پاکستانی آم اور چین

مصنف : بی بی سی

سلسلہ : عجیب وغریب

شمارہ : مارچ2016

عجیب و غریب
پاکستانی آم اور چین
بی بی سی

جب پاکستانی آم چین میں مقدس پھل بن گئے

50سال قبل چین اپنی حالیہ تاریخ کے سب سے مشکل اور پر آشوب دہائی سے گزر رہا تھا۔یہ دہائی تہذیبی انقلاب کی دہائی تھی۔ اس دوران قوم ایک خاص قسم کی دیوانگی کا شکار بھی ہوئی، وہ دیوانگی آم کا جنون تھی۔
1966 میں ماؤ زے تنگ نے طالب علموں پر مشتمل ریڈ گارڈز کو رجعت پسند حکام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوجانے کو کہا۔
ان کا مقصد معاشرے کو بورژوا عناصر کے چنگل سے نکال کر روایتی خطوط پر استوار کرنا تھا۔ لیکن 1968 کے وسط تک ملک میں خانہ جنگی شروع ہو گئی اور ریڈ گارڈز نے طاقت کے حصول کی کوشش شروع کر دی۔
مخالف قوتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے ماؤ نے اپنے 30 ہزار کارکنوں کو کنگ ہوا یونیورسٹی بھیجا جہاں ان کے پاس ایک ہی ہتھیار تھا، ماؤ کی تقاریر و تحاریر پر مبنی ریڈ بک۔یونیورسٹی پہنچتے ہی کارکنوں پر طالب علموں نے برچھیوں اور تیزاب سے حملہ کر دیا۔ جس کے نتیجے میں پانچ کارکنوں کی موت واقع ہوگئی جبکہ 700 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔اس واقعے کے بعد کے بعد ماؤ نے اپنے کارکنوں کی ہمت کا شکریہ ادا کرنے کے لیے انھیں 40 آموں کا تحفہ بھیجا جو ایک دن قبل انھیں پاکستان کے وزیر خارجہ کی جانب سے موصول ہوئے تھے۔ان آموں کا چینی قوم پر بڑا گہرا اثر مرتب ہوا۔
ماؤ نے اپنے کارکنوں کی ہمت کا شکریہ ادا کرنے کے لیے انھیں 40 آموں کا تحفہ بھیجاتھا۔
تاریخ داں فریدا مرک کہتی ہیں کہ ’اس وقت شمالی چین میں کوئی بھی آموں کے بارے میں زیادہ نہیں جانتا تھا۔ اس لیے آموں کا تحفہ حاصل کرنے کے بعد کارکن ساری رات انھیں دیکھتے اور سونگھتے رہے اور یہ جاننے کی کوشش کرتے رہے کہ یہ جادوئی پھل آخر ہے کیا۔’اسی دوران ان کو چیئرمین ماؤ کی جانب سے ایک ’اہم پیغام‘ موصول ہوا جس میں ان کو یہ نوید سنائی گئی تھی کہ آج سے ’مزدور طبقہ ملک میں ہر سطح پر رہنمائی کرے گا۔‘ ان کارکنوں کے لیے یہ پیغام ان کی تمام تر محنت کا ثمر تھا۔اس کا مطلب تھا اب طاقت ان پرجوش طالب علموں سے ان مزدور اور کسانوں کو منتقل ہو جائے گی اور لوگوں کو انتشار سے نجات ملے گی۔مرک کہتی ہیں کہ کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ ماؤ نے آخر اس افراتفری اور خون خرابے کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا شروع کر دیا ہے اور ایسے موقعے پر آموں کے تحفے نے اس پھل کو ایک اہم درجہ دے دیا اور اسے تہذیبی انقلاب کے خاتمے اور ماؤ کی کامیابی کی نشانی سمجھا جانے لگا۔
