نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

مصنف : رضی الدین رضی

سلسلہ : نعت

شمارہ : مئی 2022

سوال ، لمحہ وہ کون سا تھا کہ جب یہ دونوں جہان مہکے
جواب ، میرے نبی جو آئے تو سارے کون و مکان مہکے
سوال ، ظلمت کدے میں کیسے کرن بھلا روشنی کی آئی
جواب ، صحرا میں جیسے بارش خبر لئے زندگی کی آئی
سوال ، کیسے بچو گے ان سے جو ایک دوجے کو مارتے ہیں
جواب ، شر سے اگر ہو بچنا تو ہم محمد پکارتے ہیں
سوال ، عشق نبی میں تم نے کبھی بھی گریہ نہیں کیا ہے
جواب ، روئے تو ہم بہت ہیں مگر دکھاوا نہیں کیا ہے
سوال ، بتلاؤ تو رضی خواب میں کبھی ان سے بات کی ہے
جواب ، میں نے تو نعت ساری مکالمے میں کہی ہوئی ہے