ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

2019


تعارف

ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی بھارت کے ایک معروف مصنف اور محقق ہیں۔ ان کی پیدائش 27، مئی1964ء میں صوبہ اتر پردیش کے ضلع بہرائچ کے موضع راجا پور، بلبل نواز میں ہوئی تھی۔ آپ کے والد کا نام محمد شفیع خاں تھا۔

ابتدائی حالات

محمد رضی الاسلام ندوی کی ابتدائی تعلیم آبائی وطن ضلع بہرائچ، اتر پردیش میں ہوئی اور ثانوی تعلیم مرکزی درس گاہ رام پور سے حاصل کی۔ اعلیٰ تعلیم کے لیے انھوں نے 1975ء میں بر صغیر کی عظیم دانش گاہ دار العلوم ندوۃ العلماء، لکھنؤ کا رخ کیا اور وہاں سے 1981ء میں عالمیت اور 1983ء میں فضیلت کی اسناد حاصل کیں۔1989ء میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اجمل خاں طبیہ کالج سے بی۔ یو۔ ایم۔ ایس اور 1993ء میں ایم۔ ڈی کی ڈگریاں حاصل کیں۔

ادبی سفر

رضی الاسلام ندوی ربع صدی سے لکھ رہے ہیں۔ قومی و بین الاقوامی سمیناروں اور مذاکروں میں شرکت کرتے ہیں اور بیرونِ ہند کے رسائل و جرائد میں ان کے علمی و تحقیقی مضامین اور عربی مضامین کے معیاری ترجمے شائع ہوتے ہیں۔ موصوف کی اب تک کئی کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں، جن میں تالیفات کے علاوہ ترتیبات اور تراجم بھی شامل ہیں۔

رضی الاسلام ندوی بھارت کے ایک تحقیقی ادارے ادارۂ تحقیق و تصنیف اسلامی علی گڑھ سے ایک طویل مدت (1994ء تا 2011ء) تک وابستہ رہے۔ اور اس وقت جماعت اسلامی ہند کے شعبۂ تصنیفی اکیڈمی کے سکریٹری اور ہندوستان کے معروف علمی و تحقیقی سہ ماہی مجلہ تحقیقات اسلامی کے مدیر معاون ہیں۔