حمد باری تعالیٰ

مصنف : سید عمر دراز شاہ مشہدی

سلسلہ : حمد

شمارہ : اگست 2014

ہر اک آغاز سے پہلے لکھوں اسم علم تیرا
سہارا چاہتا ہے اے خدا میرا قلم تیرا

 

تو اپنی ذات میں واحد ہر اک ذرہ ترا شاہد
عیاں ہے وسعت آفاق میں نور اتم تیرا

 

نہیں ہے ابتدا تیری نہ کوئی انتہا تیری
تری ہر شان یکتا ہے نمایاں ہے کرم تیرا

 

مری اوقات کیا ہے میں کروں حمد و ثنا تیری
مجھے توفیق دے تو وصف ہو کوئی رقم تیرا

 

میں کیسے شکر کر سکتا ہوں تیری مہربانی کا
لئے رہتا ہے گھیرے میں مجھے فضل و کرم تیرا

 

طلاطم خیز موجیں لے گئیں مجھ کو سرِ ساحل
سفینے پر جو دیکھا نام نامی مرتسم تیرا

 

ہیں جتنے حادثات زندگی دم توڑ دیتے ہیں
مجھے سینے لگاتا ہے جہاں لطف و کرم تیرا

 

مصائب ہٹتے جاتے ؒؒہیں مجھے تسکین ہوتی ہے
کیا کرتا ہوں ذکر و فکر جب میں دم بدم تیرا

 

توئی سلطانِ عادل ہے تری ساری خدائی ہے
مکاں و لامکان تیرے یہ موجود و عدم تیرا

 

تمنا کر رہا ہے مصطفی کے نور کا صدقہ
خدایا دیکھ لے اب مشہدی جاکر حرم تیرا