ڈے زحل یا Saturn سے ہے ۔

تیزا ب کیا ہوتا ہے؟

یہ کیمیائی مرکت ہوتے ہیں جن میں سے اکثر پانی میں حل ہو جاتے ہیں۔

الکلی کیا ہے ؟

یہ ایک کیمیائی مادہ ہے جس کو تیزاب کے ساتھ ملا کر مختلف قسم کے نمکیات تیار ہوتے ہیں۔

چھلکا اتارنے کے بعد سیب کا رنگ کیوں بدل جاتا ہے ؟

چھلکا اتارنے سے سیب میں موجود لوہے پر ہوا اثر کرتی ہے اور آکسیجن کے ساتھ ردعمل کے طور پر سیب کا رنگ بھورا ہوجاتا ہے۔

موم بتی کے شعلے کے مرکزی حصے میں اندھیرا کیوں ہوتا ہے ؟

کیونکہ مرکز میں موم سے بننے والی تازہ گیسیں موجود ہوتی ہیں۔ یہ اس وقت تک نہیں جلتیں جب تک کہ مرکز سے باہر نہ آجائیں ۔ شعلے کے ارد گردموجود روشنی اس گیس کی وجہ سے ہوتی ہے جو کاربن اور آکسیجن کے ملاپ سے بنتی ہے۔

کاربن کی سب سے جانی پہچانی شکل کون سی ہے؟

کوئلہ اور تارکول ۔ ہیرا بھی خالص کاربن ہی کی شکل ہے۔

آگ بجھنے کے بعد کوئلے کی مقدار میں کمی کیوں آ جاتی ہے؟

کوئلے میں موجود کاربن ہوا کی آکسیجن کے ساتھ مل کر ایک گیس بن جاتی ہے اور یوں آگ جلنے کے بعد کوئلے کی مقدار میں کمی واقع ہواجاتی ہے ۔

کیمیائی عناصر کیا ہوتے ہیں؟

یہ وہ کیمیائی مادے ہیں جن کو مزید تقسیم نہیں کیاجا سکتا۔ ایسے مادوں کو عناصر کہتے ہیں مثلا ہائیڈروجن کیمیا دانوں نے ان عناصر کی پہچان کے لیے نشان کے طو ر پر مختلف حروف مقرر کیے ہیں۔

کیاپانی میں شعلہ جل سکتا ہے ؟

ایسا ممکن ہے مگر اسی صورت میں جب شعلہ تک آکسیجن اتنے دباؤ کے ساتھ پہنچائی جائے کہ درمیان میں پانی نہ آسکے ۔ غوطہ خوروں کو خاص طور پر بنائے گئے بلو پائپ فراہم کیے جاتے ہیں جن کے شعلے سے وہ پانی کے اندر بھی دھات کو کاٹ سکتے ہیں۔

کوئلہ اور گیس کیوں جلتے ہیں؟

کوئلہ اور گیس میں کاربن اور ہائیڈروجن زیادہ مقدار میں ہوتی ہیں جو آکسیجن کے ساتھ مل کر جلتی ہیں۔

کون سی گیسیں کیمیائی عناصر ہیں؟

آکسیجن، ہائیڈروجن، نائٹروجن،کلورین

شیشہ کن چیزوں سے بنتا ہے؟

اس میں زیادہ حصہ ریت کا ہوتا ہے ۔ جو کہ سوڈا چونے اور دوسرے کیمیائی مادوں میں ملائی جاتی ہے ۔ بھٹیوں میں اس کو گرم کر کے سیال حالت میں بدلا جاتا ہے اور اس کے بعد اس کو مختلف اشکال کے سانچوں میں ڈھالاجاتا ہے۔

ہیلیم کیا ہے؟

ہیلیم ایک انتہائی کم وزن گیس ہے یہ زمین کی تہوں میں بنتی ہے جہاں سے اس کو حاصل کیا جاتا ہے چونکہ یہ گیس آگ نہیں پکڑتی اس لیے غباروں اورایر شپ وغیرہ میں بھرنے کے لیے خاص طور پر فائد ہ مند ہے ۔

ہوامیں موجود آکسیجن آگ کیوں نہیں پکڑتی؟

کیونکہ یہ خود سے نہیں جلتی لیکن یہ جلنے کے عمل کے لیے ضروری ہے۔

کیا آکسیجن کے وجہ سے ورزش کرتے ہوئے ہمارا جسم گرم ہوجاتا ہے؟

یہ بات صحیح ہے جب ہم دوڑتے ہیں یا کوئی اور ورزش کرتے ہیں تو زیادہ تیزی سے سانس لیتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ خون میں موجودکاربن جسم میں داخل ہونے والی آکسیجن کے ساتھ مل کر زیادہ تیزی سے جلتی ہے اورجسم گرم ہوجاتا ہے۔

اندھیرے میں چمکنے والے رنگ کیسے بنتے ہیں؟

رنگ تیار کرتے وقت کیلشیم اور بیرئیم کو اس میں شامل کر دیاجاتا ہے ایسے رنگ اندھیرے میں چمکتے ہیں اور ان کو گھڑی کی سوئیوں یا ہندسوں پراستعمال کیا جاتا ہے ۔

ریڈیم کہا ں سے حاصل ہوتا ہے؟

ریڈیم ایک مادے Pitch Bleade سے حاصل ہوتا ہے مگر بہت کم مقدار میں یہ برقی لہریں پیدا کرتا ہے اور اس کے اپنے وزن میں کوئی قابل ذکر کمی واقع نہیں ہوتی ۔ یہ فرانسیسی سائنسدان مادام کیوری نے دریافت کیا تھا۔

زنگ کیا ہوتا ہے؟

آکسیجن کی موجودگی میں لوہے اور چند دوسری دھاتوں پرآئرن آکسائیڈ بنتا ہے جس کو عام زبان میں زنگ کہتے ہیں۔زنگ لگنے کے لیے فضا میں نمی کی ضرورت ہوتی ہے۔

صابن سے صفائی کیوں ہوتی ہے؟

صابن کو پانی لگایاجائے تو اس میں موجود الکلی خارج ہوتی ہے جومیل یا گندگی کو جلد یا کپڑے سے علیحدہ کر دیتی ہے اس طرح ہم اسے دھو سکتے ہیں۔

چاکلیٹ کس چیز سے بنتا ہے؟

چاکلیٹ cacao Beans سے بنتا ہے ۔ چاکلیٹ میں ان کا تیل بھی پایا جاتا ہے ۔ اس میں چینی بھی شامل کی جاتی ہے اور تیاری کے ابتدائی مراحل میں یہ مائع شکل میں ھوتا ہے ۔

گھڑ ی سب سے پہلے کس شکل میں استعمال ہوئی؟

سب سے پہلی گھڑی پانی سے بھرے سلنڈر کی شکل کی تھی یہ پانی مخصوص رفتار سے سلنڈر میں بنے ہوئے سوراخ سے ایک دوسرے برتن میں ٹپکتا رہتا تھا ڈائل پر پانی کا لیول دیکھ کر وقت بتایا جاتا تھا۔