نعت رسول کریم ﷺ

مصنف : نازش قادری

سلسلہ : نعت

شمارہ : اگست 2022

زائرِ کوئے جناں آہستہ چل
دیکھ آیا ہے کہاں آہستہ چل
جیسے جی چاہے جہاں میں گھوم پھر
یہ مدینہ ہے یہاں آہستہ چل
نقشِ پائے سرورِ کونین کی
ہر طرف ہے کہکشاں آہستہ چل
حاضری میں ہیں ملک ستر ہزار
قُدسیوں کے درمیان آہستہ چل
بارگاہِ ناز میں آہستہ بول
ہو نہ سب کچھ رائیگاں آہستہ چل
در پہ آیا ہوں بڑی مُدت کے بعد
اے میری عمرِ رواں آہستہ چل
جالیوں کے سامنے جلدی نہ کر
وہ ہیں نازش مہرباں آہستہ چل