کنگ واؤ پر قبضہ کرنے والے ایک کارکن شانگ کوئی کا کہنا ہے کہ ماؤ کی جانب سے آموں کا تحفہ موصول ہونے کے بعد ان کی فیکٹری میں ایک پر زور بحث چھڑ گئی۔ انھوں نے بتایا کہ ’فوجی نمائندے اپنے دونوں ہاتھوں میں آم اٹھائے فیکٹری میں داخل ہوئے۔ اور ہم بڑی دیر تک سوچتے رہے کہ اس پھل کے ساتھ کیا کرنا چاہیے۔ بڑی بحث و مباحثے کے بعد یہ فیصلہ کیاگیا کہ اسے محفوظ کر لیا جائے۔‘
’ہم نے ایک ہسپتال تلاش کیا جہاں اس کو فارمل ڈیہائڈ گیس میں رکھ دیاگیا۔ دوسرے مرحلے میں ان آموں کی مومی شکل تیار کی گئی اور ہر شکل کو کانچ کے ایک خول میں محفوظ کر دیا گیا، اور پھر ہر انقلابی کارکن کو اس مومی آم کا تحفہ بھیجا گیا۔‘
ان آموں کا چینی قوم پر بڑا گہرا اثر مرتب ہوا۔تمام کارکنوں کے لیے ضروری تھا کہ وہ اس مقدس پھل کو احترام سے تھامیں اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں ان کی سرزنش بھی کی جاتی تھی۔بیجنگ کی ایک فیکٹری میں کام کرنے والے وانگ شیاپنگ کو جب مومی آم کا تحفہ ملا تو اس وقت تک یہ پھل ایک مقدس حیثیت اختیار کر چکا تھا۔وہ بتاتے ہیں کہ ’اصلی آم کو کارکن ڈھول کی تھاپ پر ایک جلوس کی شکل میں ہوائی اڈے سے فیکٹری تک لے کر آئے۔ اس دوران سارے راستے سڑک کے دونوں جانب لوگ آم کے دیدار کے لیے کھڑے تھے۔‘
اس پھل کی اہمیت کا یہ حال تھا کہ ان کارکنوں کے لیے صرف ایک آم شنگھائی کی ایک فیکٹری تک پہنچانے کے لیے پورے جہاز کا انتظام کیا گیاتھا۔اور جب ایک آم گلنے سڑنے کے قریب پہنچ گیا تو کارکنوں نے اس کا گودا نکال کر اسے پانی میں ابالا اور اس مقدس پانی سے ہر کارکن نے ایک ایک چمچہ پیا۔
کیمبرج یونیورسٹی کے لیکچرر آدم یوت چاؤ کہتے ہیں کہ ’کارکنوں نے آم ملنے کے پہلے دن ہی اسے ایک یادگاری حیثیت دے دی تھی جس کا احترام اور حتیٰ کہ پرستش لازمی تھی۔ بلکہ یہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ جیسے آم چیئرمین کی طرف سے تحفہ نہیں بلکہ خود چیئرمین ہوں۔‘
اس دوران یہ آم ملک کے طول و عرض میں سفر کرتے رہے اور ان کے ساتھ کئی مقدس جلوس بھی نکالے گئے۔ اور پھر جلد ہی یہ آم کارکنوں میں عقیدت کا درجہ حاصل کر گئے۔یہ آم ملک کے طول و عرض میں سفر کرتے رہے اور ان کے ساتھ کئی مقدس جلوس بھی نکالے گئے۔کچھ رسومات کو بدھ مت اور تاؤ مت کی صدیوں پرانی روایات کی طرز پر ادا کیا جاتا تھا، جن میں آم کو ایک اونچے چبوترے پر رکھاجاتا جس کے آگے تمام فیکٹری کارکنان ادب سے جھکتے تھے۔
چین میں اشیائے خور و نوش کو ایک علامت کے طور پر استعمال کرنے کی ایک طویل تاریخ ہے۔ اسی لیے ماؤ کی طرف سے ملنے والے اس پھل کے تحفے کو بھی خوش بختی کی علامت سمجھا گیا۔کارکنوں کا خیال تھا کہ ماؤ کایہ تحفہ ان کی اس بے غرض طبیعت کی علامت ہے جس کے تحت انھوں نے اپنی ذاتی خواہشات کو ان کی بھلائی کے لیے قربان کر دیا تھا۔
