نعت رسول کریمﷺ

مصنف : راجیو نادان

سلسلہ : نعت

شمارہ : جنوری 2013

ہْوا ہے اِفشا یہ راز مْجھ پر ، سبب ہے کیا دِل کی بے کلی کا
نہ جانے کِس دِن مِلے گا ، موقع جوارِ رحمت میں حاضری کا

 

اْنہیِں کی نِسبت سے ہو رہا ہے یہ در بھی وا عِلم و آگہی کا
حیات جِن کی ہے درسِ اْلفت ، سبق ہے ایِثار و بندگی کا

 

غرور ہے جِس کو مال و زر پر ، وہ جِس کو ہے زعم خْسروی کا
کبھی تو اْن کی گلی میں جائے ، مزہ تو چکھّے گداگری کا

 

رموزِ حق کے وہی ہیں محرم ، پیامِ حق ہیں وہی مْجسّم
وہی مْکرّم ، وہی مْعظّم ، ہے اْن پہ ایِماں ہر اْمّتی کا

 

کمالِ خلّاق ذات اْن کی ، رضائے رزّاق بات اْن کی
ہر اِک جِہت سے حیات اْن کی نِصابِ کامِل ہے مْتّقی کا

 

صبا سے کوئی تو آج کہہ دے ، نویدِ شہرِ جمیِل لا دے
وگرنہ گْلزارِ دِل میں اب تو ہر ایک گْل کا ہے رنگ پھیِکا

 

کلامِ تفریقِ حقّ و باطِل ، کیا جہاں نے اْنہیِں سے حاصِل
ہیں جب وہی رہنْما منزِل تو پھر کِسے خوف گْمرہی کا؟

 

حْضورِ والا کی شانِ اقدس کا تذکرہ گر نہیں تو ‘ناداں’
نہ گْفتگو کا ہے کوئی مطلب ، نہ کوئی مقصد ہے شاعری کا

٭راجیو نادان٭

 اس شاندار نعت کے خالق ہندو ہیں ۔ چھبیس سال سے امریکہ میں مقیم ہیں جہاں انہیں ہر روز اردو بولنے کا موقع نہیں ملتا ۔ان کی مادری زبان تیلگو ہے اور آج تک یہ گھر میں صرف تیلگو بولتے ہیں ۔ان کی معاشی زبان انگریزی ہے جب کہ ان کی اختیاری زبان اردو ہے جو وہ گزشتہ بیس سال سے انتہائی دلجمعی بلکہ جنون سے سیکھ رہے ہیں۔ ان کا تخلص ناداں ہے امید ہے قارئین نہ صرف نعت سے بلکہ انکی اردو دوستی سے بھی متاثر ہوں گے۔