نعت رسول کریمﷺ

مصنف : احسان حسن ساحر

سلسلہ : نعت

شمارہ : جولائی 2014

ہے روشنی ہی روشنی سیرت حضور ﷺ کی
قرآن کی سب آیتیں مدحت حضور ﷺ کی

 

دنیا میں کون اس سے بڑا خوش نصیب ہے 
حصے میں جس کے آ گئی الفت حضور ﷺ کی

 

سب انبیا کی امتیں ہیں معتبر مگر
سب امتوں سے بہتر امت حضور ﷺ کی

 

دنیا میں یوں تو اور بھی اعزاز ہیں بڑے
سب سے بڑا اعزاز ہے نسبت حضور ﷺ کی

 

ہر اک کو گماں کہ محبوب تر ہوں میں
بے مثل و بے مثال ہے شفقت حضور ﷺ کی

 

گھیرا غموں کی دھوپ نے تو معجزہ ہوا
اک ابر بن کے چھا گئی رحمت حضور ﷺ کی

 

میں کیسے مان لوں کہ وہ ایمان دار ہے 
رکھتا نہیں جو دل میں عقیدت حضور ﷺ کی

 

ساحر کو بھیک دیجیے لکھی ہے جس نے نعت
مشہور ہے جہاں میں سخاوت حضور ﷺ کی