ان میں سے شاید ہی کسی کویہ معلوم ہو کہ وہ پھل ماؤ کو پسند ہی نہیں تھا۔ اور نہ ہی انھیں اس بات سے غرض تھی کہ ماؤ کو وہ آم پہلے ہی کوئی تحفے میں دے چکا تھا۔چین میں ایک روایت ہے جس میں آپ اپنے تحفے کو آگے منتقل کر دیتے ہیں۔ اسے معیوب نہیں سمجھا جاتا بلکہ اس سے تحفہ دینے والے اور لینے والے دونوں کی پذیرائی ہوتی ہے۔
کمیونسٹ پارٹی کے پروپیگنڈا ڈیپارٹمنٹ کے لیے بھی یہ آم ایک تحفہ ثابت ہوئے اور جلد ہی اسے گھریلو استعمال کی اشیا جیسے بستر کی چادروں، برتنوں، اور واش بیسن وغیرہ پر بھی ڈیزائن کیا جانے لگا۔ اس کے علاوہ آم کی خوشبو والے صابن اور آم کے ذائقے والے سگریٹ بھی متعارف کروائے گئے۔
اکتوبر 1968 میں بیجنگ میں قومی دن کی پریڈ میں بھی آم جا بجا نظر آئے۔گوئزو صوبے میں کہیں دور ہزاروں مزدوروں میں محض اس بات پر مسلح لڑائی ہوگئی کہ آم کی بلیک اینڈ وہائٹ فوٹو کاپی کسے ملے گی۔ لیکن ہر کوئی اس پھل کے بارے میں اتنا پرجوش نہیں تھا۔مصور شانگ ہونگتو بتاتے ہیں کہ ’جب آم کی کہانی اخبار میں چھپی تو مجھے یہ بہت عجیب، بیوقوفانہ اور مضحکہ خیز لگی۔ میں نے کبھی آم نہیں دیکھا تھا لیکن میں جانتا تھا کہ یہ ایک پھل ہے اور ہر پھل کچھ عرصے بعد سڑ جاتا ہے۔‘
جن لوگوں نے اس پھل کے مقدس ہونے پر اپنے تحفطات کا اظہار کیا ان کو سخت سزائیں بھی دی گئیں۔ ایک گاؤں میں ایک دندان ساز کو آم کو شکرقندی سے تشبیہ دینے پر سر عام پھانسی دے دی گئی۔
آخر 18 ماہ بعد آم کا یہ جنون ماند پڑ گیا اور پھر یہ وقت بھی آگیا کہ بجلی غائب ہونے کے دوران ان آموں کو موم بتیوں کے طور پر استعمال کیا جانے لگا۔
اگلے سال ماؤ زے تنگ بیمار پڑ گئے اور کسی جانشین کے نہ ہونے کی صورت میں ان کی اہلیہ نے اپنی ساکھ برقرار رکھنے کے لیے ’سانگ آف مینگو‘ کے نام سے ایک فلم بنائی لیکن کچھ ہی ہفتوں بعد انھیں گرفتار کر لیا گیا اور فلم کی تشہیر روک دی گئی۔ شاید چین کی تاریخ میں یہ آم کا آخری باب تھا۔
آم آج کل چین میں باقی تمام پھلوں کی طرح فروخت ہوتے ہیں، اور بیجنگ کی رہائشی وانگ شیاؤپنگ جب چاہتی ہیں ’سنہری آموں‘ کا شربت خرید کر پی لیتی ہیں۔وہ کہتی ہیں کہ ’آم کا راز کھل گیا ہے۔ اب یہ پہلی کی طرح مقدس نہیں رہا۔ نوجوانوں کو شاید تاریخ معلوم نہ ہو لیکن وہ لوگ جو جنون کے اس دور سے گزرے ہیں، ان کے دل میں اس پھل کو دیکھتے ہی ایک خاص قسم کے جذبات پیدا ہوتے ہیں۔‘
اور اب ماؤ بھی ان آموں کی طرح شیشے کے ایک گھر میں اپنے مومی مجسمے کے ساتھ محفوظ ہیں۔(بی بی سی ۲ا فروری ۶ا۲۰)
/خ/خ/