امریکی تاریخ کی عجیب خود کشی

مصنف : نیرہ نور

سلسلہ : عجیب وغریب

شمارہ : اکتوبر 2019

رونالڈ أوبوس نام کے ایک شخص نے خودکشی کرنی چاہی تو اس نے اس کے لیے سب سے آسان طریقہ استعمال کیا اور وہ یہ کہ اس عمارت سے چھلانگ لگا دے جس میں وہ رہتا تھا۔ اس نے عمارت کی دسویں منزل سے چھلانگ لگا دی اور اپنوں کے لیے ایک خط چھوڑا جس میں اس نے خودکشی کی وجہ یہ بتائی کہ وہ زندگی سے مایوس ہو گیا تھا۔
لیکن 23 مارچ 1994 کو جب اس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آئی تو موت کی وجہ یہ پتہ چلی کہ رونالڈ کی موت چھت پر گرنے سے نہیں بلکہ سر پر گولی لگنے سے ہوئی ہے۔
جب تحقیق ہوئی تو پتہ چلا کہ رونالڈ کو گولی اسی عمارت سے لگی ہے جس میں وہ رہتا تھا اور وہ گولی نویں منزل سے چلائی گئی تھی اور اس نویں منزل میں دو بوڑھے میاں بیوی کئی سالوں سے رہ رہے تھے۔
ہمسایوں سے معلوم ہوا کہ دونوں میاں بیوی آپس میں ہر وقت لڑتے جھگڑتے تھے اور عجیب بات یہ تھی کہ جب رونالڈ نے چھت پر سے اپنے آپ کو پھینکا عین اسی وقت بوڑھا شوہر پستول تھامے اپنی بیوی کو جان سے مارنے کی دھمکی دے رہا تھا۔
شدید غصے و ہیجان کی حالت میں شوہر نے غیر ارادی طور پر اپنی بیوی پر گولی چلائی لیکن چونکہ بیوی نشانے سے دور تھی اس لئے گولی اس وقت کھڑکی سے نکلی عین اس وقت جب رونالڈ نے خودکشی کے لیے چھلانگ لگائی جس سے وہ گولی اس کے سر میں لگی، جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہو گئی۔
الت میں بوڑھے شوہر پر غیر ارادی طور پر قتل کا مقدمہ چلا لیکن وہ اس بات پر اصرار کرتا رہا کہ وہ میاں بیوی ہر وقت لڑتے رہتے ہیں اور وہ ہر وقت اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتا ہے لیکن پستول ہر وقت فارغ ہی رہتا ہے اس میں گولیاں نہیں ہوتیں۔
مزید تحقیقات کرنے پر ایک عجیب بات یہ معلوم ہوئی کہ بوڑھے جوڑے کے رشتہ داروں میں سے کسی نے ایک ہفتہ قبل ان میاں بیوی کے بیٹے کو پستول میں گولیاں ڈالتے دیکھا تھا۔ وجہ اس کی یہ تھی کہ ماں نے بیٹے کو مالی امداد دینے سے منع کر دیا تھا۔ تو بیٹے نے بوڑھے ماں باپ سے جان چھڑانے کی سوجھی۔ وہ جانتا تھا کہ اس کے والدین ہر وقت لڑتے رہتے ہیں اور لڑتے ہوئے وہ خالی پستول ماں پر تان لیتا ہے اس لئے اس نے پستول میں گولی لوڈ کی تاکہ وہ ایک تیر سے دو شکار کرے۔
لیکن گولی اس کی ماں کو نہ لگی اور وہ رونالڈ کے سر میں اس وقت لگی جب وہ خودکشی کر رہا تھا۔ اور اس طرح قتل کی تہمت کا مقدمہ باپ سے ہٹ کر بیٹے پر جا لگا۔
اس سارے واقعے میں سب سے عجیب بات یہ ہے کہ رونالڈ بذات خود ان دونوں بوڑھے میاں بیوی کا بیٹا تھا اور اس نے ہی اس پستول میں گولی ڈالی تھی تاکہ وہ اپنے ماں باپ سے خلاصی پا سکے۔
لیکن مالی حالات خراب ہونے اور باپ کا اس کی ماں کو مارنے میں تاخیر کرنے کی وجہ سے اس نے خود کشی کا فیصلہ کیا اور اوپری منزل سے چھلانگ لگاتے ہوئے وہی گولی اس کو لگی جو اس نے خود پستول میں ڈالی تھی اس طرح وہ بذات خود قاتل بھی ہوا اور مقتول بھی۔